لاہور( خبر نگار)پاکستان پیپلزپارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر 30 نومبر کو یوم تاسیس کے سلسلے میں ضلعی سطح پر جلسے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں تمام ضلعی تنظیموں کو انتظامات کی ہدایات دے دی گئی ہیں، ان جلسوں سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے 30 نومبر کو شام چار بجے خطاب کریں گے، پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل ہمایوں خان نے ضلعی عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں یوم تاسیس کے جلسوں کا اہتمام کریں اور ان میں پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط پارٹی کی جدوجہد کو نمایاں جگہ دیں، ہمایوں خان نے اس سلسلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی تنظیم کے عہدیداران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویڈیو لنک خطاب کی براہ راست نشریات کو ممکن بنانے کے لئے ایس ایم ڈی اسکرین، سانڈ سسٹم اور مناسب رفتار والے انٹرنیٹ کا بھی انتظام کریں تاکہ پاکستان کے 173 اضلاع میں یوم تاسیس پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کو ملک بھر کے عوام سن سکیں، پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل ہمایوں خان نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں ہونے والے ان جلسوں کے ذریعے پاکستان پیپلزپارٹی کے قیام سے اب تک کے سیاسی سفر کو اجاگر کیا جائے گا۔
