All posts by Khabrain News

لاہور ہائیکورٹ کا فصلوں کی باقیات جلانے والوں کو 2 لاکھ روپے جرمانے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کی روک تھام کیلئے فصلوں کی باقیات جلانے والے کسانوں کو 2 لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے متفرق درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ حکومت سموگ کی روک تھام کے لئے اقدامات نہیں کر رہی، عدالت حکومت کو سموگ کی روک تھام کے لئے حکومت کو اقدامات کرنے کا حکم دے۔
دوران سماعت چار اضلاع کے ڈی سیز عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس شاہد کریم نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی سیز پر اظہار ناراضگی کیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چیف سیکرٹری کو بتایا جائے کہ یہ ہے آپ کے ڈی سیز کی کارکردگی ہے؟، عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے ڈی سیز کو متعلقہ اضلاع میں فصلوں کو جلانے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا عدالت کے روبرو گوگل میپ کی فصلوں کی باقیات جلانے کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کر دی گئی۔
عدالت نے فصلوں کی باقیات جلانے والے کسانوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا، عدالتی احکامات نظر انداز کرنے والے کسانوں کی زمینیں بھی انتظامیہ کو قبضے میں لینے کی ہدایت کر دی۔

ایک اور بھارتی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

اتراکھنڈ : (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں یاتریوں کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں دو پائلٹ اور چار مسافر سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کیدارناتھ سے ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہوا۔

حکمرانوں کا پاؤں عوام کی گردن پر ہے سانس لینا مشکل ہو چکا ہے، فواد چودھری

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ ملک عوام کو واپس کیا جائے۔
فواد چودھری نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ امپورٹڈ حکومت کا بستر گول ہو اور ملک نئے انتخابات کی طرف بڑھے،ان حکمرانوں کا پاؤں عوام کی گردن پر ہے اور سانس لینا مشکل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے غیرمقبول حکومت کیلئےغیر مقبول ہونا اداروں کیلئے مناسب نہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: نیدرلینڈز سے دلچسپ مقابلے کے بعد نمیبیا کو 5 وکٹوں سے شکست

جی لانگ: (ویب ڈیسک) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے پانچویں میچ میں نیدرلینڈز نے دلچسپ مقابلے کے بعد نمیبیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیدرلینڈز نے 122 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔
آسٹریلوی شہر جی لانگ میں آج کھیلے جانے والے پہلے میچ میں نمیبیا نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نمیبیا کی بیٹنگ لائن شروعات سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی اور مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر نمیبیا نے 121 رنز بنائے۔

سپر یم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی کو بری کر دیا

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) سپر یم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی کو بری کردیا، شاہ زیب قتل کے دیگر ملزمان بھی بری کر دئیے گئے, ملزمان نے عمر قید کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلی دائر کی تھی.
کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ فریقین کا پہلے ہی راضی نامہ ہوچکا ہے، ملزمان کی دہشت پھیلانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، قتل کے واقع کو دہشگردی کا رنگ دیا گیا۔
ٹرائل کورٹ نے شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج تالپور کو سزاے موت سنائی تھی جبکہ نواب سجاد غلام مرتضی کو عمر قید سنائی گئی تھی۔
سندھ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ تبدیل کرتے ہوے اے ٹے اے کے تحت چاروں ملزم ان کو عمر قید سنا دی تھی، ملزمان نے عمر قید کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی تھی۔

جمہوریت کی جدوجہد کے دوران قیادت اور کارکنان نےخون کے دریا پار کیے ہیں، بلاول بھٹو

کراچی: (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سانحہ کارساز کے شہدا کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بحالی اور مضبوطی کے لیے پیپلزپارٹی نے گھناؤنی سازشوں کا مقابلہ کیا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جمہوریت کےلیے جدوجہد کے دوران قیادت اور کارکنان نےخون کے دریا پار کیے ہیں، ہمیں نوجوان نسل کو اپنی تاریخ اور جدوجہد و قربانیوں سے آگاہ کرنا چاہیے، ہمیں نوجوان نسل کو یہ سکھانا ہے کہ ذاتیات پر نہیں اترنا سیاست نہیں ہے۔
پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانے کی جدوجہد کو آگے بڑھاتی رہے گی، شہدا کی قربانی اور اہل خانہ کی آنکھوں سے گرنے والے آنسووَں کا ازالہ مضبوط جمہوریت کے قیام میں پنہاں ہے۔

زمین کے قریب 30 ہزار سے زائد سیارچے دریافت

لاہور : (ویب ڈیسک) زمین کے قریب 30 ہزار سے زائد سیارچے دریافت ہوچکے ہیں جن میں سے چودہ سو سے زائد کا ہمارے سیارے سے ٹکرانے کے امکان ہے، یورپی خلائی ایجنسی نے انکشاف کردیا۔
رپورٹ کے مطابق زمین کے قریب سیارچے سورج کے گرد ایک راستے پر چکر لگاتے ہیں جو انہیں زمین کے مدار کے قریب لاتا ہے اور کچھ ہمارے سیارے سے ٹکرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یورپی خلائی ایجنسی کے مطابق زمین کے قریب کل 30,039 سیارچے ہیں اور ان کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ تقریباً 10 ہزار سیارچے 140 میٹر یا اس سے زیادہ قطر کے حامل ہیں جب کہ ایک ہزار سیارچوں کا قطر ایک کلومیٹر سے بھی زیادہ ہے.
یاد رہے امریکی خلائی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ زمین کو خلا میں موجود کئی سیارچوں سے خطرات لاحق ہیں، ناسا نے زمین کا دفاع کرنے کی حکمت عملی کے تحت نومبر میں ڈارٹ مشن بھی روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس مشن کے تحت پہلی دفعہ ناسا ڈارٹ خلائی جہاز کو اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ سے ڈیڈیموس بائنری کی طرف بھیجے گا۔
جو 2 اکتوبر 2022 کو دو میں سے ایک سیارچے ‘ڈیڈیمون’ سے 13،500 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹکرا جائے گا۔
اس کے ذریعے ناسا سیارچے کی رفتار کو ایک فیصد ہی کم کر سکے گا تاہم سائنسدانوں کو سیارچے کی معلومات حاصل کرتے ہوئے اس کے تبدیل شدہ مدار کی پیمائش کرنے کا موقع ملے گا۔

فیفا ورلڈ کپ کے میچ دیکھیں، عمرہ کی سعادت فری پائیں

سعودی عرب : (ویب ڈیسک) قطر میں فیفا ورلڈ کپ کے میچ دیکھیں، سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت فری میں پائیں۔
سعودی حکومت نے فیفا ورلڈ کپ کے ٹکٹ لینے والے شائقین کیلئے مفت عمرہ ویزا کا اعلان کیا ہے، سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جن افراد کے پاس حیا کارڈ اور قطر میں فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کی دستاویزات موجود ہیں، اُن افراد کے لیے مکہ مکرمہ میں ایک سال کے لیے عمرے کا ویزا مفت ہو گا۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق حیا کارڈ رکھنے والے افراد 2 ماہ کے لیے سعودی عرب میں قیام کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ ایسے افراد جو آئندہ ماہ ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے، وہ سعودی عرب، کویت، اومان اور متحدہ عرب امارات میں قیام کر سکتے ہیں۔
قطر میں 20 نومبر سے فیفا ورلڈ کپ 2022 کا آغاز ہونے جا رہا ہے، بین الاقوامی طور پر سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا یہ ایونٹ مشرق وسطیٰ میں پہلی بار منعقد ہو گا۔
عرب نیوز کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد سے خلیجی خطہ فضائی سفر، سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعتوں کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کی امید کر رہا ہے۔
قطرمیں ہونے والے فٹبال کے عالمی ٹورنامنٹ کا بے صبری سے انتظار ہو رہا ہے جس میں 1.2 ملین تماشائیوں کی آمد متوقع ہے اور اس سے قطری معیشت کو 17 بلین ڈالر اضافے کی توقع ہے۔

6 دہائیوں کی با اثر ترین خاتون کون؟

لاہور: (ویب ڈیسک)
60 برسوں میں بااثر ترین خاتون کا تاج برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم کے نام رہا، لیڈی ڈیانا کا دوسرا نمبر جبکہ مدر ٹریسا اس سروے میں تیسرے نمبر پر رہیں۔
دو ہزار برطانوی شہریوں سے سوال کیا گیا کہ گزشتہ 6 دہائیوں سے کون سے ایسی بااثر خاتون ہے جو ان کے لیے رول ماڈل رہی ہے، جس پر 27 فیصد شہریوں نے ملکہ الزبتھ کا نام لیتے ہوئے انہیں سب سے با اثر خاتون ہونے کے اعزاز سے نوازا۔
اس فہرست میں دوسرا نمبر برطانوی ملکہ کی بہو لیڈی ڈیانا کا رہا ، یاد رہے لیڈی ڈیانا 1997 میں کار حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں لیکن آج بھی وہ لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
تیسرے نمبر پر اپنی زندگی غریبوں اور بے کسوں کی خدمت کے لیے وقف کر دینے والی مدر ٹریسا ہیں، جنہوں نے رنگ و نسل اور مذہب وقوم سے نکل کر بیمار اور بے سہارا افراد کی خدمت کی اور ان کا سہارا بن کر دنیا میں انسانیت کی نئی مثال قائم کی۔
بااثر خواتین کی فہرست میں چوتھے نمبر پر امریکا سے تعلق رکھنے والی روزا پارکس ہیں جو مشہور شہری حقوق کی کارکن تھیں، جنہیں “تحریک آزادی کی ماں” بھی قرار دیا گیا تھا۔
سوئیڈن کی 19 سالہ ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی بھی با اثر ترین خواتین کی فہرست میں شامل ہیں۔

سانحہ کارساز کو 15 سال بیت گئے، غم آج بھی تازہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو 15 سال پہلے آج ہی کے دن 8 برس کی جلاوطنی کے بعد وطن واپس آئیں تو کراچی میں عوام کے سمندر نے ان کا استقبال کیا، کارساز کے مقام پر ان کے استقبالی جلوس میں ہونے والے بم دھماکوں میں 177 افراد جاں بحق اور 600 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
بے نظیر بھٹو کی 18 اکتوبر 2007 کو کراچی آمد پر پیپلز پارٹی کے جیالے ملک بھر سے اپنی قائد کے استقبال اور ایک جھلک دیکھنے کے لئے پہنچے، جہاز سے باہر آتے ہی بے نظیر بھٹو نے پیار کرنے والوں کا جم غفیر دیکھا تو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔
پیپلز پارٹی کی خصوصی سکیورٹی ’’جاں نثاران بے نظیر بھٹو‘‘ کے حصار میں سابق وزیراعظم کا استقبالی جلوس چند کلومیٹر کا راستہ گھنٹوں میں طے کر کے جب شارع فیصل پر کارساز کے مقام پر پہنچا تو بینظیر بھٹو کے بلٹ پروف ٹرک کے قریب 2 دھماکے ہوئے جن میں وہ خود تو محفوظ رہیں لیکن کارکنوں سمیت 180 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 600 سے زائد زخمی ہوگئے۔
پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو مالی امداد کے ساتھ سرکاری ملازمتیں اور مفت رہائشی فلیٹس بھی دیئے گئے، واقعے کی 2 ایف آئی آرز درج ہونے کے باوجود تاحال ملزمان نہ پکڑے جا سکے۔
سانحہ کارساز میں جاں بحق ہونے والوں کی 15 ویں برسی پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