گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔ صوبے کے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ دہشت گردی اور بدامنی کا ساتھ نہیں دیں گے بلکہ سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خلاف کھڑے ہوں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن مستقبل چاہتے ہیں اور دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگا فساد سے مکمل اجتناب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

