لاہور (خصوصی رپورٹ)اداکارہ عمائمہ ملک نے کہا ہے کہ ہر انسان میں آگے بڑھنے کی لگن ہوتی ہے مگر یہ ضروری نہیں کہ ہر خواہش پوری ہو،کسی بھی شخص کی کامیاب زندگی میں صلاحیتوں کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ خوبصورت چہرہ خدا کا تحفہ ہوتا ہے لیکن میرے نزدیک ہر انسان خوبصورت ہوتا ہے۔اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر موجودہ مقام حاصل کیا ہے جسے برقرار رکھنے کیلئے ہر وقت کوشاں رہتی ہوں۔حائمہ ملک نے کہا کہ ضروری نہیں کہ انسان کی ہر خواہش پوری ہو جائے۔ زندگی میں برے دن بھی آتے ہیں لیکن جو لوگ کبوتر کی طرح آنکھ بند کرلیتے ہیں ناکامی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔ہر انسان میں آگے بڑھنے کی لگن ہوتی ہے جس کے باعث خواہشات بھی جنم لیتی ہیں لیکن یہ ضروری نہیں کہ انسان جو بھی خواہش کرے وہ ضرور پوری ہو۔
All posts by Daily Khabrain
مصباح نے دھونی،گنگولی کا ریکارڈ پاش پاش کردیا
لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے مصباح الحق زیادہ ٹیسٹ سیریز جیتنے والے ایشیا کے پہلے کپتان بن گئے، مصباح نے پاکستان کی کالی آندھی کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار فتح کے ساتھ یہ سنگ میل عبور کیا، مصباح کی زیر قیادت پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر دسویں ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس کے ساتھ ہی مصباح نے بطور کپتان زیادہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کا بھارت کے سارو گنگولی اور مہندرا سنگھ دھونی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔، گنگولی اور دھونی کی زیر قیادت بھارتی ٹیم نے نو، نو ٹیسٹ سیریز جیت رکھی تھیں۔ مصباح الحق نے 2010ءمیں ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی، چھ برس کے دوران ان کی قیادت میں گرین شرٹس نے مجموعی طور پر مختلف ٹیموں کے خلاف 20 ٹیسٹ سیریز کھیلیں جس میں سے پاکستان نے دس جیتیں، تین ہاریں جبکہ سات سیریز ڈرا رہیں۔
خبریں کی آج 24 ویں سالگرہ
لاہور(خصوصی رپورٹ) روزنامہ خبریں کی24 ویں سالگرہ کے خصوصی اشاعتوں کا آغاز ہوگیا، خبریں کے لاہور، اسلام آباد، کراچی اور ملتان کے علاوہ بیورو آفسز اور خبریں کے ملک بھر کے دفاتر میں تقاریب کا آج سے اہتمام کیا جائے گا، اس موقع پر خصوصی دعائیہ تقاریب ہوگی اور سالگرہ کے کیک کاٹے جائیںگے۔ مرکزی تقریب لاہور آفس میں ہوگی۔
اسلام آباد میں داخلہ بند, حکومت نے بڑا اعلا ن کردیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے 2 نومبر 2016 کے اسلام آباد میں دھرنا ۔2 کو روکنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اسلام آباد کو کھلا رکھنے کیلئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے مل کر دھرنے کو روکنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اسلام آباد میں رینجرز اور پنجاب ریزرو کی 5 ہزار نفری طلب کر لی گئی ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ نے اسلام آباد میں رینجرز پنجاب پولیس کی بھاری نفری اور کنٹینرز کیلئے 46 کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں۔
لاہور (خصوصی رپورٹ)حکومت پنجاب نے پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کیلئے کریک ڈاون کا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں وزیر قانون پنجاب، و دیگر سنیئر حکام نے شرکت کی جس میں سپیشل برانچ کی طرف سے پی ٹی آئی کے ہر ضلع میں سرگرم لیڈروں اور کارکنوں کی فہرستوں پر تبادلہ خیال ہوا تاہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ احتجاج سے ایک دو روز قبل فہرست اے اور فہرست بی میں شامل افراد کو نظر بند اور مختلف کیسوں میں پکڑا جائے گا۔ تمام اہم اضلاع کی پولیس کو اپنے شہروں میں اس کے نتیجہ میں ہونے والے احتجاج کی تیاری کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہے۔ اجلاس میں کارکنوں کو اسلام آباد جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مختلف بڑے شہروں سے باہر جانے والے راستوں کو بند کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ اہم لیڈروں اور ورکرز کی فہرستیں سپیشل برانچ کی طرف سے ترتیب دی گئی ہیں۔
چوہدری نثار کے دہشتگردوں بارے اہم انکشافات سے کھلبلی
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پہلے دہشت گرد اندر سے حملے کرتے تھے‘ اب سرحد پار سے کارروائی کرتے ہیں،ہمیں ہر وقت الرٹ رہنا ہے‘ دہشت گردوں کے تانے بانے سرحد پار ملتے ہیں لیکن انٹیلی جنس اورسکیورٹی اداروں کو یہ ثابت کرنا ہے۔ اگر سکیورٹی میں کوتاہی ہوئی ہے تو ذمہ داروں کےخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ منگل کو یہاں نیشنل پولیس اکیڈمی میں اے ایس پیز کی پاسنگ آﺅٹ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاس آﺅٹ ہونے والے اے ایس پیز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاس آﺅٹ ہونے والے پولیس افسران کی زندگی کے اہم دن کے موقع پر وہ ان کے ساتھ تو شریک ہیں لیکن دوسری جانب آج تمام پاکستانیوں کے لئے یہ دکھ اور افسوس کی گھڑی بھی ہے کیونکہ کوئٹہ میں ایک اندوہناک اور المناک سانحہ پیش آیا ہے جس میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اور کوئٹہ کے عوام ایک جانب شہداءکی میتیں اٹھا رہے ہیں اور دوسری جانب زخمیوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کا کام روزمرہ کے امور میں خلل ڈالنا ہے اس لئے دکھ اور افسوس کو ایک طرف رکھ کر انہوں نے اس پروگرام میں شرکت کا فیصلہ کیا اور اس تقریب کے بعد انہیں کوئٹہ روانہ ہونا ہے۔ انہوں نے پاس آﺅٹ ہونے والے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج عملی زندگی میں داخل ہو رہے ہیں۔ یہ موقع جہاں ان کے لئے مبارک ہے وہیں اس موقع پر ان پر بہت بڑی ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کیونکہ کل وہ جو فیصلے کریں گے اس کا اثر پورے صوبے اور ملک پر پڑے گا۔ انہیں صرف انتظامی فیصلے نہیں کرنے ہوتے بلکہ انصاف کرنا اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوتا ہے۔ انصاف انصاف تو ہر کوئی کرتا ہے اور انصاف کے نام پر پارٹیاں بھی بنی ہیں لیکن انصاف ہوتا نظر بھی آنا چاہئے۔ انہوں نے پاس آﺅٹ ہونے والے افسران سے کہا کہ اﷲ نے آپ کو دنیا میں نام کمانے اور آخرت سنوارنے کا موقع عطاءکیا ہے۔ آپ کے فیصلوں کے نتیجے میں لوگ پھانسی بھی چڑھ سکتے ہیں اور بچ بھی سکتے ہیں اس لئے اﷲ کے حضور روز محشر پیش ہونے کے احساس کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔ ہمیشہ انصاف اور سچ کو اپنا شعار بنائیں اس سے کئی لوگ ناراض ہوں گے‘ الزامات بھی لگیں گے اور وقتی آزمائشیں بھی پیش آئیں گی لیکن اگر آپ کا ضمیر اور دل مطمئن ہوگا تو اﷲ آپ کے ساتھ ہوگا اور کوئی طاقت آپ کو نقصان نہیں پہنچا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ خود کو کبھی عقل کل نہ سمجھیں اور اﷲ پر اعتقاد اور دل میں ایمان کی قوت پیدا کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی فورسز اور مسلح افواج اپنی قربانیوں سے ایک نیا باب رقم کر رہی ہیں جس کا دنیا اعتراف کر رہی ہے۔ ہماری فورسز کی قربانیوں کی بدولت دشمن بھاگ نکلا ہے‘ وہ کمزور ہوا ہے لیکن ختم نہیں ہوا۔ ہم نے حکومت سنبھالی تو روزانہ پانچ سات دھماکے ہوتے تھے لیکن اب ہفتوں بعد کوئی واقعہ ہوتا ہے لیکن ایسے واقعات سے مہینوں کی محنت ضائع ہو جاتی ہے۔ کوئٹہ میں گزشتہ روز کے واقعہ نے ہماری پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی محنت ضائع کر دی ہے۔ ہمیں ہر وقت الرٹ رہنا ہے‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور رہے گی۔ پہلے دہشت گرد سرحد کے اندر سے حملے کرتے تھے اب سرحد پار سے کارروائی کرتے ہیں۔ ہمیں بہترین حکمت عملی بنانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کی پولیس نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاکستان اور پولیس کا پرچم سربلند رکھا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام روز روز جنازے اٹھا کر اب مایوس ہو رہے ہیں اور ان کی یہ مایوسی درست ہے۔ ہر واقعہ کے بعد ہم کچھ دن الرٹ رہتے ہیں‘ ہمیں ہر وقت الرٹ رہنا ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ٹیم ورک کریں‘ اس سے کامیابی ان کا مقدر بنے گی۔ پاکستان کے عوام کی زندگی میں امن لائیں اور حصول انصاف کے لئے پھرتے لوگوں کو انصاف دیں۔ اس طرح حقوق اﷲ کی ادائیگی بھی ہوگی اور حقوق العباد کی بھی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں دلی خوشی ہے کہ بلوچستان کے 8 افسران اور 2 خواتین بھی پاس آﺅٹ ہونے والوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں بالخصوص بلوچستان سے زیادہ آفیسرز آنے چاہئیں۔ وزیر داخلہ نے ایک اے ایس پی کا خاص طور پر ذکر کیا جو اے ایس آئی سے اے ایس پی بنے اور اعزاز بھی حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف ان کے اور ان کے خاندان کے لئے بلکہ ہم سب کے لئے فخر کا باعث ہے۔ وزیر داخلہ نے ان تمام غیر ملکی مہمانوں اور اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جو سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دہشت گردوں کے تانے بانے سرحد پار ملتے ہیں لیکن ان تانوں بانوں کو سیکورٹی اور انٹیلی جنس اداروں نے ثابت کرنا ہے۔ ہم نے یکم ستمبر سے اب تک 4 انٹیلی جنس اطلاعات فراہم کی ہیں۔ کوئٹہ جا کر پوچھوں گا کہ سیکورٹی الرٹس کے باوجود یہ سانحہ کیوں رونما ہوا۔ اس حوالے سے میں اجلاسوں میں جواب طلبی کرتا رہتا ہوں لیکن اب عوامی سطح پر بھی سوال اٹھانا ضروری ہے۔ سیکورٹی کو مزید مضبوط ہونا چاہئے تھا تاکہ قوم کا اعتماد بحال رہے‘ ہمیں اپنی کمزوریوں کو دور کرنا ہے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کرنی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر سیکورٹی کمپرومائز ہوئی ہے اور کوتاہی ہوئی ہے تو ذمہ داروں کو عہدوں سے الگ ہونا چاہئے اور ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ قبل ازیں وزیر داخلہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور پاس آﺅٹ ہونے والے افسران میں اعزازات تقسیم کئے۔ کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نسیم الزمان نے وزیر داخلہ کو اکیڈمی شیلڈ پیش کی۔ اعزاز شمشیر اور بیسٹ آل راﺅنڈر اے ایس پی کا اعزاز ڈاکٹر محمد سمیع ملک کو دیا گیا۔
ریما خان کل اپنی 45ویں سالگرہ منائیں گی
لاہور (شوبزڈیسک) اداکارہ ریما کل کو اپنی 45ویں سالگرہ منائیں گی ۔ ریما 27اکتوبر 1971ءکو پیدا ہوئیں اور ہدایتکار جاوید فاضل ( مرحوم ) کی پہلی فلم ” بلندی “ سے اداکار شان کے ساتھ اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا ۔ فلم ” بلندی“ کی زبردست کامیابی نے ریما کے لئے فلم انڈسٹری کے دروازرے کھول دیئے اور وہ ہر پروڈیوسر کی منظور نظر بن گئیں ۔ ریما نے اپنی خوبصورت اداکاری اور شاندار رقص کے ذریعے دو دہائیوں تک فلم انڈسٹری پر راج کیا جس کے بعد انہوں نے امریکہ میں مقیم ڈاکٹر شہاب سے شادی کر کے اپنا گھر بسا لیا اور اب وہ ایک بچے کی ماں بھی ہیں ۔ ریما کل کو اپنی سالگرہ اہل خانہ کے ساتھ منائیں گی ۔
