لندن(نمائندہ خصوصی)برطانیہ کے شہر بولٹن سے تعلق رکھنے والے انسانی سمگلنگ کے ایک منظم نیٹ ورک کے ارکان کو غیر قانونی طور پر افراد کو برطانیہ منتقل کرنے اور منی لانڈرنگ کے جرائم میں مجموعی طور پر قید کی سزائیں سنا دی گئی ہیں۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس گروہ نے مبینہ طور پر 12 افراد کو غیر قانونی طریقے سے برطانیہ پہنچانے کا انتظام کیا، جبکہ بعض کارروائیوں کے عوض فی کس 25 ہزار پائونڈ تک وصول کیے گئے۔عدالتی کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ سمگلنگ کے اس نیٹ ورک نے بولٹن میں قائم ٹریول ایجنسی پاسوال ٹریول ٹورز (Paswal Travel Tours) کو بھی اپنے غیرقانونی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ ایجنسی کے ذریعے پروازوں کی بکنگ اور انسانی سمگلنگ سے متعلق دیگر انتظامات کیے جاتے تھے۔عدالت کو بتایا گیا کہ گروہ کے ایک رکن نے اپنے کمرے میں 36جعلی پاسپورٹ چھپا رکھے تھے، جبکہ منی لانڈرنگ کی ایک الگ کارروائی کے دوران پانچ لاکھ ایک ہزار پائونڈ سے زائد رقم منتقل کی گئی۔ پولیس تحقیقات کے نتیجے میں ایک لاکھ 9 ہزار 172 پائونڈ نقد رقم برآمد کی گئی، جبکہ تقریباً 15لاکھ پائونڈ مالیت کے اثاثے بھی منجمد کر دیے گئے۔ عدالت نے مقدمے میں ملوث مختلف ملزمان کو 13 ماہ سے لے کر چھ سال اور چھ ماہ تک قید کی سزائیں سنائیں۔ تاہم، اس نیٹ ورک کے دو مبینہ مرکزی منتظمین، مسعود نوشادی اور مرتضیٰ اسماعیلی، گرفتاری سے قبل ہی برطانیہ چھوڑ چکے تھے۔گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق، یہ گروہ انسانی سمگلنگ کے ذریعے کمزور اور مجبور حالات سے دوچار افراد کا استحصال کر رہا تھا اور انہیں برطانیہ منتقل کرنے کے عوض بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔
