واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں)امریکا میں نائن الیون کے بعد فضائی آپریشن کو سب سے بڑا دھچکا لگا ہے ، مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث 13000سے زائد پروازیں معطلی کا شکار ہو گئیں، امریکا میں فضائی آمدورفت ساڑھے چار گھنٹے بند رہنے کے بعد پروازوں کی روانگی کا عمل بحال ہونا شروع ہو گیا جبکہ دنیا بھر میں 26 ہزار سے زائد پروازیں التوا کا شکار ہوئیں۔ صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ بظاہر یہ معاملہ سائبر حملے یا اے آئی سے متعلق نہیں لگتا، حکام کسی بھی ایسے واقعہ کی صورت میں سب سے پہلے سائبر حملے کے امکان کا جائزہ لیتے ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ خرابی ایف اے اے کے فرسودہ اور ناکارہ بنیادی ڈھانچے میں ہے، ایف اے اے کا کچھ سامان پچاس سال سے بھی زیادہ پرانا ہے۔امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) نے امریکا بھر میں گراؤنڈ سٹاپ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فضائی آپریشنز کی بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے۔امریکا میں ساڑھے چار گھنٹے فضائی آمدورفت بند رہنے سے 15 لاکھ سے زائد مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا، مسافر طیارے پارک کی جگہ بھی کم پڑ گئی۔ سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا مائیکروسافٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ سائبر حملے کا بھی کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، صورتحال درست سمت میں آگے بڑھتی دکھائی دے رہی ہے، گرانڈ اسٹاپ کے دوران تمام ٹیلی کام اور ریڈار سروسز معطل نہیں ہوئیں۔اس سے پہلے امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی ہے کہ احتیاطی تدبیر کے طور پر تمام پروازوں کو گرائونڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ملک میں فضائی آپریشنز کی معطلی کی بنیادی وجہ مواصلاتی نظام میں خرابی ہے۔امریکی حکام کے مطابق مواصلاتی نظام میں خرابی کے پیچھے سائبر حملے کا تاحال کوئی ثبوت نہیں ملا، امریکی وزیر داخلہ نے شہریوں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، نظام میں پیدا ہونے والی خرابی دور کرنے کیلئے کام جاری ہے۔امریکی حکام کے مطابق نائن الیون حملوں کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب ملک گیر سطح پر پروازوں کی روانگی روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جنوری 2023 میں بھی امریکا کی تمام داخلی پروازیں 2 گھنٹے سے کم وقت کیلئے معطل کی گئی تھیں۔دوسری جانب امریکی کانگریس نے گزشتہ سال مواصلاتی نظام کی بہتری کیلئے 12 ارب 50 کروڑ ڈالر کی رقم منظور کی تھی، امریکی وزیر ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کی ذمہ داری خود لے لی ہے۔نیو یارک کی گورنر کیتھی ہوکول نے امریکا میں فلائٹ آپریشن کے بحران پر وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ گورنر کیتھی ہوشل نے کہا کہ یا تو شان ڈفی کو خود مستعفی ہوجانا چاہیے یا پھر صدر ٹرمپ کو انہیں عہدے سے ہٹا دینا چاہیے، دریں اثناء امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں فضائی ٹریفک مکمل طور پر معمول پر آگئی ہے، پرانے نظام سے نئے ایئر ٹریفک کنٹرول نظام پر منتقلی کے دوران تکنیکی خرابی پیدا ہوئی تھی۔
فضائی نظام

