All posts by Khabrain News

منفرد الٹراوائیلٹ شعاعوں سے ہوا میں جراثیم اور وائرسوں کا فوری خاتمہ

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ الٹراوائیلٹ شعاعوں کی ایک منفرد قسم، جسے ’’فار الٹراوائیلٹ سی‘‘ کہا جاتا ہے، ہوا میں موجود جراثیم اور وائرسوں کا خاتمہ صرف چند منٹوں میں کرسکتی ہے جبکہ اس سے انسانوں کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔
واضح رہے کہ سورج سے آنے والی شعاعوں میں ’’دھوپ‘‘ کے علاوہ الٹراوائیلٹ (بالائے بنفشی) شعاعیں بھی شامل ہوتی ہیں جنہیں ہم دیکھ نہیں سکتے۔ ان شعاعوں کی زیادہ مقدار ہمیں جلد کے سرطان (اسکن کینسر) اور اس قسم کی دوسری بیماریوں میں مبتلا کرسکتی ہے۔
البتہ یہی الٹراوائیلٹ شعاعیں جراثیم کش خصوصیات بھی رکھتی ہیں اور انہیں مختلف چیزوں کو جراثیم اور وائرسوں سے پاک کرنے والے کئی آلات میں برسوں سے استعمال کیا جارہا ہے۔
الٹراوائیلٹ شعاعوں پر تحقیقات سے کچھ سال قبل یہ معلوم ہوا تھا کہ ان کی ایک قسم ’’فار الٹراوائیلٹ سی‘‘ ہوا میں موجود جراثیم اور وائرسوں کا تیز رفتار خاتمہ کرسکتی ہے جبکہ یہ انسانوں کو نقصان بھی نہیں پہنچاتی۔ محدود آزمائشوں سے بھی اس بات کی تصدیق ہوئی تھی۔
نئے تجربات میں ماہرین نے اسپتال کے پرائیویٹ وارڈ جتنے ایک کمرے میں فار الٹراوائیلٹ سی شعاعیں استعمال کرتے ہوئے، ہوا میں موجود جراثیم اور وائرسوں کے صرف چند منٹوں میں خاتمے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
تجربات کی غرض سے 10 فٹ لمبے، 13 فٹ چوڑے اور 10 فٹ اونچے ایک کمرے میں (جسے اسپتال کے پرائیویٹ وارڈ کی طرز پر بنایا گیا تھا) پانچ الٹراوائیلٹ لیمپ لگائے گئے۔
آپٹیکل فلٹرز کی مدد سے یقینی بنایا گیا کہ ان لیمپس سے صرف 222 نینومیٹر طول موج والی فار الٹراوائیلٹ سی شعاعیں ہی خارج ہوں
صرف چند منٹوں میں ’فار الٹرا وائیلٹ سی‘ شعاعوں نے اس کمرے کی ہوا میں موجود 98.4 فیصد وائرس اور جراثیم ختم کردیئے، جبکہ کچھ گھنٹوں کے بعد بھی یہ شرح 92 فیصد پر برقرار رہی۔
آن لائن ریسرچ جرنل ’’سائنٹفک رپورٹس‘‘ کے تازہ شمارے میں اس متعلق شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان تجربات کے دوران فار الٹراوائیلٹ سی شعاعوں کا استعمال انسانوں کےلیے مکمل طور پر بے ضرر اور محفوظ پایا گیا ہے۔
ماہرین کو امید ہے کہ ان تجربات کی کامیابی سے آنے والے وقت میں ہاسپٹل وارڈز، کمروں، اِن ڈور ریسٹورینٹس اور ہالز وغیرہ کی ہوا کو مختلف الاقسام جراثیم کے علاوہ کورونا وائرس سمیت، بیشتر اقسام کے وائرسوں سے پاک رکھا جاسکے گا۔
اس مقصد کےلیے موجودہ الٹراوائیلٹ ٹیکنالوجی میں معمولی سی ترمیم کرنا ہوگی، جس کا خرچہ بھی بہت کم ہوگا۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں مزید تیس پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 182 روپے 34 پیسے سے بڑھ کر 182 روپے 64 پیسے ہو گئی ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی، 100 انڈیکس اُتار چڑھاؤ کے بعد 101.14 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) سیاسی صورتحال پاکستان سٹاک مارکیٹ پر حاوی ہو گئی، 100 انڈیکس اُتار چڑھاؤ کے بعد 101.14 پوائنٹس کی تنزلی کے بعد 44337.56 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.23 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔

علیم خان گروپ کا ق لیگ کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے سے انکار

لاہور: (ویب ڈیسک) علیم خان گروپ نے ق لیگ کو وزیر اعلیٰ کا ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔
جہانگیر ترین گروپ کے ترجمان نے کہا کہ عمران خان جن القابات سے پرویز الٰہی کو بلاتے تھے ہم انہیں دہرانے کی جسارت بھی نہیں کر سکتے، پہلے 4سال بے ایمان اور نکمے بزدار کو مسلط رکھا ، اب پرویز الٰہی کو نامزد کر دیا۔
ترجمان میاں خالد کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ہر مخلص کارکن کو پرویز الٰہی کی نامزدگی پر اعتراض ہے، کوئی سودے بازی نہیں کرینگے، اپوزیشن کا غیر مشرو ط ساتھ دیں گے، کمال ہے کہ اب نیا پاکستان پرویز الٰہی بنائیں گے۔

آرمی چیف اور مایا علی میں کیا گفتگو ہوئی؟اداکارہ نے بتادیا

اداکارہ مایا علی نے یومِ پاکستان پریڈ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے کی جانے والی گفتگو کے بارے میں بتایا ہے۔

23 مارچ کے دن پریڈ میں پاکستان کے مقبول اداکاروں نے شرکت کی جس میں مایا علی، سجل علی، کبریٰ خان، وہاج علی اور حریم فاروق شامل تھیں۔

اس موقع پر ایک  ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی جس میں آرمی چیف اداکاروں سے گفتگو کررہے تھے.

ایک ویڈیو میں جنرل قمر جاوید باجوہ کو خصوصی طور پر مایا علی کی جانب مخاطب دیکھا گیا۔

ویڈیو کے بعد مداحوں متجسس ہوگئے کہ آخر آرمی چیف نے مایا علی سے کیا کہا تاہم اپنے انسٹاگرام پر لائیو سیشن کے دوران اداکارہ نے سوشل میڈیا صارف کے اس سوال کا جواب دیا۔

مایا علی نے بتایا کہ ‘آرمی چیف نے میرے کام کی تعریف کی، حال ہی میں میرے کیے گئے پروجیکٹ جو بچھڑ گئے میں میرے کردار کو سراہا’۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘انہوں نے میرے لیے تعریفی کلمات کہے کہ آپ بہترین کام کرتی ہیں، اور وہ لمحہ میرے لیے بہت خاص تھا ‘۔

بینک اکاؤنٹ ہولڈرز ایکویٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے اہل ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک

گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے ‘مشترکہ کے وائی سی (نو یور کسٹمر یا اپنے صارف کو جانیں) پروجیکٹ’ کے تحت رہائشی سرمایہ کار اپنے بینک کے پورٹل یا ایپ کا استعمال کرتے ہوئے کیپٹل مارکیٹ میں اکاؤنٹس کھول سکتے ہیں جس سے ایکویٹی مارکیٹ کی وسیع تر رسائی کے لیے راہ ہموار ہوگی۔

 رپورٹ کے مطابق پاکستان کیپٹل مارکیٹ کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آرڈی اے) ہولڈرز کے لیے روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ اور منقسم ادائیگی کے لیے ’راست‘ کے کامیاب آپریشنز پر سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) کے دورے کے دوران ڈاکٹر رضا باقر نے سی ڈی سی کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے جیسے قومی مفاد کے اہم منصوبوں کا کامیاب اجرا، جس میں روشن ایکویٹی ایک جزو ہے اور راست پر بھی کمرشل بینکوں نے بہترین انداز میں کام کیا ہے جس کو اسٹیٹ بینک نے شروع کیا۔

