لاہور(سٹی رپورٹر) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ستھرا پنجاب کے تحت صفائی ورکرز کی
خدمات کے اعتراف اور ان کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹرائی نیشن سیریز کے دوران بہترین صفائی انتظامات یقینی بنانے والے ورکرز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سی ای او سروسز الطاف انصاری، ڈپٹی سی ای او آپریشنز نعمان محمود اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے بہترین صفائی انتظامات کرنے والیورکرز میں خود اعزازی چیکس تقسیم کیے مثالی صفائی انتظامات یقینی بنانے والے ہر ورکر کو 3 ہزار روپے کا اعزازی چیک دیا گیا۔ شہریار عارف خان نے ورکرز کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب کے تحت لاہور میں صفائی کے نظام کو مثر بنانے میں ورکرز کا کردار انتہائی اہم اور قابلِ ستائش ہے۔ صفائی ورکرز ہمارے ہیروز ہیں جو اپنی انتھک محنت سے شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفائی ورکرز کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کے اعتراف کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی کے جذبے کو بھی فروغ دیا جا سکے۔
