اسلام آباد (ملک منظور احمد) پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کی اختتامی تقریب کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قائم مقام امریکی سفیر نیٹالی بیکر سے خوشگوار ماحول میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاک امریکا تعلقات، سفارتی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر امریکی سفیر نیٹالی بیکر کی نشست پر گئے، جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نیٹالی بیکر کو پاکستان میں امریکہ کی مستقل سفیر نامزد کیے جانے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر دونوں اعلیٰ پاکستانی شخصیات اور امریکی سفیر کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔وزیراعظم شہباز شریف نے نیٹالی بیکر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے انہیں پاکستان میں مستقل سفیر نامزد کیے جانے پر پاکستان کو خوشی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیٹالی بیکر کی بطور مستقل امریکی سفیر تعیناتی سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید وسعت ملے گی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیٹالی بیکر اپنے سفارتی تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاک امریکا تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی نیٹالی بیکر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شاندار سفارتی خدمات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں امریکی صدر کی جانب سے انہیں مستقل سفیر نامزد کرنا خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے بھی اچھی خبر ہے اور امید ہے کہ ان کی نئی ذمہ داریوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹالی بیکر نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارکباد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران پاکستان اور امریکہ کے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔نیٹالی بیکر نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکہ مستقبل میں بھی باہمی تعاون کو آگے بڑھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد پاکستان میں معدنی وسائل کے وسیع امکانات کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے اجاگر کرنے اور اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کیا گیا۔ فورم کے اختتامی موقع پر وزیراعظم اور آرمی چیف کی امریکی سفیر سے یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط اور اقتصادی تعاون کے فروغ کی اہمیت کو بھی نمایاں کرتی ہے۔
فیلڈ مارشل / ملاقات
