All posts by Khabrain News

ٹماٹر، پیاز کی بیرون ملک سے درآمد کے باوجود قیمتوں میں استحکام نہ آ سکا

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے اثرات جاری ہیں، ایران اور افغانستان کی درآمدات بھی نرخوں میں استحکام نہ لا سکیں، ٹماٹر، پیاز اور سبز مصالحہ جات کی قیمتوں نے نئے ریکارڈ قائم کر دئیے ہیں۔
پیاز اور ٹماٹر کی مقامی فصل پانی کی نذر ہونے کے بعد صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی سبزیوں اور سبز مصالحہ جات کی قلت بڑھ گئی ہے، ہر آنے والا دن عوام کے لئے کسی امتحان سے کم نہیں ہے، ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد سے بھی قیمتیں کم نہ ہو سکیں، منافع خوروں کی بے حسی سے مارکیٹ میں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں بے قابو ہو چکی ہیں۔
250 روپے میں 5 کلو ملنے والا پیاز اب 250 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے، ٹماٹر کی فی کلو قیمت 300 روپے کے قریب پہنچ چکی، شہر میں پیاز کی روزانہ کھپت 100 ٹرک ہیں مگر صرف 40 ٹرک ہی پہنچ رہے ہیں، ٹماٹر کے روزانہ 70 ٹرکس درکار، مگر آج کل صرف 30 ہی آ رہے ہیں۔
رسد اور طلب کے عدم توازن اور منافع خوروں کی بے حسی کی قیمت شہریوں کو ادا کرنا پڑ رہی ہے، بے یقینی کی اس صورتحال سے شہری اذیت کا شکار ہیں۔
چین کا لہسن اور ادرک بھی مہنگا کر کے 400 روپے فی کلو کر دیا گیا ہے، موسمی سبزیوں کی قیمتیں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔

ایشیا کپ سپر4 مرحلہ: پاک بھارت ٹیموں میں آج پھر جوڑ پڑے گا

دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت میں آج ایک بار پھر جوڑ پڑے گا، دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم بڑے میچ میں نئے عزم کے ساتھ روایتی حریفوں کو شکست دینے کیلئے آج پھر میدان میں اترے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
جوشیلے انداز کے مالک فاسٹ بولر شاہنواز دھانی انجری کا شکار ہونے کے بعد آج بھارت کے خلاف میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے جو کہ بابر الیون کیلئے بڑا جھٹکا ہے، ان کی جگہ محمد حسنین یا حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گروپ سٹیج پر بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کیخلا ف میچ آخری اوور میں جیتا تھا۔
قومی ٹیم 7 ستمبر کو افغانستان کیخلاف میچ کھیلے گی، فائنل 11 ستمبر کو سپر فور کی دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔

کورونا کی چھٹی لہر مزید3 جانیں لے گئی، 228 نئے کیسز رپورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی چھٹی لہر کے وار جاری ہیں، ملک بھر میں موذی وائرس سے مزید 3 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 19 ہزار 041 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 228 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
این آئی ایچ رپورٹ میں کہا گیا کہ موذی وائرس میں مبتلا 114 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.20 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

سیلاب سے تباہی، سری لنکن صدر کا شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹیلیفونک رابطے کے دوران سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی پر ہمدردی کا اظہار کیا اور جانی نقصان پر وزیر اعظم شہباز شریف سے تعزیت کی۔
انہوں نے حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے قدرتی آفت کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا۔
وزیراعظم نے آزمائش کی گھڑی میں وکرما سنگھے کی ہمدردی اور حمایت کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں غیر معمولی بارشوں سے ہونے والی بڑے پیمانے پر تباہی سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ سیلاب نے انسانی جانوں، ذریعہ معاش، مویشیوں، فصلوں، املاک اور اہم انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے وکرما سنگھے کو حکومت کے بہترین مربوط انسانی ردعمل سے بھی آگاہ کیا جس میں ریلیف فنڈ کے قیام سمیت پاکستان اور بیرون ملک مقیم لوگ سیلاب کی امدادی سرگرمیوں میں عطیات دے سکتے ہیں۔
انہوں نے سیلاب کے پیمانے کے بارے میں بین الاقوامی برادری میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب گیا ہے۔
وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ “2022 اقوام متحدہ کی فلیش اپیل” ریلیف فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگی اور ضرورت مندوں کو امداد کی فراہمی میں تیزی سے مدد کرے گی۔
وزیر اعظم نے بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے کی اہم اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ شہباز شریف نے صدر وکرما سنگھے کو سری لنکا کا نیا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ہماری ٹیم بھارت کو سپر فور مرحلے میں شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے، شاہد آفریدی

