اسلام آباد،لاہور( نیوز ایجنسیاں)تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں نے وفاق کو 57ارب 46کروڑ
روپے کی گرانٹ دے دی۔وفاق اور صوبوں کے درمیان رضاکارانہ مالی منتقلی کے معاہدے پر عملدرآمد شروع ہو گیا، تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں نے وفاق کو گرانٹ دے دی،مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران صوبوں نے وفاقی حکومت کو 57ارب 46کروڑ روپے فراہم کیے،بجٹ سے پہلے طے پانے والے اس معاہدے پر آئندہ تین سال تک عملدرآمد متوقع ہے۔وفاقی حکومت کو صوبوں سے گرانٹ کی مدمیں 32ارب 54کروڑ روپے کا سب سے بڑا حصہ پنجاب سے ملا، خیبرپختونخوا ہ نے 12ارب 71کروڑ، سندھ نے 8ارب 50کروڑ اور بلوچستان نے 3ارب 70کروڑ روپے وفاق کے حوالے کیے۔وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق چاروں صوبے رواں مالی سال وفاق کو مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے دیںگے،پنجاب کا حصہ 555ارب روپے سے زائد، سندھ کا 263ارب، خیبرپختونخوا ہ کا 157ارب اور بلوچستان کا 58ارب روپے مقرر ہے، یہ رقوم آئین کے آرٹیکل 164کے تحت فراہم کی جارہی ہیں اور صوبوں کے این ایف سی شیئر سے منہا ہوں گی۔وفاق کیلئے گرانٹس کا بڑا ہدف قومی اسٹریٹجک ضروریات اور بڑے ترقیاتی منصوبے ہیں،دیامر بھاشا ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور کراچی کا کے فور واٹر سپلائی منصوبہ اسی مالیاتی پلان میں شامل ہے۔ذرائع کے مطابق ممکنہ علاقائی کشیدگی کی صورت میں بعض فنڈز دفاعی ضروریات پر بھی خرچ کیے جا سکتے ہیں جبکہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت وفاق اپنی مالی ضروریات بھی انہی رقوم سے پوری کرے گا۔
گرانٹ
