راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر نالہ لئی پر تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن شروع کردیا گیا اس مقصد کے لئے نالہ لئی کے کناروں سے پختہ و غیر پختہ تجاوزات، تعمیراتی میٹریل کے ٹھئیے اور گڈز (مال بردار) ٹرانسپورٹ اڈے ختم کئے جا رہے ہیں نالہ لئی کے کناروں پر قائم ہر طرح کی تجاوزات کے خلاف
سخت کاروائی شروع کردی گئی ہے ضلعی انتظامیہ نے میونسپل کارپوریشن کے ذریعے تھانہ گنجمنڈی کے عقب میں قائم گڈز ٹرانسپورٹ اڈا ختم کردیا اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ نالہ لئی کے کناروں پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈے کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ نالہ لئی کے اطراف تعمیراتی میٹریل کے ٹھئیوں سمیت ہر طرح کی تجاوزات کا خاتمہ کر کے قبضے واگزار کرائے جائیں گے جبکہ نالہ لئی میں تعمیراتی ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے گی اور متعلقہ بلڈنگ مالک کو بھی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی میں ملبہ اور تعمیراتی میٹریل پھینکنے سے نہ صرف نالے کی گہرائی کم ہو رہی ہے بلکہ نالہ لئی میں ڈمپنگ سے نکاسی آب کا نظام متاثر اور ماحولیاتی آلودگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔ تاہم صوبائی حکومت کی ہدایات پر نالہ لئی میں غیر قانونی ڈمپنگ کرنے والوں کے خلاف موقع پر گرفتاری اور ایف آئی آر درج کی جائے گی اور نالہ لئی کے کناروں کو تجاوزات اور غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک کر کے کناروں پر حفاظتی باڑ لگانے اور کناروں پر خصوصی شجرکاری مہم کے تحت 7 فٹ لمبے درخت لگائے جائیں گے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات و قبضہ مافیا کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر نالہ لئی کے اطراف کی جگہیں خالی کردیں۔
