پٹنہ(این این آئی)بھارت میں انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین جسٹس وی راماسبرامنیم نے کہا ہے کہ بھارت میں حقِ رائے دہی کو انسانی حق تسلیم نہیں کیا جاتا، حالانکہ اقوام متحدہ کے عالمی اعلامیہ برائے انسانی حقوق اور شہری و سیاسی حقوق سے متعلق بین الاقوامی کنونشن میں اسے تسلیم کیا گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جسٹس وی راماسبرامنیم نے پٹنہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے 1954سے حقِ رائے دہی کو قانونی حق قرار دے رکھا ہے، تاہم اس معاملے پر اب بھی ملک میں بحث جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے عالمی اعلامیہ برائے انسانی حقوق کے تحت ملک کے نظم و نسق میں حصہ لینے کے حق کو انسانی حق تسلیم کیا گیا ہے اور اس میں شرکت کا ایک اہم ذریعہ ووٹ ڈالنے کا حق ہے۔
