اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے قطر کے
معروف بلدنا گروپ کے وفد سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ زرعی تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری، لائیو اسٹاک کی ترقی، ڈیری پیداوار، جانوروں کی خوراک اور زرعی مصنوعات کی قدر میں اضافے کے لیے مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان اور قطر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے ان تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار میں زراعت کا حصہ تقریباً 24 فیصد ہے، جبکہ زرعی شعبے میں لائیو اسٹاک کا حصہ 60 فیصد سے زائد ہے۔بلدنا گروپ کے وفد نے پاکستان کو اپنی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی کاروباری سرگرمیوں کے لیے جانوروں کی خوراک فراہم کرنے والا ممکنہ اہم تجارتی شراکت دار قرار دیا۔ وفد نے عالمی سپلائی چین کو متنوع بنانے کے لیے پاکستان سے مکئی، سویابین، الفالفا، روڈز گراس اور دیگر چارہ جات کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی۔رانا تنویر حسین نے ہائبرڈ بیجوں کے استعمال سے پاکستان میں مکئی کی اضافی پیداوار، مشرق وسطیٰ کی منڈیوں سے جغرافیائی قربت اور مسابقتی پیداواری صلاحیت کو اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر نے جانوروں کی خوراک کی برآمدات سے آگے بڑھ کر جدید ڈیری اور لائیو اسٹاک فارمنگ، جدید مذبح خانوں کے قیام، گوشت اور دودھ کی پروسیسنگ، پیکجنگ، پنیر، خشک دودھ اور دیگر ویلیو ایڈڈ ڈیری مصنوعات کی تیاری میں مشترکہ سرمایہ کاری کی تجویز بھی پیش کی۔
