لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں جہاں تین ہفتوں کے دوران 6 ہزار 18 مقدمات کے فیصلے کئے گئے ۔7 سے 25 ستمبر کے دوران ملتان بنچ میں زیرالتوا ء مقدمات کی تعداد 31 ہزار 666 سے کم ہو کر 29 ہزار 41 رہ گئی ہے ، 19 روز میں زیر التوا ء مقدمات میں 2 ہزار 625 کی کمی ہوئی۔ملتان بنچ میں فوجداری مقدمات سمیت اہم نوعیت کے کیسز کے فیصلے کیے گئے جبکہ ٹیکس، کمرشل اور بینکنگ سے متعلق مقدمات بھی نمٹائے گئے۔ سول نظر ثانی کے مقدمات بھی بڑی تعداد میں نمٹائے گئے۔لاہور ہائیکورٹ کے 10 سینئر ججز کی ملتان بنچ میں تعیناتی کی حکمت عملی کے تحت مقدمات کی سماعت میں تیزی آئی اور تین ہفتوں کے دوران زیر التوا ء مقدمات میں تقریباً 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ملتان بنچ میں مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز میں جسٹس چودھری محمد اقبال، جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس غلام سرور نہنگ، جسٹس جواد حسن، جسٹس محمد وحید خان، جسٹس محمد طارق ندیم، جسٹس عابد حسین چٹھہ، جسٹس سلطان تنویر احمد اور جسٹس ملک محمد اویس خالد شامل ہیں۔