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ کا فاتح بن سکتا ہے، قومی ٹیم روایتی حریف بھارت کو سپر فور مرحلے میں شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔
پی اے ایف کنونشن سینٹر میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان کی کارکردگی بہتر ہے، بھارت کے خلاف لیگ میچ میں پاکستان نے بہترین مقابلہ کیا جس سے قومی ٹیم کا مورال بلند ہوا، ہانگ کانگ کے خلاف شاندار فتح سے بھی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، اب سپر فور مرحلے میں ایک بار پھر بھارت سے مقابلے میں اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
انہوں ںے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان میچ جیتنے میں کامیاب رہے گا، پاکستان ہی میری فیوریٹ ٹیم ہے، اب تک ہماری بولنگ اور بیٹنگ بہت زبردست رہی ہے، ہماری ٹیم میں تمام تر خصوصیات موجود ہیں جبکہ اس کی کارکردگی دن بدن بہتری کی جانب مائل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کے اَن فٹ ہونے سے زیادہ اثر نہیں پڑا، یہ بھی اچھا ہوا کہ بینچ پر بیٹھے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آگئے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ عالمی کپ کے انعقاد سے قبل ایشیا کپ میں شرکت کا بہت فائدہ ہوگا جبکہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کے پاکستان آنے سے بھی قومی ٹیم کی میگا یونٹ کے لیے تیاریوں میں اچھی مدد ملے گی۔

میانمار کے فوجی حکمراں بیرون ملک کے پہلے دورے پر روس جائیں گے

رنگون: (ویب ڈیسک) میانمار کے فوجی حکمراں آنگ ہلینگ وفد کے ہمراہ روس کا دورہ کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فوجی حکمراں آنگ ہلینگ پہلی بار کسی بیرون ملک کے دورے پر سری لنکا جائیں گے اور ایسٹرن اکنامک فورم میں شرکت کریں گے۔ دورے کے دوران آنگ ہلینگ اقتصادی اور تجارتی معاملات پر روسی صدر سے بات چیت کریں گے۔
گزشتہ برس فروری میں میانمار کی حکمراں آنگ سان سوچی کو حراست میں لے کر جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد آنگ ہلینگ نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کی تھی اور اقتدار پر قابض ہوگئے تھے تاہم آمر حکومت کو مغربی پابندیوں اور تعلقات میں تنزلی کا سامنا ہے۔
ادھر رواں برس نومبر میں کمبوڈیا میں ہونے والی ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کے ممالک کے سربراہ اجلاس میں بھی میانمار کو مدعو کیے جانے کا امکان نہیں۔
آسیان کے منتظمین نے شرط لاگو کی تھی اگر میانمار کے فوجی حکمراں ملک کے سیاسی بحران کو حل کریں اور جمہوری حکومت کے قیام کی یقین دہانی کرائیں تو انھیں مدعو کیا جا سکے گا تاہم آسیان تنظیم اب تک KI پیش رفت سے مطمئن نہیں۔
بالخصوص جمہوریے کے حامی متحرک اور سرگرم سیاسی کارکن سمیت آنگ سان سوچی کی جماعت کے رکن اسمبلی کو پھانسی دینے پر بھی آسیان تنظیم نے میانمار کے فوجی حکمراں پر کڑی تنقید کی تھی۔
ملک میں فوجی حکومت کے قیام کے بعد سے میانمار افراتفری کا شکار ہے۔ ملکی معیشت مفلوج ہو چکی ہے جب کہ آمریت کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن کیا جا رہا ہے جس میں 2 ہزار سے 200 سے زائد سیاسی مخالفین کو قتل کیا گیا۔