سانحہ کوئٹہ ‘راحت فتح علی خان نے پریس کانفرنس ملتوی کردی
لاہور(کلچرل رپورٹر)گلوکارراحت فتح علی خان نے سانحہ کوئٹہ کی وجہ سے اپنی پریس کانفرنس ملتوی کردی ہے۔ راحت فتح علی خان نے گزشتہ روز ایک اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی تمام تیاریاں مکمل تھیں لیکن سانحہ کوئٹہ کی وجہ سے انہوں نے پریس کانفرنس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ۔اب یہ پریس کانفرنس آج مقامی ہوٹل میں ہوگی۔
کیون بیکن کی بوسٹن حملے پر فلم ’پیٹریاٹس ڈے‘ کا ٹریلر جاری
لاس اینجلس (شوبز ڈیسک)امریکی شہر بوسٹن میں2013 میں ہونے والی میراتھن پر ہونے والے حملے کی داستان پر مبنی ہولی وڈ تھرلرفلم پیٹریاٹس ڈےکا نیا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔پیٹر برگ کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی بوسٹن میراتھن کے دوران ہونے والے بم حملے کے بعد پولیس کمشنر کے اقدامات اور حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے اپنائی جانے والی حکمت عملی کے گرد گھوم رہی ہے۔فلم کی کاسٹ میں مارک والبرگ،جان گڈمین، جے کے سیمنز، ونسینٹ کراٹولا،جیمز کولبے اور کیون بیکن سمیت دیگر اداکار شامل ہیں ۔اسکاٹ اسٹوبر اور ڈوروتھے اوفریو کی مشترکہ پروڈیوس کردہ یہ فلم لائنز گیٹ فلمز کے بینر تلے 21دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
حمیراارشد نے آئٹم سانگ ریکارڈ کرادیا
لاہور(کلچرل رپورٹر) گلوکارہ حمیراا رشد نے گزشتہ روز مقامی سٹوڈیومیں سہیل خان پروڈکشن کی فلم”شورشرابا“کا آئٹم سانگ ریکارڈ کرایا جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک طویل عرصے بعد کوئی اتنا خوبصورت گانا گایا ہے۔ حمیراارشد نے مزید کہا کہ میں نے ماضی میں بھی کئی فلموں کے گانے گائے ہیں لیکن میں دعوے سے یہ بات کہہ رہی ہوں کہ”شورشرابا“کو یہ گانا ضرورسٹریٹ سانگ بنے گا کیونکہ نہ صرف اس کا میوزک بلکہ شاعری بھی بہت خوبصورت ہے۔
سینما مالکان نے بھارتی فلموں کی نمائش پر خودساختہ پابندی ختم کر دی
لاہور(کلچرل رپورٹر)پاکستانی سینما مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز نے بھارتی فلموں کی نمائش پر خودساختہ پابندی ختم کرتے ہوئے نئی فلمیں فوری طورپر ریلیزکرنے کا فیصلہ کیاہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں گزشتہ روزلاہور میں ایک اجلاس بھی ہوا جس میں مختلف ڈسٹری بیوٹرزاور سینمامالکان نے شرکت کی جہاں بھارتی فلموں کی نمائش کا فوری طور پر فیصلہ کیا گیا اور یہ موقف اختیارکیاگیا کہ حکومت نے چونکہ بھارتی فلموں پر پابندی نہیں لگائی لہذہ اب ان فلموں کی نمائش فوری طورپر دوبارہ شروع کی جارہی ہے۔ اس اجلاس میں اس بات کا جائزہ بھی لیا گیا کہ بھارتی فلموں پر پابندی سے سینما مالکان اور امپورٹرزکو کتنا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے بھارت کی دو فلمیںپاکستان پہنچ چکی ہیں اور انہیں این اوسی بھی جاری کردیا گیا ہے ان میں اجے دیوگن کی فلم”شیوائے‘اور کرن جوہر کی فلم”اے دل ہے مشکل “بھی شامل ہیں جسے بھارت میں صرف لئے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اس میں فوادخان اور عمران عباس نے کام کیا ہے۔ان دونوں فلموں کو جلد ہی سنسرکے لئے پیش کیا جائے گا البتہ اس سلسلے میں پنجاب سنسربورڈ کے ایک ممبر نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابھی تک سنسربورڈ کو کوئی نئی بھارتی فلم سنسر کرنے کی درخواست موصول نہیں ہوئی۔