All posts by Khabrain News

پاکستان سری لنکا ٹیسٹ سیریز، دوسرے میچ کا مقام تبدیل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کا مقام تبدیل کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ترجمان کے مطابق سری لنکا میں معاشی بحران اور سیاسی صورتحال کے پیش نظر کولمبو میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ کے مقام کو تبدیل کردیا گیا ہے، جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ بھی گال کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ سری لنکن بورڈ نے پی سی بی سے درخواست کی تھی کہ دوسرے ٹیسٹ کے مقام کو تبدیل کیا جائے، جس کو بورڈ نے قبول کرلیا۔

پشاور، بی آر ٹی بسیں 10سال بعد نجی کمپنی کے حوالے کرنے کا فیصلہ

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاورمیں بی آر ٹی کی بسیں 10سال بعد نجی کمپنی کے حوالے کردی جائیں گی، نجی کمپنی کو 12 سال بعد بسیں دی جائیں گی، 12 سال یا 12 لاکھ کلومیٹر چلنے کے بعد بسیں کمپنی کو دینے کی شق معاہدے میں شامل ہے، بس کی قیمت فی کلومیٹر ریٹ کے رعایتی نرخ پر دی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق پشاور بی آر ٹی کی بسیں 12 سال بعد نجی کمپنی کو مل جائیں گی، بی آر ٹی اور نجی کمپنی کے درمیان بسوں کی حوالگی سے متعلق معاہدہ طے پایا تھا، معاہدے کے تحت 12 سال بعد اربوں روپے کی بسیں نجی آپریٹرکمپنی کو دی جائیں گی۔
18 میٹر کی بس 12 سال چلنے کے بعد فی کلو میٹر 288 روپے کے حساب سے نجی آپریٹر کمپنی کو دی جائیں گی جبکہ اسی طرح 12 میٹر کی چھوٹی بسیں بھی 12 سال چلنے کے بعد مجموعی کلو میٹر کے حساب سے 144 روپے فی کلو میں نجی کمپنی کو مل جائیں گی۔
خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی کی 158 بسیں 4 ارب 23 کروڑ روپے میں خریدیں، بی آر ٹی روٹ پر چلنے والی ایک بس کی قیمت 4 کروڑ روپے سے زیادہ ہے، بی آر ٹی حکام کے مطابق 12 سال یا 12 لاکھ کلو میٹر چلنے کے بعد بسیں کمپنی کو دینے کی شق معاہدے میں شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق بس کی قیمت فی کلومیٹر ریٹ کے رعایتی نرخ بھی معاہدے میں شامل ہے، بی آر ٹی ملک کے دیگر شہروں میں چلنے والی بس سروس کی طرح لیز ماڈل پر چلائی جارہی ہے، لیز میں فی کلو میٹر بس کے پیسے شامل کیے گئے ہیں، مدت پوری ہونے پر بسیں نجی کمپنی کو حوالے کرنے سے سرکاری کمپنی کا نقصان نہیں ہوگا۔

ضمنی انتخابات، پولنگ ایجنٹس کی تعیناتی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے ضمنی انتخابات میں پولنگ ایجنٹس کی تعیناتی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کر دیا، ڈاکٹر یاسمین راشد نے آج ہی درخواست پر سماعت کرنے کی استدعا بھی کردی۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایڈووکیٹ عامر سعید راں کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن میں پولنگ ایجنٹس متعلقہ حلقے کے ہی تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا موقف غیر قانونی ہے، الیکشن کمیشن کے رولز کے تحت پولنگ ایجنٹس کا یونین کونسل سے ہونا ضروری نہیں، الیکشن کمیشن نے پولنگ ایجنٹس سے متعلق درخواست خارج کر دی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، عدالت الیکشن کمیشن کے احکامات کو کالعدم قرار دے۔

الیکشن کمیشن مکمل غیر جانبدار، الزامات میں کوئی حقیقت نہیں: سعید گل

لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن مکمل غیر جانبدار ہے اور الزامات میں کوئی حقیقت نہیں، آئین اور قانون کے تحت کام کر رہے ہیں، تمام آراوز کے پاس پریذائیڈنگ افسران واٹس ایپ پر فارم 45 بھیجیں گے۔
لاہورمیں صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے ہم پہلے بھی الزامات کی تردید کرچکے ہیں ہم نے اپنا کام کرنا ہے وہ قانون کے مطابق کرتے رہیں گے، سیاسی جماعت اپنا کام کرے، تمام آراوز کے کیمپ آفس سے پریزائیڈنگ آفیسر سامان لے کر جائیں گے۔
سعید گل نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر سامان لے جانے کے لیے سیکورٹی کی الگ الگ گاڑیاں ہیں، پولیس تعینات ہے اور رینجرز کیو آر ایف کی صورت میں موجود ہوگی۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ تمام نتائج کے لیے لاہورکے کیمپ آفس میں بڑی سکرین لگائی گئی ہے، ہم مکمل طور پر غیر جانبداری سے کام کر رہے ہیں، ہمارے اوپر جو الزامات لگائے جا رہے ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

