پشاور/اسلام آ باد(اے پی پی’نامہ نگار خصوصی)خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شہریوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے ‘یومِ نجات’ قرار دیا ہے اور خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی ہیں۔رپورٹ کے مطابق پشاور، مردان، صوابی، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں سمیت صوبے کے تمام بڑے شہروں میں معمولاتِ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر جاری ہیں، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی معمول کے مطابق برقرار ہے۔ شہریوں نے افواہوں اور پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے اپنے روزمرہ کام کاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔چترال اور دیگر علاقوں کے شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے پر طویل عرصے سے نااہل اور بدعنوان قیادت قابض تھی، جس نے عوامی ترقیاتی فنڈز کو صوبے کی بہتری کے بجائے دھرنوں اور انتشار پر خرچ کیا، جس کی وجہ سے صوبہ پسماندگی کا شکار ہوا۔ شہریوں نے ایمرجنسی کے نفاذ پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے سڑکوں اور بازاروں میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور کہا کہ آج کا دن صوبے کو بدانتظامی اور انتشار کی سیاست سے نجات ملنے کا دن ہے۔
