All posts by Khabrain News

شان مسعود کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری سکور کرنیوالے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) شان مسعود کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے ہیں۔
شان مسعود نے ڈربی شائرکرکٹ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے سسیکس کے خلاف کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچ میں ڈبل سنچری بنائی جس کے بعد وہ کاؤنٹی کرکٹ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے۔
شان مسعود نے میچ کے پہلے روز ہی ڈبل سنچری سکور کی، اس سے قبل کاؤنٹی کرکٹ کے ڈیبیو میچ میں بائیں ہاتھ کے بلے باز نے بالترتیب اکانوے اور باسٹھ رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

فیصل آباد میں اشیائے خور و نوش کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے، فیصل آباد میں اشیائے خور و نوش کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
ماہ صیام کے دوران فیصل آباد میں گرانفروشوں نے پھل اور سبزیاں عوام کی پہنچ سے دور کر دی ہیں۔ عام آدمی فروٹ کو صرف دیکھ سکتا ہے خرید نہیں سکتا، منافع خور مہنگے پھلوں کی قیمتیں مزید مہنگی بناتے ہوئے کھلے عام سرکاری قیمت سے زائد پر فروخت کررہے ہیں۔
سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق سیب 180روپے کلو ہیں جو دکانوں پر 300 روپے میں فروخت کیے جارہے ہیں۔ پپیتا 170 کی بجائے 220، سٹابری 130 کی بجائے 160، لوکاٹ 165کی بجائے 200 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔
سبزیوں کی قیمت بھی سرکاری ریٹ سے 15 سے 20 فیصد زائڈ وصول کی جا رہی ہے جبکہ لیموں تو عام آدمی خرید ہی نہیں سکتا جو 420 روپے کی بجائے 600 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں پہلے خطاب میں واضح کیا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اسے مزید توسیع دی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بچوں اور بچیوں کی تعلیم کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، کوئی پروگرام بند نہیں ہوا،عوام کی بھلائی کے ہر منصوبے کو مزید بہتر بنائیں گے، وزیراعظم نواز شریف کا شروع کردہ صحت کارڈ اسی طرح چلتا رہے گا، اسے مزید بہتر بنائیں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ جھوٹ وہ پھیلا رہے ہیں جنہیں وزیراعظم کی کرسی اور کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے، آج ملک میں ایک منتخب وزیراعظم ہے جو عوام کا دکھ درد اور احساس رکھتا ہے، آج ملک میں ایسا منتخب وزیراعظم ہے جو عوام کے لئے فراخ دلی اوراُن کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے، آج ملک میں ایسا منتخب وزیراعظم ہے جو عوامی اور قومی سلامتی کے ایشوز کو اپنی سیاست کے لئے استعمال نہیں کرتا۔

عمران خان نے اپنی ساکھ بچانے کیلئے خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگایا: شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی ساکھ بچانے کیلئے خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگایا، عمران خان نے ملکی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دی۔
رہنما پیپلزپارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل بہت سی چیزیں بے نقاب ہوئیں اور وضاحتیں آئیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کی نیوز بریفنگ کو ویلکم کرتے ہیں، مراسلے کو اپوزیشن کیساتھ جوڑا گیا کہ سازش کی گئی ہے، کہا گیا اپوزیشن نے عالمی قوتوں کیساتھ مل کر سازش کی، عمران خان نے اپنی ساکھ بچانے کیلئے خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگایا، عمران خان نے ملکی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دی، وزیراعظم کو ملکی مفاد کو اولین ترجیح دینا ہوتی ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ 7 مارچ کو ایک ٹیلی گرام آیا جسے سازش کہا گیا، نیشنل سکیورٹی کونسل کے اعلامیے میں کسی سازش کا ذکر نہیں، امریکا نے کہا کسی ایک سیاسی جماعت کیساتھ تعلق نہیں رکھتے، پہلے چور ڈاکو کہا جاتا رہا اب کہا گیا سازش کی گئی ہے، کوئی عالمی سازش نہیں تھی، پاکستان کو بند گلی میں دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو ہراساں نہ کیا جائے، درخواست نمٹا دی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو ہراساں کرنے کی درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹائی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ڈائریکٹر سائبر کرائم کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کسی کو ہراساں نہ کریں، آپ نئے آئے ہیں، عدالت کو آپ پر مکمل اعتماد ہے، تنقید ہو سکتی ہے مگر کسی کو اشتعال نہیں دلا سکتے، ہم ڈی جی ایف آئی اے کو ہدائت کرتے ہیں کہ وہ کوئی مجاز افسر مقرر کریں جو آپ سے کوآرڈی نیٹ کرے۔
وکیل فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ ہمارے تین ورکرز لاہور میں اٹھائے تھے جنہیں جوڈیشل کر کے ضمانت کروا رہے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ہم یہ درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا رہے ہیں، اگر کوئی شکائت ہو تو ڈائریکٹر سائبر کرائم کو بتائیں، ہم نہیں چاہتے کہ یہ دوبارہ کورٹ آئیں۔

