All posts by Khabrain News

کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار بھارت میں کیوں مقبول ہورہے ہیں؟

اپنی منفرد شخصیت سے شہرت پانے والے کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار کے بھارت میں بھی چرچے ہونے لگے۔

کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار جنھوں نے اپنے فیشن میں دلچسپی کی وجہ سے بھی شہرت حاصل کی تھی، اب ان کے ذوق کے باتیں بھارت میں بھی ہونے لگی ہیں۔

بھارت میں مشہور شوبز شخصیات کی خبریں دینے والے مشہور پیپرازی وائرل بھایانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ہاظم بنگوار کی ایک تقریب میں شرکت کی ویڈیو اپ لوڈ کی ہے۔

بھارت سے تعلق رکھنے والے وائرل بھایانی بھی ہاظم بنگوار کے فیشن سینس کو سراہنے والوں میں شامل ہوگئے ہیں۔

بھایانی نے اپنی شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’’اسٹائل اور سبسٹینس کے ساتھ دقیانوسی تصورات کو توڑتے ہاظم بھنگوار! کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار سے ملیں، جو صرف ایک لیڈر ہی نہیں بلکہ اسٹائل آئیکون، گلوکار اور نغمہ نگار بھی ہیں۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ آپ ہر اس شعبے میں سبقت لے سکتے ہیں جس کے بارے میں آپ پرجوش ہیں‘‘۔

ہاظم بنگوار نے اسسٹنٹ کمشنر بننے کے بعد اپنے عوامی کاموں سے تو شہرت حاصل کی ہی تھی، لیکن ان کی وجہ شہرت ان کا منفرد انداز اور سیاست سے بالکل ہٹ کر فیشن میں دلچسپی رکھنا بنا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر کو ماضی میں بھی دنیا بھر سے سوشل میڈیا پر پذیرائی ملتی رہی ہے اور اب بھارت کے یوٹیوبرز اور وی لاگرز بھی ان کی صلاحیتوں کے معترف ہورہے ہیں۔ مذکورہ ویڈیو پر مداحوں نے ہاظم کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

آئی سی سی وفد کراچی پہنچ گیا، چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریاں

آئی سی سی کا وفد دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گیا، وفد نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ اور چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لے گا۔

وفد تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لے گا جبکہ وفد کے ارکان زیر تعمیر پانچ منزلہ عمارت کے مختلف حصوں کا بھی معائنہ کریں گے۔

چیمپیئنز ٹرافی کی 19 فروری کو افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم میں طے ہے۔ ایونٹ کا پہلا میچ اسی روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانا ہے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم ٹرافی کے تین میچز کی میزبانی کرے گا۔

ٹرافی سے قبل سہ فریقی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے دو میچز طے ہیں، 12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ ہوگا جبکہ 14 فروری کو فائنل ہوگا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کے تحت پہلا دورہ سیکیورٹی سربراہ ڈیوڈ ماسکر نے کیا تھا۔ پاکستان میں دوسرے دورے کے دوران سینیئر منیجر ایونٹ آپریشنز سارا ایڈگر اور منیجر عون زیدی نے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ تیسرا دورہ منیجر عون زیدی اور براڈ کاسٹنگ کے نگراں منصور منچ نے کیا تھا۔

چیمپئنز ٹرافی : ’’فخرزمان کی قومی ٹیم میں 100 فیصد واپسی‘‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین فخر زمان نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھرپور کم بیک کی تیاری شروع کردی  اور وہ ہوم گراؤنڈ پر واپسی کے لیے پر امید ہیں۔

پاکستانی بلے باز فخر زمان نے وائپر وائسز پوڈکاسٹ کو انٹرویو میں بتایا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کھیلنے کیلئے 100 فیصد پرامید ہیں اور پوری محنت سے ٹورنامنٹ کی  تیاری کر رہے ہیں۔

فخرزمان  نے کہا کہ فی الحال انکا پورا فوکس چیمپئنز ٹرافی   پر ہے، اسی لیے  وہ آسٹریلیا  اورجنوبی افریقا میں نہیں کھیلے، انکی توجہ صرف چیمپئنز ٹرافی  کیلئے  خود کو دستیاب بنانے اور ٹورنامنٹ کے لیے مکمل فٹ ہونے پر ہے۔

فخر زمان نے کہا کہ وہ  T20 ورلڈ کپ کے بعد بیماری اور فٹنس مسائل کے سبب  ٹیم کا حصہ نہیں تھے لیکن اب وہ 100 فیصد ٹھیک ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سلیکٹرز، ہیڈ کوچ سے بات کی اور ہر کوئی چاہتا تھا کہ میں چیمپئنز ٹرافی میں کھیلوں، آپ مجھے پاکستان کی آئندہ  وائٹ بال سیریز میں دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ فخر زمان نے  جون 2024 میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی انہوں نے اپنا خری  ون ڈے 2023  کے ورلڈ کپ میں  کھیلا تھا۔

فخر زمان نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں بھارت  کے خلاف  114 رنز کی شاندار اننگز کھیل کرپاکستان کو  ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

فخر زمان نے 22 سالہ اوپنر صائم ایوب کی  تعریف  کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایوب نے اپنے ون ڈے کیریئر کا شانداز آغاز کیا ہے، نو اننگز میں تین سنچریاں اور ایک ففٹی، جس میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا میں سنچریاں شامل ہیں۔ امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔

فخرزمان نے مزید کہا کہ صائم اتنا زبردست  کھلاڑی ہے کہ اگر وہ اگلے چار پانچ سال تک کھیلتا رہا تو وہ دنیا کے ٹاپ تھری کھلاڑیوں میں شامل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان  کے  پاس دنیا کے تین بہترین کھلاڑی بابر اعظم، محمد رضوان اور صائم ایوب ہیں، اس لیے کبھی کبھی میں ٹیم میں شامل ہونا اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں۔

پاکستان کی عزت و وقار کے خاطر حکومت، پی ٹی آئی مذاکرات کی کامیابی ضروری ہے، راجا ناصر عباس

مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے سربراہ علامہ سینیٹر راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس عوام کی طاقت ہے، پاکستان کی عزت اور وقار کی خاطر مذاکرات کامیاب ہونا ضروری ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس کا فیصلہ ملک کے مستقبل سے جڑا ہے، دیگر ممالک میں اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں تاکہ ملک کا امیج اچھا جائے، ہمارے ملک میں اربوں روپے لگا کر ملک کا امیج خراب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی میں جس نے 2 بول بولے، ان کو معافی مل گئی، پاکستان کے آئین سے بھی عوام کا اعتماد اٹھ رہا ہے، مذاکرات کا وقت بہت اہم ہے، ملک سینڈوچ بنتا جا رہا ہے، اس وقت جو ملک کی صورتحال ہے، اس میں پاکستان کو بچانے کے لیے مذاکرات ہونے چاہئیں۔

راجا ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی بنانے کا عمل خوش آئند ہے، یہ مذاکرات پاکستان کی تحریک کے اہم مذاکرات ہیں، بانی پی ٹی آئی نے موقع دیا ہے اس کو دیکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس عوام کی طاقت ہے، پاکستان کی عزت اور وقار کی خاطر مذاکرات کامیاب ہونا ضروری ہے، اس وقت ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے عوام کو اچھے کی امید دلانی چاہیے، پاکستان کو اہل ہاتھوں میں دیا جائے تو ترقی کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ان لوگوں کو ساتھ بیٹھ رہے ہیں جنہوں نے گولیاں چلائی ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے تاکہ مذاکرات آگے بڑھیں۔

چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کی پروموشن کمیٹی دوبارہ تشکیل دیدی

چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ کی پروموشن کمیٹی دوبارہ تشکیل دے دی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کی پروموشن کمیٹی دوبارہ تشکیل دے دی۔

پروموشن کمیٹی کے ممبران میں رجسٹرار سپریم کورٹ اور ایڈیشنل رجسٹرار ایڈمن ڈیپارٹمنٹل سلیکشن شامل ہیں۔

عاطف اسلم اور ہنی سنگھ کا ممکنہ اشتراک، تصویر نے دھوم مچادی

بھارتی گلوکار ہنی سنگھ نے پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم سے ملاقات کی تصویر شیئر کردی۔

ہنی سنگھ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عاطف کے ساتھ ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں اپنا بے حد محبت کرنے والا بھائی قرار دیا ہے۔

اس تصویر میں دونوں موسیقاروں کو خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر کے ساتھ ہنی سنگھ نے کیپشن میں لکھا: ’بے حد محبت کرنے والے بھائی!! مارچ میں پیدا ہونے والے بھائی۔‘ انہوں نے ہیش ٹیگز کا استعمال کرتے ہوئے بھارت، پاکستان، اور موسیقی کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

