All posts by Daily Khabrain

جنوبی وزیرستان : بارودی سرنگ کا دھماکہ، سپاہی واجد اللہ شہید

جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں سپاہی واجد اللہ شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں سیکیورٹی فورسز کے کلیرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا، بارودی سرنگ کے دھماکے میں سپاہی واجد اللہ شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آئی ای ڈی نصب کرنے والے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے فوری طور پر علاقے کا گھیراؤ کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں بھاگنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں میں سے ایک مارا گیا۔

ورلڈ بینک اور اے ڈی بی پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے رقم فراہم کررہے ہیں

ورلڈ بینک پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے 390 ملین ڈالر اور اے ڈی بی 300 ملین ڈالر فراہم کررہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں  تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے، داسو پاور پراجیکٹ اور ٹرانسمیشن لائن منصوبوں پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان  کا کہنا تھا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل سے بجلی کی بڑھتی ضروریات پوری ہوسکیں گی، منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے تمام مشکلات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ  تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے سے ڈیم سے 1410 میگاواٹ بجلی حاصل ہوسکے گی۔

وفاقی وزیر عمر ایوب نے داسو منصوبے کے جائزے کے دوران کام کی رفتار بڑھانے پر زور دیا ہے۔

افغانستان میں امن، پاکستان، وسطی ایشیاء معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا،وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ افغانستان میں امن، پاکستان،وسطی ایشیاء معاشی تعلقات کو مزید مظبقط بنائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  کی زیر صدارت “اقتصادی سفارتکاری” کے سلسلے میں ساتواں اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ کا کہنا  تھا کہ حکومتی ترجیح جغرافیائی سیاست سے مجموعی اقتصادی تعاون میں تبدیل ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا  تھا کہ اقتصادی سفارتکاری نے جدید سفارتی امور میں مرکزی حیثیت حاصل کر لی ہے، سفراء حکومتی معاشی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ٹھوس کاوشیں کریں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا  تھا کہ سفراء وسطی، جنوبی ایشیائی ممالک سے باہمی تجارت، اقتصادی شراکت داری کو فروغ دیں، سفراء ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔

اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے بین الاقوامی سیاست میں اقتصادیات کی بڑھتی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

 عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے سفراء کو پاکستانی تارکین وطن کی سہولت کے لیے اجراء کردہ “ایف ایم پورٹل” سے بھی آگاہ کیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ  سفراء نے اپنے اپنے سفارتی مشنز کی مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا ہے۔

اجلاس میں وسطی و جنوبی ایشیائی ممالک میں متعین پاکستانی سفراء نے مجازی طور پر شرکت  کی اجلاس میں آذربائیجان، بنگلہ دیش، قازقستان میں متعین پاکستانی سفراء نے شرکت کی، کرغزستان، مالدیپ، نیپال میں متعین پاکستانی سفراء بھی اجلاس کا حصہ تھے۔

پیٹرول کی قیمت میں تین روپے پچاس پیسے فی لیٹر کمی کا امکان

پیٹرول کی قیمت میں  تین روپے پچاس پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے سفارشات وزارت توانائی کو موصول ہو گئی ہیں۔

ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے ، لائٹ ڈیزل کی قیمت دو روپے فی لیٹر کم کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں تین روپے فی لیٹر کمی کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ذرائع پٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی کی تجاویز موجودہ سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی کے مطابق تیار کی گئی ہیں ، سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی کی شرح میں ردو بدل سے قیمتوں میں مزید تبدیلی ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ قیمتوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد کرے گا۔

واضح رہے کہ نئی قیمتوں پر عملدرآمد یکم ستمبر سے ہوگا۔

مغربی سرحدوں پر ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں ، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مغربی سرحدوں پر ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کی کشمیر، قومی اسمبلی و سینیٹ کے دفاع سے متعلق قائمہ کمیٹیوں پر مشتمل وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جس میں پارلیمانی وفد کو سیکورٹی ماحول، سرحدوں کی صورتحال اور پاک فوج کی امن و استحکام کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پارلیمانی وفد کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ گفت و شنید کا طویل سیشن ہوا جس میں آرمی چیف نے کشمیر کاز اور کشمیری عوام کے لیے پاک فوج کی حمایت و عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے دہشت گردی کی جنگ میں مثالی کامیابیاں حاصل کی ہیں ، مسلح افواج کی کامیابیوں سے ملک میں حالات نارمل ہوئے ، مغربی سرحدوں پر بارڈر مینجمنٹ کے ہمارے بروقت اقدامات سے الحمدللہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ خطے کی پائیدار ترقی کے لیے افغانستان میں امن کی بحالی اہم ہے ، دنیا جان لے کشمیر کے پرامن حل کے بغیر امن و استحکام ممکن نہیں ہے۔

لوگوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اجلاس میں یونیورسل پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن (PEHEL) -911 کے قیام کے بارے میں وزیر اعظم کو اپ ڈیٹ سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بین الصوبائی رابطوں سمیت تمام ضروری کام مکمل ہوچکا ہے، اکتوبر 2021 کے پہلے ہفتے تک ہیلپ لائن باقاعدہافتتاح کے لیے تیار ہو گی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا  کہ حکومت جرائم کی روک تھام کے لیےیونیورسل پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن-911 کا اجراء کرے گی۔

