سرے(نیوز ایجنسیاں)کینیڈا میں سکھ فار جسٹس کے کارکنوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتی ہائی کمشنر دنیش پٹنائک کے پتلے نذرِ آتش کیے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سکھ کارکنوں نے یہ احتجاج 25اکتوبر کو برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں کیا۔ مظاہرین نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل اور خالصتان ریفرنڈم کے منتظمین کو ملنے والی دھمکیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ایس ایف جے کے مطابق، منجندر سنگھ اور نریندر سنگھ رندھاوا نے مظاہرے میں شرکت کی۔ رائل کینیڈین مائونٹڈ پولیس نے دونوں کی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر سکیورٹی وارننگز جاری کی تھیں۔تنظیم نے اس موقع پر خالصتان ریفرنڈم کے منتظم اندرجیت سنگھ گوسل کو مبینہ طور پر قتل کرنے کی سازشوں کا معاملہ بھی اٹھایااورکینیڈا میں بھارتی مداخلت، نگرانی اور سرحد پار جبر پر تشویش ظاہر کی۔ہردیپ سنگھ نجر کو 18جون 2023 کو سرے میں ایک سکھ گردوارے کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ کینیڈین حکام نے سکھ کارکنوں کے خلاف تشدد میں بھارتی سرکاری ایجنٹوں کے مبینہ روابط کاانکشاف کیاہے۔ یہ احتجاج خالصتان تحریک اور بھارت کینیڈا تعلقات میں جاری کشیدگی کے دوران کیاگیا ہے۔
سکھ احتجاج