یہ تصویر مداحوں کے درمیان خوب مقبول ہو رہی ہے، اور دونوں ممالک کے شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔

واضح رہے کہ ہنی سنگھ اور عاطف اسلم، دونوں اپنے اپنے ممالک سمیت دنیا بھر میں بے حد مقبول ہیں اور کئی سپر ہٹ گانے دے چکے ہیں جنہیں شائقین آج بھی پسند کرتے ہیں تاہم گزشتہ چند سالوں سے دونوں ممالک کے فنکاروں کے ایک ساتھ کام کرنے پر پابندی ہے۔

سری لنکن بولر کی نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے میں ہیٹ ٹرک

سری لنکا کے دائیں ہاتھ کے اسپنر مہیش تھیکشانا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میں اپنی پہلی ہیٹ ٹرک کر لی۔

ہملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں مہیش تھیکشانا نے نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر، نیتھن اسمتھ اور میٹ ہینری کو آؤٹ کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ میزبان ٹیم کے تینوں کھلاڑی کیچ آؤٹ ہوئے۔

مہیش تھیکشانا ون ڈے میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سری لنکا کے 10ویں بولر ہیں۔

سری لنکا کے سابق فاسٹ بولر لاستھ ملینگا ون ڈے میں تین بار ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

پاکستان کے سابق بولر جلال الدین نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے پہلے ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ انہوں نے 1982 میں آسٹریلیا کے خلاف یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

عمران خان کو جیل میں کون سی سہولیات دستیاب نہیں؟ عدالت میں درخواست دائر

عمران خان کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کی جانب سے سابق وزیرِ اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں قانون کے  مطابق سہولتیں فراہم کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے عمران خان کی اپنے بیٹوں سے بات نہیں کرائی جا رہی۔ اسی طرح انہیں مرضی کے اخبارات، کتابیں وغیرہ بھی فراہم نہیں کی جاتیں۔

سہولیات فراہمی کے لیے دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ  عمران خان کو ان کے ذاتی معالج کو چیک اپ کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اپنے احکامات پر عمل درآمد کرانے اور قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے۔

غذائی اشیا اور دیگر سامان پر مشتمل گاڑیوں کا پہلا قافلہ آج پارا چنار روانہ ہوگا

پشاور: اشیائے خورونوش اور سامان رسد پر مشتمل گاڑیوں کا پہلا قافلہ آج پارا چنار کے لیے روانہ ہوگا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کی وجہ سے 4 جنوری 2025ء کو چلنے والا قافلہ روک دیا گیا تھا تاہم وہ آج روانہ ہوگا۔

قافلے کی حفاظت پولیس کرے گی، کسی ہنگامی صورت حال میں پولیس کی معاونت کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمہ وقت موجود ہوں گے۔

من کمیٹیوں نے علاقے میں امن و امان قائم رکھنے کی ضمانت دے رکھی ہے امن کمیٹیوں کا قیام یکم جنوری کے ہونے والے امن معاہدے کے جرگے میں ہوا تھا۔

مقامی راہنماؤں نے ذاتی اور قبائلی تنازعات کو بالائے طاق  رکھ کر بےگناہ مقامی لوگوں کی زندگی آسان کی اور مسافروں اور اشیاء خوردونوش اور سامان رسد کی حفاظت کی گارنٹی دی ہے۔

80 سے زائد دنوں سے سڑکوں کی بندش کی وجہ سے کرم میں بنیادی سہولیات اور ادویات بروقت نہ ملنے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

امن معاہدے کے تحت مختلف مراحل میں مقامی لوگوں کا 15 دن میں اسلحہ ریاست کو جمع کروانے کا وعدہ ہے جبکہ مقامی بنکرز کا خاتمہ ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

یونس خان افغانستان ٹیم کے مینٹور مقرر

پاکستان کے سابق کپتان یونس خان کو افغانستان کرکٹ ٹیم کا مینٹور مقرر کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق یونس خان چیمپئنز ٹرافی میں افغان ٹیم کے ساتھ بطور مینٹور کام کریں گے۔

 اس حوالے سے افغان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ یونس خان کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے مینٹور کی ذمہ داری دی ہے، وہ چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل افغانستان کی ٹیم کو جوائن کریں گے۔

واضح رہے کہ یونس خا ن اس سے پہلے 2022 میں افغانستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ رہ چکے ہیں۔