All posts by Khabrain News

پاکستان کو ایف 16 کے پرزوں کی فروخت بارے کانگریس کو آگاہ کر دیا: امریکا

نیویارک : (ویب ڈیسک) ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ پاکستان کوایف16طیاروں کے پروزوں کی فروخت سے متعلق کانگریس کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیڈ پرائس نے کہا کہ طیاروں کی مرمت سے دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں میں مدد ملے گی، پاکستان کئی شعبوں میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔
پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مشکل وقت میں امریکا پاکستان کیساتھ کھڑا ہے۔
نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں میڈیا اور سول سوسائٹی پر پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

کورونا کی چھٹی لہر کے وار تیز، مزید 3 مریض لقمہ اجل بن گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران موذی مرض سے مزید 3 مریض دم توڑ گئے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 16 ہزار 973 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 118 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
این آئی اے رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.70 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ مزید تین مریض جاں بحق ہوگئے، 82 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ کا تابوت ایڈنبرا سے لندن منتقل

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی آ نجہانی ملکہ الزبتھ کا تابوت ایڈنبرا سے لندن منتقل کر دیا گیا۔
برطانوی شاہ چارلس آنجہانی ملکہ کا تابوت ایڈنبرا سے لے کر لندن پہنچے، ایڈنبرا ایئر پورٹ پر سکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نیکولا اسٹریجن نے شاہی اعزاز کے ساتھ انہیں الوداع کیا، رائل ایئر فورس سٹیشن نارٹ ہولٹ سے آنجہانی ملکہ کے تابوت کو شاہی جلوس کیساتھ بکنگھم پیلس منتقل کیا گیا۔
شاہ چارلس سوئم نے ناردرن آئرلینڈ کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے ہلز بورو کیسل میں اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی، شاہ چارلس نے اپنےخطاب میں کہا ملکہ نے کبھی ناردرن آئرلینڈ کے لوگوں کی دادرسی کیلئے کوتاہی نہیں کی۔

آرمی چیف کی تعیناتی پر کوئی تنازع نہیں، وزیراعظم وقت پر ہی تقرری کریں گے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر کوئی تنازع نہیں، وزیراعظم وقت پر ہی تقرری کریں گے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ آرمی چیف کی ایکسٹیشن پر غور ہو رہا ہے، سینئر جنرلز میں سے کوئی ایک آرمی چیف بنے گا، اس میں کوئی ابہام نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے تقررکا حق 2019میں عمران خان کےپاس تھا مگراب نہیں ہے۔

نتائج بھگتنا پڑیں گے” سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپہ، عمران خان نے وارننگ دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپے پر سخت ردِ عمل سامنے آگیا۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں عمران خان نے کہا “ایک جانب امپورٹڈسرکارہمیں سیلاب کےباعث سیاست نہ کرنےکا کہہ رہی ہےجبکہ دوسری جانب ہمیں ہراساں کرنے، ہمارےخلاف جھوٹےمقدموں کےاندراج، ہمارامؤقف پیش کرنےوالےصحافیوں کو نشانہ بنانے اور میری (تقاریر و بیانات) کی نشریات روکنے کیلئے ٹی وی چینلز اور یوٹیوب وغیرہ کو بندکرنےکےسلسلے میں تیزی لارہی ہے۔اپنےاعصاب پر چھائےہیجان کےباعث انہوں نے ہماری فلڈ ریلیف ٹیلی تھون تک کو بلیک آؤٹ کیا۔
انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا “آج انہوں نے سیف اللہ نیازی کےگھر چھاپا مارا اور ان کےکمپیوٹر، موبائل وغیرہ لےاُڑے۔”
عمران خان نے وارننگ دیتے ہوئے کہا “امپورٹڈ سرکار اور اس کےسرپرست ہمیں دیوار سے لگا رہے ہیں۔میں انہیں متنبہ کر رہاہوں کہ اس کے نتائج ہونگے جو انہیں بھگتنا ہوں گے۔”

خواتین فٹبالرز کی تاریخی فتح پر مریم نواز کی ٹوئٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) ساف ویمن فٹبال کپ میں پاکستان نے مالدیپ کو ریکارڈ 7 گول سے ہرا دیا۔
کھٹمنڈو میں جاری ایونٹ کے تیسرے اور گروپ میچ میں پاکستان ویمنز نے مالدیپ کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان ٹیم شروع ہی سے چھائی رہی اورنادیہ خان کا کھیل نمایاں رہا جنہوں نے ایک دو نہیں بلکہ چار گول اسکور کیے۔
رامین فرید، خدیجہ کاظمی اور انمول ہیرا نے ایک ایک گول بنایا۔ پاکستان نے 7گول کیے تاہم مالدیپ کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی۔
نادیہ خان کسی انٹرنیشنل میچ میں چار گول کرنے والی پہلی پاکستانی فٹبالر بن گئیں جبکہ گولز کے اعتبار سے بھی یہ پاکستان ویمنز کی سب سے بڑی فتح ہے۔
اب پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی شاندار فتح پر ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم نے کہا کہ ’ہماری لڑکیوں نے آج ہمارا سر فخر سے بلند کردیا ہے، سات صفر کی شاندار فتح ، واہ ۔ پاکستان زندہ باد۔‘

سیلاب سے مزید 54 افراد جاں بحق، مجموعی تعداد 1481 ہوگئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 54 افراد جان کی بازی ہار گئے جس سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1481 ہوگئی ہے، زخمیوں کی تعداد 12 ہزار 700 سے تجاوز کر گئی۔
این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سندھ میں 44، بلوچستان میں مزید 8 اور آزاد کشمیر میں 2 مزید افراد سیلاب سے جاں بحق ہوئے، سیلاب اور بارشوں سے مجموعی طور پر سب سے زيادہ 638 اموات سندھ میں ريکارڈ کی گئیں، بلوچستان میں 278، خيبرپختونخوا میں 303، پنجاب میں 191، آزاد کشمیر میں 48 اور گلگت بلتستان میں 22 افراد زندگى کى بازى ہار گئے۔
دوسری جانب ملک بهر میں 11 لاکھ 85 ہزار 481 گھروں کو جزوى نقصان پہنچا جبکہ 5 لاکھ 69 ہزار 800 گھر مکمل تباہ ہو ئے، 390 پل اور 12 ہزار 418 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئیں، ملک بھر میں 9 لاکھ 8 ہزار 137مويشی بھی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔

ایف آئی اے کا سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر پر چھاپہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر پہ چھاپہ مارا ہے۔
سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہی ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمر ایوب نے اپنے جاری کردہ بیان میں الزام عائد کیا کہ چھاپے کے دوران ایف آئی اے اہلکاروں نے سیف اللہ نیازی کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون قبضے میں لے لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاشسٹ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، انہیں عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چوہدری نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سیف اللہ نیازی ایک سینیٹر ہیں اس طرح ان کے گھر پر چھاپہ مارنا لیپ ٹاپ اور فون اٹھا کر لے جانا اور ہراساں کرنا اس نام نہاد حکومت کا ایک اور کارنامہ ہے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ اس زیادتی کی شدید مذمت کرتے ہیں، چیئرمین سینٹ اور متعلقہ اداروں کو اس ضمن میں فوری ایکشن لینا چاہیے۔

حکومت قانون پرعملداری اور انسانی آزادی پریقین رکھتی ہے،وزیر داخلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ حکومت،جمہوری اقدار،قانون پر عمل داری اور انسانی آزادی پر بھرپور یقین رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار رانا ثنا اللہ نے یورپین یونین کے ایشیااینڈ پیسیفک ڈیپارٹمنٹ کی ڈپٹی ایم ڈی پاؤلا پامپلونی (Ms Paola Pampaloni) سے وفد کے ہمراہ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جبری گمشدگی کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے وفد کو بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نے اس حساس معاملے کاپائیدار حل تلاش کرنے کی ہدایات جاری کررکھی ہیں،زیرحراست ملزمان پر تشدد،آئین پاکستان، تعزیرات پاکستان اوراسلامی تعلیمات کے برخلاف ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص پر تشدد انسانی حرمت اور تکریم کیخلاف ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں،غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور ٹریفیکنگ کے خلاف سخت انتظامی ایکشن لیے ہیں۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین پاکستان کا اہم ترین تجارتی شراکت ہے، یورپی یونین کاجی ایس پی پلس کاسٹیٹس پاکستان کے معاشی استحکام میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر پاؤلاپامپلونی کا کہنا تھا کہ پاکستان، یورپی یونین کا اہم شراکت دار ملک ہے، تعمیری ڈائیلاگ جاری رکھیں گے،پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سفارتی تعلقات کے ساٹھ سال مکمل ہونے پر بہت خوش ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین انسانی آزادی اورجمہوری اقدار سے متعلق قوانین میں اصلاحات کیلئے پاکستان سے مشاورت جاری رکھے گا،افغان شہریوں کے پرامن انخلا پر پاکستان کے انتہائی ممنون ہیں۔
ملاقات میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا اورایڈیشنل سیکرٹری برائے داخلہ مومن آغا اور دیگراعلی حکام بھی موجود تھے۔

افغان سرزمین سے پاک فوج کی چوکیوں پر فائرنگ، تین جوان شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) افغانستان سے دہشت گردوں کی ضلع کرم کے علاقے خرلاچی میں پاک فوج کی چوکیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان شہید ہوئے جبکہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ فائرنگ سے 32 سالہ نائیک محمد رحمان شہید ہوئے جن کا تعلق کرک سے ہے جبکہ شہید نائیک معاویز خان کی عمر 34 سال اور وہ جمرود، خیبرکے رہائشی تھے، فائرنگ میں شہید ہونے والے تیسرے سپاہی عرفان اللہ کی عمر 27 برس اور تعلق مالاکنڈ کے علاقے درگئی سے تھا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے، توقع ہے افغان حکومت مستقبل میں ایسی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دے گی۔ ترجمان کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