ڈاکٹر رضا باقر نے تسلیم کیا کہ سی ڈی سی نے روشن ایکویٹی کے آپریشنز میں فعال کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ یہ صرف اس بات کا آغاز ہے کہ ہمارا نظریہ ملک کی کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کے لیے ہے۔

سی ڈی سی کے سی ای او بدیع الدین اکبر نے کہا کہ مشترکہ کے وائی سی پروجیکٹ کے لیے سی ڈی سی مقامی سرمایہ کاروں کے لیے بینکنگ پورٹلز کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولنے سے متعلق معلومات کے ذریعہ کے طور پر دوبارہ کام کرے گا۔

سی ڈی سی پہلے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس اور راست سے متعلق ہزاروں ٹرانزیکشنز پر کام کر رہا ہے۔

دریں اثنا بروکریج ہاؤسز نے کہا کہ مشترکہ کے وائی سی پروجیکٹ ایکویٹی مارکیٹ کی ترقی کے لیے مفید ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے کہا کہ اس سے بروکر اکاؤنٹ کھولنے کے لیے کافی وقت اور محنت کی بچت ہوگی اور سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔

پاک-کویت انوسٹمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے سربراہ برائے تحقیق سمیع اللہ طارق نے کہا کہ میرے خیال میں یہ بہت مددگار ہے کیونکہ پاکستانی مارکیٹ میں اکاؤنٹ کھولنا ایک بڑا مسئلہ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں جب نئے سرمایہ کار، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہے ہیں تو اس سے کمپنیوں کو ترقی دینے اور سرمایہ بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔

‘وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے’

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے رہمنا سینیٹر فیصل جاوید خان نے یہ اعلان کیا۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے، انشااللہ، وزیراعظم عمران خان اپنی قوم کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں اور انشاء اللہ فتح پاکستان کی ہے – قتح اس قوم کی ہے فتح کپتان کی ہے –

پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کی عالمی سازش پر کابینہ کو اعتماد میں لینے کے لیے وزیراعظم نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے سربراہاں بھی خصوصی دعوت پر شامل ہوں گے، اجلاس میں کابینہ کے اراکین اور شرکاء کو مراسلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ممکن ہے وزیراعظم شام کو قوم سے خطاب کریں، وزیراعظم عمران خان کا شام کو قوم سے خطاب کر نے کا امکان ہے۔

وزیرداخلہ شیخ رشید کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ سیاست شروع ہوگئی ہے ،وزیراعظم سنیئر صحافیوں سے ملاقات کررہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے ،انتظار کریں سب کچھ سامنے آجائے گا

یہ سار ے لوگ واپس عمران خان کےپاس آئیں گے،وزیرداخلہ شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ضمیر فروش ناکام ہوں گے ،عوام اور ہماراتعاون آپ کےساتھ ہیں۔یہ سار ے لوگ واپس عمران خان کےپاس آئیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پہلے سے زیادہ عمران خان کے ساتھ مضبوط ہوکر کھڑے ہیں۔جتنی بھی طاقت ہےوہ اللہ کے بعد عمران خان کےلیے ہے۔اقتدار میں سب ورکرز ہوتے ہیں میں ہر وقت عمران خان کا ورکررہوں گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام تحریکوں سے واقف ہوں۔مال اپوزیشن کی کمزوری ہے ، ان کو کسی صورت معاف نہیں کرنا۔
انہوں نے کہا ہے کہ شریف خاندان میمو گیٹ کیس میں کالا کوٹ پہن کر پیش ہوئے۔کنگ عبداللہ کے ذریعے نوازشریف نے دباو ڈالنے کی کوشش کی۔اجمل قصاب کا پتہ شریفوں نے بھارت کو دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت نے اقدامات کیے۔ہم نے اسلام آباد میں دہشت گردی کےواقعات کو بروقت روکا۔وزیراعظم کی ہدایت پر عوامی مفاد کےلیے بہترین اقدامات کیے گئے۔

