راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان نے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی جانب سے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کے آڈٹ کے لیے تشکیل دی گئی ٹیموں میں شامل تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے بعض نمائندوں کی جانب سے مبینہ طور پر اسکول مالکان کو عمارات کمرشل کروانے کے نوٹسز جاری کرنے کے عمل کی شدید مذمت کی ہے۔ابرار احمد خان نے کہا کہ 15 اکتوبر 2026 کے نوٹیفکیشن کے تحت تشکیل دی گئی ٹیموں کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات اور عمارات کے سٹرکچر کا جائزہ لینا تھا، نہ کہ اس عمل کی آڑ میں اسکول مالکان کو کمرشلائزیشن کے نوٹسز جاری کرنا۔ اگر متعلقہ اہلکار حفاظتی آڈٹ کے بجائے اپنے دائر کار سے ہٹ کر کارروائیاں کر رہے ہیں تو یہ معاملہ فوری انتظامی توجہ کا متقاضی ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز راولپنڈی سے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، متعلقہ ٹیموں کو ان کے مقررہ دائر کار تک محدود رکھا جائے اور اس امر کی وضاحت کی جائے کہ حفاظتی آڈٹ کے دوران کمرشلائزیشن کے نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کس اتھارٹی نے دی ہے۔ابرار احمد خان نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے طلبہ و طالبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ سے تعاون کرنے کو تیار ہیں، تاہم حفاظتی معائنے کو کمرشلائزیشن کی کارروائیوں سے منسلک کرنا تعلیمی اداروں کے لیے غیر ضروری انتظامی مشکلات اور تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔
