All posts by Khabrain News

سویلینز کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل کیس: 9 مئی کے ملزمان فوج سے تعلق نہیں رکھتے، جسٹس جمال مندوخیل

سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلئنز کے ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت  جاری ہے جس کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے ہیں کہ موجودہ کیس میں 9 مئی والے ملزمان تو آرمڈ فورسز سے تعلق نہیں رکھتے۔

سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں کے کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ سماعت کر رہا ہے۔

وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل کا آغاز کر دیا اور مؤقف اپنایا کہ عدالتی فیصلے کی بنیاد آرٹیکل 8(5) اور 8(3) ہے، دونوں ذیلی آرٹیکلز یکسر مختلف ہیں، انہیں یکجا نہیں کیا جا سکتا۔

جسٹس جمال مندوخیل نےریمارکس دیے کہ  آپ کا یہ نکتہ کل سمجھ آ چکا، اب آگے چلیں اور بقیہ دلائل مکمل کریں۔

خواجہ حارث نے سویلین کا ملٹری ٹرائل کالعدم قرار دینے والا فیصلہ پڑھا اور کہا کہ ایف بی علی کیس میں طے پا چکا تھا سویلین کا بھی فوجی عدالت میں ٹرائل ہو سکتا ہے، اکثریتی فیصلے میں آرٹیکل آٹھ تین اور آٹھ پانچ کی غلط تشریح کی گئی۔

جسٹس جمال مندوخیل  نے کہا کہ دیکھتے ہیں اس پر ہم آپ سے اتفاق کریں یا نہ کریں، خواجہ حارث نے کہا کہ غلط تشریح کی بنیاد پر کہہ دیا گیا ایف بی علی کیس الگ نوعیت کا تھا، ایف بی علی پر ریٹائرمنٹ کے بعد ٹرائل چلایا گیا تھا جب وہ سویلین تھے۔

خواجہ حارث نے مؤقف اپنایا کہ فیصلے میں کہا گیا جرم سرزد ہوتے وقت ریٹائر نہیں تھے اس لئے ان کا کیس الگ ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ موجودہ کیس میں 9 مئی والے ملزمان تو آرمڈ فورسز سے تعلق نہیں رکھتے، آج کل ایک اصطلاح ایکس سروس مین کی ہے، یہ ایکس سروس مین بھی نہیں تھے، چلیں ہم صرف شہری کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔

سانحہ 9 مئی کے 13 مقدمات کی سماعت ملتوی، کیسز کے چالان طلب

عدالت نے آج ہونے والی سانحہ 9  مئی کے 13 مقدمات کی سماعت  ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر کیسز کے چالان طلب کرلیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کچہری عدالت میں سانحہ 9 مئی کے 13 مقدمات کی سماعت  کی سماعت ہوئی، جس میں پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز، عثمان ڈار، شہریار خان آفریدی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے تمام کیسز کی سماعت 29 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کی حاضری لگائی اور آئندہ تاریخ پر ان کیسز کے چالان طلب کرلیے۔

خیبر پختونخوا میں فورسز کی کارروائیوں میں 19 خوارج ہلاک، 3 جوان شہید

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران 19 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 6 اور 7 جنوری کو خیبرپختونخوا میں تین الگ الگ کارروائیوں میں 19 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پرسیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع پشاور کے علاقے متنی میں آپریشن کیا گیا اور اس دوران سیکیورٹی فورسزنے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کے شہری علاقے بائیزئی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اور کارروائی کی اور دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بائیزئی میں کی گئی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضلع کرک میں تیسری کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 خوارج جہنم واصل ہوئے۔

بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین بہادر بیٹے گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ لانس حوالدارعباس علی، ضلع سکردو سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ نائیک محمد نذیر، خیبرپختونخوا کے ضلع اٹک کے رہائشی 37 سالہ نائیک محمد عثمان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی خارجی کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں

ر ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ اءی ایس پی ار

شردھا کپور پر جیولری ڈیزائن چوری کا الزام

بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ شردھا کپور کے جیولری برانڈ پر غیر ملکی برانڈ کے ڈیزائن چوری کرنے کا الزام عائد کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کترینہ کیف اور عالیہ بھٹ کی طرح شردھا نے بھی بزنس کی دنیا میں قدم رکھتے ہوئے ڈیمی فائن جیولری برانڈ کی بنیاد رکھی تھی، جس میں جیولری اسٹرلنگ سلور اور 18 قیراط سونے سے کوٹڈ اسٹین لیس اسٹیل سے تیار کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ شردھا اس برانڈ میں بطور ’برانڈ ویژنری‘ شامل ہیں، لیکن ان کے برانڈ کو انٹرنیٹ پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے شردھا کے جیولری ڈیزائنز پر معروف لگژری برانڈز، جیسے کارٹیئر، کے ڈیزائنز کی نقل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

ریڈٹ پر ایک تھریڈ میں صارفین نے شردھا کے برانڈ کی جیولری کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کا موازنہ فرانسیسی لگژری کمپنی کے اصل ڈیزائنز سے کیا اور کہا کہ شردھا کے برانڈ کے ڈیزائن اس معروف برانڈ سے چوری کئے گئے ہیں۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’مشہور شخصیات کے پاس اصل ڈیزائن تیار کرنے کے لیے بہتر وسائل ہوتے ہیں، پھر جعلی ڈیزائنز کیوں بیچ رہی ہیں؟‘

ایک اور نے شردھا کے والد شکتی کپور کے مشہور کردار کرائم ماسٹر گوگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’کرائم ماسٹر گوگو کی بیٹی سے یہی توقع تھی‘۔

راولپنڈی؛ کاروباری شخصیت سے اغواکاروں کی بدسلوکی، برہنہ کر کے بنائی گئی ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکیاں

راولپنڈی کے تھانہ روات کے علاقے میں کاروباری شخصیت کو اغوا کرکے اغوا کاروں نے بدسلوکی کی اور پھر اس کے بعد اغوا کار مغوی کو برہنہ کر کے بنائی گئی ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کرنے لگے۔

پولیس کے مطابق  پراپرٹی کا کاروبار کرنے والے شہری نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ثاقب وغیرہ کے ساتھ ہوٹل پر بیٹھ کر چائے پی رہے تھے کہ ثاقب نے کہا کسی سے ملاقات کرنے مانکیالہ جانا ہے ۔میں اپنی گاڑی میں انہیں لیکر نکلا تو کچھ فاصلے پر پہنچ کر ثاقب اور عمر کیانی وغیرہ نے پستول نکال لیے اور زبردستی ڈیڑھ لاکھ کہ نقدی اور پانچ لاکھ روپے کی گھڑی چھین لی۔

انہوں نے بتایا کہ بلاک سے بنے ایک کمرے میں جہاں چار افراد پہلے سے موجود تھے لے گئے اور تشدد کرکے ایک کروڑ روپے کا بندوبست کرنے کا کہتے رہے اور منت سماجت پر ستر لاکھ طے پائے۔

تمام ساتوں ملزمان نے ہراساں کرتے ہوئے برہنہ کردیا اور فحش ویڈیو بناتے رہے، ملزمان نے دھمکیاں دیں اگر رقم نہ دی تو ویڈیو وائرل کر دیں گے اس کے بعد گاڑی سے چیک بک نکلوا کر تین چیکوں اور سادہ کاغذ پر انگوٹھے لگوائے اور مزید رقم کی ادائیگی کی یقین دہانی پر آنکھوں پر پٹی باندھ کر گاڑی سمیت جی ٹی روڈ چھوڑ دیا۔

ملزمان کے چنگل سے رہا ہونے کے بعد ڈر کے مارے خاموش رہا اور اب ثاقب وغیرہ فون کرکے ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکیاں دیکر بلیک میل کرکے مزید 65 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مدعی پراپرٹی کا کاروباری کرتا ہے درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا اور مزید تفتیش میں مصروف ہیں۔

اروشی روٹیلا سے سیاستدان کی ممکنہ طلاق کا انکشاف

اروشی روٹیلا نے 2013 میں فلم ’سنگھ صاحب دی گریٹ‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پھر بہت جلد اپنی خوبصورتی اور اداکاری کی بدولت فلم بینوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی اور آج ان کا شمار بالی ووڈ کی نامور اداکاراؤں میں ہونے لگا ہے۔

اب اروشی روٹیلا کی فلم ’ڈاکو مہاراج‘ کی ریلیز کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے۔ اس فلم کے حوالے سے سب سے زیادہ بات کی جا رہی ہے اور مداحوں میں اس کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں، ’ڈاکو مہاراج‘ کے پروڈیوسر ناگا وامسی نے اداکار و سیاستدان ننداموری بالاکرشنا سے اداکارہ اروشی روٹیلا کے کام کے بارے میں سوال کیا تو ننداموری بالاکرشنا نے اپنے منفرد انداز میں جواب دیا۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا، ’’اگر میں نے اروشی روٹیلا کی تعریف میں کچھ کہا، تو میری بیوی مجھے طلاق دے دے گی۔‘‘ یہ جواب نہ صرف ننداموری بالاکرشنا کی مزاحیہ طبیعت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ فلم کے حوالے سے ان کی ہنسی مذاق میں بھرپور شرکت بھی دکھاتا ہے۔

’ڈاکو مہاراج‘ ایک بھاری بجٹ کی فلم ہے جس کا مداحوں میں کافی جوش و خروش ہے اور اس کی ریلیز 12 جنوری 2025 کو سینما گھروں میں متوقع ہے۔ اس فلم کے بارے میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور اس کے کرداروں کی پرفارمنس کے حوالے سے باتیں ابھی سے شروع ہو چکی ہیں، جس سے اس کی ریلیز کا انتظار مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔

سعودی عرب میں 44 لاکھ کا بکرا، منفرد نیلامی کی حیران کن کہانی

سعودی عرب میں ایک ایسی منفرد اور دلچسپ نیلامی کا منظر دیکھنے کو ملا جس نے ہر کسی کو حیران کن طور پر اپنی طرف متوجہ کیا۔

یہ کہانی ایک کمسن بکرے کی ہے جس کے لمبے کان اور نایاب خصوصیات نے سعودی عرب میں ایک ہلچل مچا دی۔ اس بکرے کی قیمت اتنی زیادہ لگائی گئی کہ یہ پاکستانی روپوں میں 44 لاکھ روپے سے بھی زیادہ بنتی ہے۔

سعودی لوگ اس بکرے کے دیوانے ہو گئے اور اس کی منفرد شکل اور خوبصورتی نے اسے ایک قیمتی جانور بنا دیا۔ اسے حاصل کرنے کے لیے مختلف لوگوں نے نیلامی میں اپنی بولی بڑھانی شروع کی، لیکن سب سے بڑی بات یہ تھی کہ بکرے کی نیلامی کی ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں صرف اس بکرے کے لیے ہی بولیاں لگائی جا رہی تھیں۔

نتیجتاً، ایک سعودی شہری نے اس منفرد بکرے کو 60 ہزار سعودی ریال میں خرید لیا، جو کہ پاکستانی روپوں میں تقریباً 44 لاکھ 10 ہزار روپے بنتے ہیں۔ اس نیلامی نے نہ صرف سعودی عرب بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کو حیرانی کا سامنا کرایا کہ ایک جانور کی قیمت اتنی زیادہ کیسے ہو سکتی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منفرد خصوصیات رکھنے والی چیزیں زیادہ قیمتی ہو سکتی ہیں۔

وزیراعظم کا کراچی کا اہم دورہ آج ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف آج بدھ کو کراچی کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان اسٹاک ایکسچینج،کے پی ٹی  اور آغا خان یونیورسٹی میں ہونے والی تقاریب میں شرکت کریں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ وزیراعظم سے بزنس کمیونٹی اور دیگر وفود ملاقاتیں بھی کریں گے۔