وزیراعظم کا دھمکی آمیز خط سینئر صحافیوں کے ساتھ شیئر کرنے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سیاسی بحران ملکوں میں آتے رہتے ہیں اور عدم اعتماد ایک جمہوری عمل ہے۔ دھمکی آمیز خط آج سینئر صحافیوں کو دکھاؤں گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے ای پاسپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن ملک کو نقصان پہنچاتی ہےا ور جڑیں کمزور کرتی ہے، این ایچ اے میں کرپشن کی گئی قوم اس کا اندازہ نہیں لگا سکتی۔ سڑکوں کا جال بچھانے کے منصوبوں میں کرپشن ہوتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے لوگوں کی زندگی آسان بنا دی ہے اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے کرپشن کم ہو جائے گی۔ پاکستان کا مستقبل سیاحت سے جڑا ہوا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے اور انہی کی وجہ سے ملک کی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ ہم نے ملکی پیداوار کو کم کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی بحران ملکوں میں آتے رہتے ہیں اور عدم اعتماد ایک جمہوری عمل ہے، سیاسی مشکلات آتی رہتی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دھمکی آمیز خط آج سینئر صحافیوں کو دکھاؤں گا اور یہ جو سازش ہے اس کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔ خط دکھانے کا مقصد ہی یہ ہو گا کہ یہ اس بیرونی سازش سے بچ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی یہ سازش باہر سے کی گئی ہے اور یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے۔ خط اتحادی جماعت کے ایک ایک رکن کو بھی دکھاؤں گا۔

ایم کیو ایم کے وزرا امین الحق اور فروغ نسیم کا استعفی دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم کے وفاقی وزرا امین الحق اور فروغ نسیم نے استعفی دینے کا فیصلہ کر لیا، ایم کیو ایم رہنما فروغ نسیم نے کہا کہ میرا استعفیٰ کچھ دیر میں وزیراعظم کو مل جائے گا۔
متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد سے پہلے رات گئے حکومت کو بڑا سرپرائز دے دیا، حکومتی اتحادی ایم کیوایم نے عمران خان حکومت کو چھوڑنے کیلئے اپوزیشن کیساتھ معاہدہ طے کر لیا ہے۔
ترجمان ایم کیوایم کے مطابق آج سہ پہر پریس کانفرنس میں اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کا اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، متحدہ وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پراپوزیشن کا ساتھ دے گی، قانونی ڈرافٹ پر ایم کیوایم پاکستان اور متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کے دستخط ہو گئے ہیں جس کے بعد دونوں وفود پریس کانفرنس کریں گے۔
ایم کیو ایم اور اپوزیشن کےدرمیان معاہدے کے اہم نکات دنیا نیوزکوموصول ہوئے جن کے مطابق بلدیاتی اداروں کے اختیارات میں اضافہ کیا جائے گا، بلدیاتی قانون کو آئین کے آرٹیکل 140اے کےمطابق بنایا جائےگا اورمسودہ جلد سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب اپنےعہدے سے بھی مستعفی ہونگے جبکہ حیدرآباد ، کراچی میں ایڈمنسٹریٹر زکا تقرر مشاورت سے کیا جائے گا، سندھ میں جعلی ڈومیسائل کے اجرا کیخلاف قانون سازی کی جائے گی، معاہدے کے تحت ایم کیوایم وفاقی کابینہ سے علیحدگی اختیار کرے گی، ذرائع کےمطابق ایم کیوایم نے سندھ کے شہری علاقوں میں بنیادی تبدیلیاں، نوکریوں کیلئےچالیس فیصد کوٹہ مختص کرنے، صوبائی مالیاتی کمیشن اورسیل شدہ دفاترکھولنے کامطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے قومی اسمبلی میں نمبر 164 رہ گئے ہیں جبکہ متحدہ اپوزیشن کے نمبر 177 تک پہنچ گئے ہیں قومی اسمبلی میں نئی حکومت بنانے کیلئے 172ارکان کی حمایت درکارہے۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کے مطابق اپوزیشن کی جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پربحث 31مارچ کو ہو گی، آئین کے تحت رائے شماری ، تحریک پیش ہونےکے تین دن بعد اور 7 دن سے پہلے کرانا ضروری ہے۔