قوم سیلاب میں اور عمران خان اپنی ” میں” میں پھنسے ہوئے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم سیلاب میں اور عمران خان اپنی میں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب میں ڈوبے جنوبی پنجاب میں آپ کے سر پہ شہباز شریف اور مریم نواز سوار ہیں، سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کو کچھ دینے کے بجائے عمران خان نےپھر اپنی جھوٹی سیاست کا پیٹ بھرا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں انصاف نہیں، تحریک انصاف کا انتقامی نظام چاہتے ہیں،اپنی کرپشن کے مقدمات سے بچنے کیلئے عمران خان نے تحریک فساد شروع کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں استحکام آ رہا ہے،آپ کی ملک کو سری لنکا بنانے کی سازش ناکام ہو چکی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب 4 سال کیا کیا اور باتیں کیا کر رہے ہیں۔

ایشیاکپ سپرفورمرحلہ: سری لنکا نے افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

شارجہ: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ میں سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔
شارجہ کے میدان میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 176 رنز کا ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد آخری اوور میں حاصل کر لیا۔
سری لنکا کی جانب سے کوسل مینڈس 36 اور پاتھم نسانکا 35 جب کہ دھنوشکا گوناتھیلا 33رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان اور نوین الحق نے 2،2 جب کہ راشدخان اور محمد نبی نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
اس سے پہلے سری لنکا نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
افغان ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گربز نے 84 اور ابراہیم زادران نے 40 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ نجیب اللہ زادران 17 اور حضرت اللہ زازئی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدو شاناکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
افغانستان کے سلامی بیٹر رحمان اللہ گر باز نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 84 رنز بنائے جب کہ ابراھیم زردان 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کے مدوشانکا نے دو جب کہ فرنینڈو اور تھیکسانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

امیتابھ بچن کی نئی کامیڈی فلم ’گڈ بائے‘ کا پہلا پوسٹر جاری

ممبئی: (ویب ڈیسک) امیتابھ بچن کی نئی کامیڈی فلم ’گڈ بائے‘ کا پہلا پوسٹر جاری کردیا گیا۔ بگ بی نے اپنے انسٹاگرام پر پوسٹر شیئر کیا ہے۔
’گڈ بائے‘ کو ایکتا کپور نے پروڈیوس کیا ہے اور اس کامیڈی فلم میں امیتابھ بچن کے ساتھ رشمیکا مندنا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
فلم کے پہلے پوسٹر میں امیتابھ بچن اور رشمیکا کو باپ بیٹی کے خوبصورت رشتے میں دکھایا گیا ہے۔ پہلے پوسٹر میں امیتابھ بچن اور رشمیکا مندنا پتنگ اڑاتے ہوئے نظرآ رہے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ رواں برس اپریل میں شروع کی گئی تھی جسے 7 اکتوبر 2022 کو ریلیز کیا جائے گا۔

منچھر جھیل کا بند ٹوٹنےکا خطرہ، قریبی آبادیاں خالی کرنےکے احکامات جاری

سیہون: (ویب ڈیسک) منچھر جھیل میں پانی کی سطح میں خطرناک اضافہ ہوگیا ہے اور بند ٹونٹےکے خطرے کے پیش نظر قریبی آبادیوں کو خالی کرنے کے احکامات جاری کر دیےگئے۔
ڈپٹی کمشنر جامشورو کے مطابق منچھر جھیل کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جھیل کا بندکسی بھی وقت ٹوٹنےکا خدشہ ہے، یونین کونسل واہڑ، بوبک، جعفرآباد اور یونین کونسل چنا کے علاقے خالی کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنرکا کہنا ہےکہ آر ڈی 54 سے آر ڈی 58 تک منچھر جھیل کے بند پر دباؤ ہے، عوام غیر ضروری طور پر منچھر جھیل کے بند پر نہ جائیں۔
ڈپٹی کمشنرکا مزید کہنا تھا کہ جھیل کے بند کو کٹ نہیں لگائیں گے، آخری وقت تک کوشش کریں گے کہ بچت ہوجائے، منچھر جھیل کے لیے اگلے 24 سے 48 گھنٹے اہم ہیں۔
جھیل کا پانی کناروں سے چھلکنے لگا ہے، سیہون کی مقامی آبادی انتہائی خوف کا شکار ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منچھر جھیل میں بوبک اور اطراف کے سیکڑوں گاؤں بچانے کے لیے یوسف باغ کے مقام پر بندکو کٹ لگایا جائے۔