 عمران خان نے یہ بھی کہا  کہ متعلقہ حکام ملک میں جرائم پر قابو پانے کے لیے جلد از جلد سروس کے آغاز میں تمام رکاوٹوں کو دور کریں، لوگوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اس ہیلپ لائن کے اجراء سے ملک میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی جبکہ جرائم کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے گی۔

اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل ، سیکرٹری داخلہ ، وزارت داخلہ ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی  اور ٹیلی کمیونیکیشن کے متعلقہ افسران  نے شرکت کی جبکہ چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی, چیئرمین نادرا ، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی جی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن بھی  اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم کی اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئےٹھوس اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضروری اشیا کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کیلئے تمام ممکنہ انتظامی اقدامات کریں۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں اشیائے ضروریہ کی طلب ورسد اور قیمتوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے پرچون اور تھوک فروشوں کی قیمتوں کے درمیان غیر منطقی فرق ختم کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے انتظامی اقدامات کے نتائج نظر آنے چاہیں۔

وزیراعظم نے چینی اور گندم کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر اقدامات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرنے کو بھی کہا۔

عمران خان نے کہا کہ عام آدمی کو مہنگائی سے تحفظ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کو چینی اور گندم کے موجودہ ذخائر اور ان کی آئندہ ضروریات پوری کرنے کیلئے اقدامات سے متعلق بتایا گیا۔

اجلاس کو خوردنی تیل کی قیمتوں میں دس سے پندرہ روپے فی کلو گرام کمی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے والے افسروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

پاکستان عالمی سیاست کا محور بننے جا رہا ہے، شیخ رشید

اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا، پاکستان عالمی سیاست کا محور بننے جا رہا ہے۔

سوموار کے روز میڈیا سے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا، برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالا جانا چاہئے، ہمیں عزت کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہئے۔ ہم خطے کی چرچل پوسٹ پر بیٹھیں ہیں، ہمیں عزت ملنی چاہئے، ہمیں بائی پاس کرکے کسی کی دال نہیں گلے گی۔

اُن کا کہنا تھا، کابل پر حملے کا امریکی صدر کو پہلے سے علم تھا، طالبان نے ٹی ٹی پی کی حد تک یقین دہانی کرائی ہے، طالبان نے داعش کو شکست دی ہے۔ یقین ہے افغانستان کی زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

وزیرداخلہ نے کہا، پاکستان پر سب سے زیادہ ذمے داری ہے۔ بھارت میں پاکستان کے خلاف ٹی وی پروگرام ہو رہے ہیں۔ پاکستان ایک ذمے دار ملک ہے۔ ہم قومی ذمے داری پوری کرینگے، امن کی خاطر ہم نے 80 ہزار جانیں دیں، ایک لاکھ لوگ معذور ہوئے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا،2192 لوگوں کو ٹرانزٹ ویزہ دیا ہے، ابھی تک کسی کو مہاجر کا درجہ نہیں دیا گیا، پاکستان میں ابھی تک ایک بھی افغان مہاجر نہیں آیا۔ سارا ملک خالی نہیں کرایا، یونیورسٹی کے ہاسٹل خالی نہیں ہونے چاہئے تھے۔

اُنہوں نے کہا، پاکستان کی فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے، اپوزیشن والے لاری اڈہ لاری اڈہ کھیل رہے ہیں، فضل الرحمن بہت غیر ذمے داری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اپوزیشن کے کیس دو سال میں پورے ہو جائینگے، کوئی لیڈر اپنے ملک سے بھی بھاگتا ہے کیا؟۔ جیل تو سسرال کا گھر ہے، ہتکھڑی تو کجرے ہیں۔ اپوزیشن کو معاملات کو ہینڈل کرنے کا شعور ہی نہیں۔ ہماری اگر آئندہ سال پراگریس اچھی رہی تو اگلا الیکشن بھی ہمارا ہے۔

شیخ رشید بولے کہ، پورے ملک کے لئے 911 ہیلپ لائن شروع کرنے جا رہے ہیں، ایف آئی اے نے بھی 20ارب روپے کی ریکوری کی ہے۔

شہباز شریف نے مزار قائد پر مضحکہ خیز پریس کانفرس کی، فواد چودھری

وزیراطلاعات نے مزیدکہا کہ شہباز شریف عالمی طاقتوں کی خوشنودی چاہتے ہیں اس لیے افغانستان پر ایک لفظ بھی نہیں کہا،شہباز شریف نے مزار قائد پر مضحکہ خیز پریس کانفرنس کی۔

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کو سیاست چھوڑ کر وکلاء کے ساتھ وقت گزارنے کا مشورہ دے دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سیاست چھوڑ دیں اور وکلا ء کے ساتھ زیادہ وقت گزاریں ،شہباز شریف کیخلاف مضبوط کیسز ہیں اور لگتا نہیں وہ زیادہ عرصہ تقریریں کرسکیں گے۔

فوادچوہدری نے کہا کہ شہباز شریف نوازشریف کو مشورہ دیں کہ وہ پاکستان آ کر مقدمات کا سامنا کریں۔ لندن میں بیٹھے لوگوں کو کتنی فکر ہے ہمیں پتہ ہے۔