‎عمران خان الیکشن ہار چکے، دنگا، فساد سے باز رہیں: رانا ثناء کی وارننگ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ‎وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو کل ضمنی الیکشن میں دنگا فساد سے باز رہنے کی وارننگ دے دی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ‎عمران خان الیکشن ہار چکے، اب عوام سے لڑنے کی تیاری کر رہےہیں، ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت ہوئی تو قانون حرکت میں آئے گا، صاف شفاف اور پر امن انتخابات کو یقینی بنائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ‎اطلاع ملی ہے پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں، ‎حلقے سے باہر کے پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست اسی سازش کا حصہ تھی، ‎خیبر پختونخواہ کے بھائیوں کو پنجاب کے بھائیوں سے لڑانے کا پلان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‎پرویز خٹک، اسد قیصر علی محمد خان اور مراد سعید ان فسادیوں کو شیلٹر دے رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے احکامات اور قانون کو توڑنے والوں کو قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا، ‎پی ٹی آئی ٹائیگرز سے غنڈہ گردی کرائی گئی تو نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہوگا۔
‎رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ چار سال اقتدار میں عوام کو لوٹنے والوں کو 20 حلقوں کے عوام کا مینڈیٹ لوٹنے نہیں دیں گے، عمران کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ووٹ کے ذریعے عوام تدفین کی رسم ادا کریں گے۔

آشیانہ، رمضان شوگر مل ریفرنس، شہباز، حمزہ کی حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور: (ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے آشیانہ ریفرنس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور رمضان شوگر مل ریفرنس میں وزیر اعلی حمزہ شہباز کی ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے آئندہ سماعت 13 اگست کو گواہوں کو طلب کر لیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز دو مختلف ریفرنسز میں احتساب عدالت پیش نہیں ہوئے، آشیانہ ریفرنس میں وزیر اعظم شہباز کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
دوسری طرف رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا حمزہ شہباز نے مون سون کے پیش نظر میٹنگ کی سربراہی کرنی ہے اس لیے عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔
احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں حمزہ شہباز کی ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔
واضح رہے کہ رمضان شوگر مل ریفرنس میں عدالت شہباز شریف کو پہلے ہی مستقل حاضری معافی دے چکی ہے، عدالت نے آشیانہ ریفرنس اور رمضان شوگر ریفرنس پر سماعت 13 اگست تک ملتوی کردی۔

اسٹیبلشمنٹ سے گزارش ہے ضمنی انتخابات سے د ور رہیں: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کل کا دن بہت اہم ہے، ملکی تاریخ میں ایسا الیکشن کبھی نہیں دیکھا،اسٹیبلشمنٹ سے گزارش ہے وہ ضمنی انتخابات سے د ور رہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹک کی عدالت نے 8 تاریخ دی ہے، اتنے جھوٹے کیس بنائے ہیں کہ ہر روز ایک عدالت میں پیش ہونا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے آج ایک اہم بات کرنا چاہتا ہوں، کل کا دن بہت اہم ہے، پاکستانی تاریخ میں ایسا الیکشن کبھی نہیں دیکھا، اسٹیبلشمنٹ سے گزارش ہے وہ الیکشن سےدور رہیں، کسی قسم کی دھاندلی، غنڈہ گردی، دھونس قوم برداشت نہیں کرےگی۔
شیخ رشید نے ویڈیو بیان میں مزید کہا کہ کل کے الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ نے ثابت کرنا ہے کہ وہ غیر جانبدار ہیں، عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانے والےعقل کے اندھے ہیں، یہ سپریم کورٹ کا اضافی فیصلہ ہے، ان کے پاس عقل کی کمی ہے جودو، دو یا ایک ایک ووٹ سے قوم پرمسلط کیےگئے۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر کل قوم عمران خان کوووٹ دیتی ہے تو اسکا راستہ نہ روکا جائے، اگرعوام کا راستہ روکا گیا تو ملک میں ایسی چنگاری نکلے گی ایسی آگ پھیلےگی جو سب کولپیٹ میں لے گی، کل کا دن پاکستان کے سیاسی استحکام کے امتحان کا دن ہے، پاکستان کےسیاسی استحکام کے دن عوام کو فیصلہ کرنا چاہیے، کسی کومداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجی اہلکار کی اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ، 2 ہلاک

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی نے اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے سورنکوٹ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ بھارتی فوجی اہلکار نے کیمپ میں موجود اپنے دیگر ساتھیوں پر فائرنگ کر دی۔
ترجمان بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی درست وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم شبہ ہے کہ واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ڈیوٹی کی تعیناتی کے دوران پیش آیا جب بھارتی فوجیوں کو روڈ اوپننگ پارٹی کی ڈیوٹی کے لیے تعینات کیا جا رہا تھا۔ اس دوران جھگڑا ہوگیا اور ایک اہلکار نے دیگر اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والے اہلکار نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔

پاک بحریہ کیلئے تیار کیے جانیوالے جنگی بحری جہاز کی سٹیل کٹنگ کی تقریب

کراچی: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ کیلئے تیار کیے جانے والے جنگی بحری جہاز کی سٹیل کٹنگ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایا ہے کہ سٹیل کٹنگ کی تقریب رومانیہ کے ڈیمن شپ یارڈ میں منعقد ہوئی، رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ یہ جہاز جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہو گا، بحریہ مہمان خصوصی نے بحری امن و استحکام سے متعلق پاک بحریہ کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔

میکسیکو میں نیوی کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 14 اہلکار ہلاک

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست میکسیکو میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار 14 نیوی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میکسیکو کی ریاست سینالووا کے شمالی ساحلی علاقے میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا۔ ہیلی کاپٹر میں 15 نیوی اہلکار سوار تھے جن میں سے ایک شدید زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہیں تاہم فوری طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