اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190ملین پائو نڈ کیس میں بانی پی ٹی
آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سزائو ں کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت 7روز کے لئے ملتوی کردی، دورانِ سماعت چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں اور ہمارے لیے انتہائی قابلِ احترام ہیں، تاہم ان کے اپنے مسائل ہیں اور ان کا خط پوری پبلک میں چلا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بنچ نے 190 ملین پائونڈ کے مقدمے میں سزائوں کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کی، عدالت میں ملزمان کی جانب سے نامور قانونی ماہرین بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ پیش ہوئے، جبکہ نیب کے سپیشل پراسیکیوٹرز جاوید ارشد، رافع مقصود اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک بھی روسٹرم پر موجود تھے۔عدالتی کارروائی کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے 190 ملین پائو نڈ کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیل پر باقاعدہ دلائل کا آغاز کیا، اس موقع پر عمران خان اور بشری بی بی کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں سزائو ں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کو براہِ راست دکھانے یعنی لائیو سٹریمنگ کی استدعا بھی کی گئی، تاہم چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے عدالتی کارروائی براہِ راست نشر کرنے کی اس درخواست پر کوئی تبصرہ یا کمنٹ نہیں کیا۔دلائل کے آغاز کے بعد وکیلِ صفائی بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے اپیلوں پر مزید تفصیلی تیاری کے لئے وقت فراہم کرنے کی استدعا کی، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے وکلا کی اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر کو تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پائو نڈ کے مقدمے میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کے دوران بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے جیل میں پیش آنے والی طبی مشکلات اور سکیورٹی خدشات کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ جیل حکام کو ضروری احکامات جاری کر دیئے۔اس سلسلے میں بشری بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ کی جانب سے ایک نئی متفرق درخواست پیش کی گئی جس میں بشری بی بی کو جیل میں درپیش سنگین مسائل سے آگاہ کیا گیا، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی کو بینائی کا شدید مسئلہ درپیش ہے اور ان کی سرجری کے حوالے سے عدالت کو پہلے بھی بتایا گیا تھا کیونکہ موجودہ طبی کیفیت سے ان کی بینائی مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے، بشری بی بی کے سیل کے روم سے چھوٹے سائز کے سات سانپ برآمد ہوئے ہیں، جنہیں جیل کے اہلکاروں نے موقع پر مارنے کے بعد وہاں سیمنٹ لگا دیا۔عدالت نے بشریٰ بی بی کی صحت اور سکیورٹی سے متعلق خدشات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ بشری بی بی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، ان کی صحت سے متعلق تمام معاملات پر فوری اور مناسب اقدامات کیے جائیں گے اور جیل رولز کے مطابق انہیں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، بشریٰ بی بی کے سیل کی صفائی ستھرائی کا مکمل اور احسن طریقہ سے خیال رکھا جائے اور ان کی صحت کا باقاعدہ معائنہ کرنے کے لیے ایک خصوصی ڈاکٹر فراہم کیا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے۔
190 ملین پاؤنڈ کیس