26ویں آئینی ترمیم پر وکلا کی تقسیم برقرار

26ویں آئینی ترمیم کے مضمرات پروکلا برادری منقسم ہے جس نے نہ صرف اعلیٰ عدالتوں کے ججوں کی تقرری میں ایگزیکٹو کے اثر و رسوخ میں اضافہ کیا ہے بلکہ عدلیہ کے اندرونی کام کو بھی متاثر کیا ہے۔ انڈیپینڈنٹ گروپ اس کی حمایت کر رہا ہے  جبکہ سپریم کورٹ بار کے موجودہ صدر کا تعلق بھی اسی گروپ سے ہے،  دوسری جانب آل پاکستان وکلا  ایکشن کمیٹی  میں حامد خان گروپ کی بڑی تعداد شامل ہے جو اس ترمیم کی سختی سے مخالفت کر رہی ہے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر  رؤف عطا نے آئینی بنچ اور سپریم کورٹ  پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں صدر بار ایسوسی ایشن نے کہاکہ 26ویں آئینی ترمیم کی حمایت کی وجہ دو اہم باتیں ہیں، سب سے پہلے یہ پارلیمنٹ کی اجتماعی مرضی کی نمائندگی کرتی  ہے، دوئم اس نے موثر طریقے سے عدالتی حد سے تجاوز کو کم کیا ہے اور آنے والے ہر وقت کے لیے اختیارات کی علیحدگی کے اصول کو مضبوط کیا ہے۔

آئین میں ترمیم کرنے کی اہل صرف پارلیمنٹ ہی ہے، ترمیم نے عدلیہ کو پہلے سے زیادہ خود مختار بنا دیا ہے اور عام شہریوں کے لیے انصاف کی رسائی میں اضافہ کیا ہے۔یہ غلط دعوی کیا گیا ہے کہ ترمیم نے ایگزیکٹو کوماسٹر آف دی روسٹربنا دیا ہے۔

ہمیں جوڈیشل کمیشن کی موجودہ ساخت، آئینی بنچوں کی تشکیل اور اس کے کام کاج پر مکمل اعتماد ہے۔کسی کو بھی عدالت کو فل کورٹ بلانے پر مجبور نہیں کرنا چاہیے۔ سیاسی دباؤ کے تحت اس طرح کے کسی بھی اجلاس کا کوئی تعلق نہیں ہوگا اور اسے وکلا برادری قبول نہیں کرے گی۔ہم چند افراد کی طرف سے اس طرح کے خطوط لکھنے کی سختی سے مذمت کرتے ہیں کیونکہ ان کے نقطہ نظر کو وکلا برادری پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔ مستقبل میں ایسا کرنے کی کسی بھی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب  حامد خان گروپ پر مشتمل آل پاکستان لائرز ایکشن کمیٹی نے ایس سی بی اے کے صدر کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے  ہوئے کہا ہے کہ رؤف عطا کا بیان ایگزیکٹو کے مفادات کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور  عدالتی آزادی کو مجروح کرتا ہے، رؤف عطا وکلا کے متفقہ نقطہ نظر کی نمائندگی نہیں کرتے جو قانون کی حکمرانی، آئینی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

 26ویں ترمیم کی فل کورٹ میں سماعت کا مطالبہ انصاف اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ہے، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) کے متوازن ہونے کا دعویٰ حقیقت کے برعکس ہے۔ ترمیم سے  ایگزیکٹو کو ماسٹر آف دی روسٹر بنا دیا گیا ہے، کمیٹی نے وکلا کے اندر اختلاف رائے کو خاموش کرنے کی کسی بھی دھمکی یا کوشش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 19 آزادی اظہار کی ضمانت دیتا ہے، جس میں عدالتی آزادی کو مجروح کرنے والے اقدامات پر تنقید اور سوال کرنے کا حق شامل ہے۔

کے الیکٹرک اور ڈسکوز صارفین کیلیے 75 پیسے تک فی یونٹ ریلیف

نیپرا نے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سرکاری ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے صارفین کیلیے بجلی کی قیمت میں 75 پیسے تک کی معمولی کمی کردی۔

نیپرا نے نومبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ڈسکوز صارفین کیلیے فی یونٹ 75 پیسے قیمت کم کی ہے جبکہ کے الیکٹرک صارفین کیلیے اکتوبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 49 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، صارفین کو یہ فائدہ جنوری کے بلوں میں منتقل کیا جائے گا۔

نیپرا کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک استعمال کرنے والے گھریلوں صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز، پری پیڈ صارفین اور زرعی صارفین کے علاوہ تمام صارفین پر ہوگا۔

نیپرا نے اکتوبر کیلیے کے الیکٹرک صارفین کیلیے بھی فیول چارجز ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں 49 پیسے فی یونٹ کم کرنے کا فیصلہ سنایا، اس سے کے الیکٹرک کے صارفین کو مجموعی طور پر 843 ملین روپے کا فائدہ ملے گا،  جو جنوری کے بجلی بلوں میں صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