اسلام آباد(خبریں ڈیجیٹل) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے بلدیاتی قانون کے تحت کروانے کا حکم دے دیا، کمیشن کے حکم کے بعد انتخابی شیڈول بھی جاری کر دیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ سیکرٹری داخلہ اور الیکشن کمیشن حکام پیش ہوئے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کمیشن کا مختصر حکم نامہ بھی پڑھ کر سنایا جس میں اسلام آباد میں 2015 کے قانون کے مطابق انتخابات کروانے کا حکم دیا گیا۔اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال ملک نے بریفنگ دی کہ اسلام آباد میں چھ مرتبہ حلقہ بندیاں کی جا چکی ہیں، چار مرتبہ انتخابی شیڈول بھی جاری کیا گیا، آخری انتخابی پروگرام نو اکتوبر 2026 کو جاری کیا گیا تھا جس کے تحت فروری 2026 میں پولنگ ہونا تھی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ حکومت کے جاری کردہ صدارتی حکم کی مدت 6 ستمبر کو ختم ہوگئی، 14 اکتوبر کو حتمی حلقہ بندیاں شائع کر دی گئیں، وزارت داخلہ کو صدارتی حکم کی مدت ختم ہونے سے متعلق دو مرتبہ یاددہانی کے خطوط بھجوائے۔ اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اسلام آباد بلدیاتی حکومت کے قواعد اب تک فراہم نہیں کیے گئے، وزارت قانون نے قواعد کی منظوری دینے سے بھی انکار کر دیا، وفاقی حکومت نے تاحال نیا بلدیاتی قانون نہیں بنایا، لہذا 2015 کا بلدیاتی قانون موجود ہے اسی کے تحت انتخابات کی اجازت دی جائے۔

