صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک کیے گئے آئل ٹینکر Honour 25 کے عملے کو بحری قزاقوں سے بازیاب کرانے کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران تین پاکستانی ملاح جاں بحق ہوگئے۔ مجموعی طور پر پانچ عملے کے ارکان ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔ یہ تفصیلات زندہ بچ جانے والے پاکستانی ملاحوں اور انصار برنی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق صومالی حکام اور شمال مشرقی صومالیہ کے نیم خودمختار علاقے پنٹ لینڈ کی سکیورٹی فورسز نے منگل کو مغوی عملے کو آزاد کرانے کے لیے مشترکہ کارروائی شروع کی۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور قزاقوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ قزاقوں پر دباؤ بڑھنے کے بعد انہوں نے جہاز سے فرار ہوتے ہوئے مغوی عملے پر مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

