راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)صوبائی محتسب پنجاب نے تھانہ سول لائن کے مشہور حنا جاوید قتل کیس میں مقتولہ کے ورثا کی درخواست پر سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 نومبر کو تمام ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے سی پی او کو یہ نوٹس پنجاب محتسب ایکٹ 1997 کی دفعہ 10(4) کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ مقتولہ حنا جاوید کے بھائی فہد جاوید نے صوبائی محتسب میں دائر درخواست میں تمام دستاویزی ثبوت، فرانزک رپورٹس اور متعلقہ دستاویزات کے حصول کی بھی استدعا کی گئی ہے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقتولہ حنا جاوید کو 20 اگست کو اس کے گھر واقع عسکری اپارٹمنٹس میں قتل کیا گیا جس کی ایف آئی آر میں مقتولہ کا شوہر ڈاکٹر فیصل اصغر امام، اس کا والد اصغر علی فیاض اور گھریلو ملازم ذیشان ارشد نامزد ملزم ہیں اس حوالے سے ہونے والی تمام تحقیقات، ڈی این اے تجزیہ، پوسٹمارٹم رپورٹ اور ان پر ہائی پاورڈ کمیٹی کی فائنڈنگ سے انہیں آگاہ نہیں کیا گیا حالانکہ فرانزک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈی این اے اور فنگر پرنٹس سمیت دیگر شواہد مقتولہ کے شوہر اور گھریلو ملازم سے میچ کررہے ہیں جس پر مقتولہ کے اہل خانہ نے مختلف پہلوں پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مقدمہ کا چالان جمع کرانے سے قبل شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات پر زور دیا ہے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انہیں مقتولہ، اس کے شوہر، سسر اور گھریلو ملازم کے ساتھ نمونوں کا تقابلی جائزہ سمیت ڈی این اے کی مکمل رپورٹ فراہم کی جائے۔ اسی طرح فنگر پرنٹس،متعلقہ لیبارٹری تجزئیے اور ٹریس شواہد سمیت مکمل فرانزک رپورٹ کے علاوہ کیمیائی تجزیاتی رپورٹ فراہم کی جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انہیں اپارٹمنٹ، بلڈنگ اور گردونواح کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز اور اس سے متعلقہ ڈیجیٹل شواہد بھی فراہم کئے جائیں۔ اسی طرح درخواست میں مکمل پوسٹمارٹم رپورٹ، میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ اور جائے وقوعہ سے اکٹھے کئے گئے شواہد کی فراہمی کے ساتھ مقتولہ کے فون کی کالوں کا مکمل ریکارڈ اور لیپ ٹاپ و موبائل فون کی فرانزک رپورٹ کی فراہمی کی بھی استدعا کی گئی ہے درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر کی نسٹ سمیت دیگر یونیورسٹیوں میں تدریس کے دوران سابقہ ریکارڈ، جنسی حراسمنٹ کے واقعات اور ان پر ہونے والی انکوائری رپورٹس سے بھی آگاہ کیا جائے جس پر محتسب پنجاب نے سی پی او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ سمیت طلب کیا ہے سی پی او راولپنڈی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ذمہ دار افسر کے ذریعے 23 نومبر کو صبح 10 بجے شکایت کا جواب اور مقدمہ کا ریکارڈ پیش کریں محتسب پنجاب کی جانب سے جاری نوٹس میں شکایت اور اس سے متعلق دستاویزات بھی منسلک کی گئی ہیں۔
