لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں
کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے، غذائی تحفظ یقینی بنانے اور عوام کو معیاری و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑھتا ہوا درجہ حرارت، پانی کی قلت اور زرعی پیداوار پر پڑنے والے اثرات غذائی تحفظ کے لیے بڑے چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے جدید اور ماحول دوست زرعی طریقوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سلمیٰ بٹ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پانی کے مؤثر استعمال، ماحول دوست زرعی طریقوں اور پائیدار زرعی پالیسیوں کو فروغ دینا ہوگا۔ بدلتے ہوئے موسمی حالات میں فصلوں کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمتِ عملی اپنانا ضروری ہے تاکہ زرعی پیداوار برقرار رکھنے کے ساتھ غذائی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکے۔

