رائے ونڈ( نیوز ایجنسیاں)رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتما ع کے دوسرے مرحلے کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد اسماعیل گودرہ،مولانا عمرفاروق، مولانا ربیع الحق مولانا محمد ابراہیم دیولہ ودیگر نے کہا کہ دنیا میں آنے کی ترتیب ہے جانے کی ترتیب نہیں ہے ،جوان اولاد کو بوڑھے والدین کندھا دیتے نظر آتے ہیں ،وقت کو قیمتی جانیں،مساجد کو آباد کریں ،اعمال کریں ،مسلمان کی قدر کریں ،اپنے اعلی اخلاق کے ذریعے دین کو اپنائیں،اچھے اخلاق والا روز محشر نبی مکرم کیساتھ ہوگا ،اپنے اخلاق،معاملات اور اعمال کی بہتری کے لئے دینی ماحول کو اپنائیں ،مساجد میں وقت دیں ،اولادوں کو دین سکھائیں ،نماز کی پابندی کو معمول بنالیں ،اپنے ناراض رب کو منانے کیلئے رات کی تنہائیوں میں اٹھیں ،تہجد کا اہتمام کریں ،دنیا وآخرت کی کامیابیاں مقدر ہوں گی۔علماء کرام نے کہا کہ آج پوری دنیا میں جو افراتفری پھیلی ہوئی ہے،آفات،مصائب کے جو پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں اسکا سبب صرف اور صرف دین محمدی سے دوری ہے،انسان اپنی کامیابی مال میں سمجھ رہا ہے مال کمانے کے لئے کسی چیز کو خاطر میں لانے کو تیار نہیں ہے حرام،حلال کی تمیز کئے بغیر مال بنا رہا ہے قرآن حکیم میں اللہ رب العزت نے زمانے کی قسم اٹھا کر کہا ہے کہ انسان گھاٹے میں ہے ،صرف وہی انسان فلاح و نجات کا حقدار ہوگا جو اللہ کی خوشنودی اور آقائے کائنات کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو گا،دنیا کی کامیابی کو مال میں سمجھنے والے بے وقوف ہیں اصل کامیابی اعمال میں ہے،نیک،صالح اعمال کی بدولت اللہ کو رضا کیا جاسکتا ہے دین کے کام کو کرنے والے اللہ کے پسندیدہ بندے ہوتے ہیں ،رات کی تاریکیوں میں اٹھ کر رب کو منانا اور دن کی روشنی میں اسکی مخلوق کی خدمت کرنے سے کامیابی کے راستے کھلیں گے ،آج وقت گزر رہا ہے اس نے گزرنا ہی ہے کیوں نا اس وقت کو قیمتی بنالیا جائے،وقت کو قیمتی بنانے کے لئے نیک صالح اعمال کرنا ہوں گے ، اپنے دلوں میں رب کا خوف اور مخلوق کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا تو کامیابی قدم چومے گی۔ علماء کرائم نے کہا کہ نیکی کی دعوت دینا اور برائی سے روکنا یہی امر بالمعروف ونہی عن المنکر ہے ،معاشرے کی اصلاح کے لئے سب سے پہلے اپنی اصلاح ضروری ہے،آج کا مسلمان ذلیل ورسوا ہورہا ہے ،پریشانی اور آفات میں گھرے ہوئے مسلمان نے اپنے رب سے ناطہ توڑ لیا ہے،رب کی بجائے سبب پر یقین کرکے اپنی دنیا و آخرت تباہ کررہا ہے،حقیقی خالق کو منا لیں،احوال کی درستگی خود بخود ہو جائے گی،اخلاق،معاملات،معاشرت سب کو اسلامی بنانے کی ضرورت ہے،اغیار کی نقالی کو چھوڑ کر آقائے کائنات ۖکی اطاعت کو اپنا لینے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابیاں ہیں،آج اگر ہر مسلمان کا عقیدہ درست ہوجائے تو اللہ کی رحمتوں کا نزول شروع ہو جائے گا،اللہ سے سب کچھ ہونے کا یقین اور مخلوق سے کچھ نہ ہونے کا یقین اس پر محنت کرنے کی ضرورت ہے،ناراض رب کو منانے کے لئے اسکے ساتھ تعلق کو مضبوط بنانے کیلئے نماز کو لازمی پکڑ لو،دکھ تکلیف،ہرحاجت کیلئے اپنے رب کو پکاریں اسی سے مدد مانگیں وہ سنتا ہے وہی سننے والا ہے وہی مشکل کشا،حاجت روا ہے اسکے علاوہ کوئی دینے والا نہیں ہے۔علماء اکرام نے مزید کہا کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے یہاں جو کچھ بوئیں گے وہی آگے جاکر کاٹیں گے ،اپنی اولاد،مال کو دین کے لئے وقف کریں ،اپنے گھروں میں اسلام نافذ کریں اپنے دلوں کو قرآن حکیم کی تلاوت سے روشن کریں،دنیا کی تکلیفوں اور مصیبتوں سے نجات مل جائے گی۔عالمی تبلیغی اجتما ع کے دوسرے مرحلے کے شرکاء کی تعداد 3لاکھ سے تجاوز کرگئی،کراچی سے آنے والی ٹرینوں میں مندوبین کی آمد کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی جاری رہا،اسموگ کی وجہ سے ماسک کی فروخت میں اضافہ، چھٹی کے باعث جمعہ کے روز مقامی افراد نے اجتماع میں شرکت کی،ٹرانسپورٹر ز پنڈال کا من مرضی کا کرایہ وصول کرتے رہے،ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پیٹر انجن سے تیار سواری لکڑ بگا سرعام سواریاں بٹھاتی رہی،ریلوئے پولیس کی جانب سے ریلوئے اسٹیشن پر سیکورٹی کے سخت انتظامات،،نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے شہر اور گردونواح سے ہزاروں افراد نے پیدل شرکت کی ۔
علماء کرائم