وزیراعظم نے اتحادیوں کو افطار ڈنر پر مدعو کرلیا، کابینہ ارکان کا اعلان متوقع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کو آج افطار ڈنر پر مدعو کرلیا، کابینہ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کو آج افطار ڈنر پر مدعو کرلیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی، مولانا فضل الرحمان اور دیگر اتحادی رہنماؤں کو دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سیاسی صورتحال کے علاوہ حکومت سازی کے امور بھی زیر غور آئیں گے جبکہ دعوت میں کابینہ کی تشکیل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ ارکان کا اعلان بھی آج متوقع ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب: گورنر عمر سرفراز سے مونس الہیٰ کی ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر حکومتی اتحاد نے مشاورت میں انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گورنر پنجاب عمر سرفرازچیمہ سے رکن قومی اسمبلی مونس الہیٰ نے ملاقات کی۔
گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ گورنر عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں پرویز الہیٰ کو مکمل سپورٹ کریں گے، تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ایک بار پھر بھرپور طاقت بن کر ابھرے گی۔ گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی اداروں پہ حملہ آور ہونے کے تاریخی حقائق کو جھٹلایا نہیں جاسکتا، وفاق میں حکومتی اتحاد میں ابھی سے جوتیوں میں دال بٹنا شروع ہو گئی۔
مونس الہی کا کہنا تھا کہ پرویز الہی نے اپنے وزارت اعلی کے دور میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے مثالی اقدامات اٹھائے، پرویز الہی کا بطور وزیر اعلی پنجاب انتخاب شرافت تحمل، وضع داری اور گڈگورننس کی بنیاد بنے گا، وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے لیے حکمت عملی تیار ہے، کل پنجاب کے ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کریں گے۔

آئس کے عادی نشئی نے اہلخانہ پر فائر کھول دیا، 5 افراد جاں بحق، ایک زخمی

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں آئس کے عادی نشئی نے اپنے والدین اور بہن سمیت 5 افراد کو فائرنگ کر کے موت کے گھات اتار دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
نشے نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، لاہور کے علاقے ٹاون شپ میں آئس کے نشے میں دھت ملزم عابد مسلح ہو کر گھر آیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر اس کے والدین، بہن، خالہ اور بھانجا موقع پر جاں بحق جبکہ وہاں موجود ملزم کا سسر شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنیوالے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ ان لوگوں نے اس کے بیٹے پر تشدد کیا تھا۔
ریسکیو عملے نے زخمی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ لاشوں کو بھی قانونی کارروائی کے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

‘پاکستان میں سازش کے حوالے سے امریکا پر لگائے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں’

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستان میں سازش کے حوالے سے امریکا پر لگائے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں، پاکستان میں کسی ایک جماعت کی حمایت نہیں کرتے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمہوری اقدار کی حمایت کرتے ہیں، سازش کے حوالے سے ہمارا موقف بڑا واضح ہے، اس حوالےسے ترجمان پاکستانی فوج کے بیان سے اتفاق کرتے ہیں۔

پیٹرول کی قیمت میں 83 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی سفارش کر دی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکی سمری پیٹرولیم ڈویژن کوبھیجوا دی گئی ہے۔

اوگرا نے  پیٹرول کی قیمت میں 83 روپے 50 پیسے فی لیٹرجب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 119 روپے فی لیٹراضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 77 روپے 56 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 77 روپے 31 پیسے فی لیٹرمہنگا کرنے کی تجویز ہے۔

اوگرا نے موجودہ ٹیکس پر ہائی اسپیڈڈیزل فی لیٹر 51 روپے 32 پیسے، پیٹرول 21 روپے 30 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اوگرا نے پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی کی کم سے کم اور زیادہ زیادہ شرح کی بنیاد پر سمری تیار کی ہے۔