لاہور (خبر نگار)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی قیادت نے پشاور کے دیر کالونی سکول حادثے میں 34 معصوم بچوں کی شہادت پر گہردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور زخمی طلبہ و طالبات کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کے علاج معالجے اور متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد کو یقینی بنایا جائے۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے سکول عمارتوں میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے فوری چیکنگ کرانے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے 34بچوں کی ہلاکت کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت مخدوش سکول عمارتوں کی فوری نشاندہی کرکے انہیں سیل کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زخمیوں کے علاج پر فوری توجہ دے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے۔
