All posts by Khabrain News

بہتر ہوگا اسمبلی کی جنگ اسمبلی کے اندر لڑی جائے: چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ بار کی تحریک عدم اعتماد سے پہلے جلسہ روکنے کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ دیکھنا ہے کسی ایونٹ کی وجہ سے کوئی ووٹ ڈالنے سے محروم نہ رہے، ووٹ ڈالنا ارکان کا آئینی حق ہے، بہتر ہوگا اسمبلی کی جنگ اسمبلی کے اندر لڑی جائے، دونوں جلسوں کی ٹائمنگ الگ ہو تا کہ تصادم نہ ہو۔
قبل ازیں سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، شہباز شریف، بلاول بھٹو، فضل الرحمان، اختر مینگل اور دیگر رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال اور اسلام آباد میں جلسوں کو روکنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ یہ محض قانونی مسئلہ نہیں، یہ سیاسی مسئلہ بھی ہے، اس میں انا نہیں ہونی چاہیے، اس عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنا ہے، اگر آپ لوگوں کو کچھ خدشات ہیں کہ تصادم ہو سکتا ہے، ہمیں 24 تاریخ کو مواد لاکر دکھا دیں، جہاں الیکشن ہوتا ہے وہاں ہم رک جاتے ہیں، ہمیں مواد دکھا دیں، اگر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہوئیں تو کوڈ آف کنڈکٹ بنا لیں گے۔
انہوں نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ ہم اس بات کی اجازت نہیں دینگے، کوشش کریں ڈی چوک پر جلسہ نہ ہو، اکھٹے بیٹھ کر اتفاق رائے پیدا کریں، لوگوں کو لاکر کسی ووٹ ڈالنے والے کو روکنے کی اجازت نہیں دینگے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اسپیکر پر کوئی اعتراض ہو تو پارلیمنٹ میں اٹھائیں، اسپیکر بھی آئین کا حصہ ہے، اٹارنی جنرل نے یقین دلایا ہے کہ حکومت پر امن انداز میں احتجاج کرے گی۔

ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت 12 مئی تک ملتوی، نئے پراسیکیوٹر کو کیس کے مطالعے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نئے تعینات ہونے والے پراسیکیوٹر کو ٹرائل میں شامل پراسیکیوشن ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر کیس کی تفصیلات جاننے اور مطالعے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 12 مئی تک ملتوی کر دی۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں اور خلاف ضابطہ کارروائی پر بریت کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ مریم نواز کے وکلا عرفان قادر اور امجد پرویز ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت پیش ہوئے۔ نیب کے نئے پراسیکیوٹر امتیاز صدیقی ایڈووکیٹ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا اس کیس میں جرم کی نوعیت بھی دیکھنی ہے۔ یہ سمندر پار کئی ممالک کے درمیان ٹرانزیکشن کا معاملہ ہے۔ اصل ملکیت چھپانے کیلئے کئی کارپوریٹ ماہرین کی خدمات لی گئیں۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا اپیل کنندہ کی جانب سے جزوی دلائل میں کہا گیا ہے کہ یہ شواہد موجود نہ ہونے کا کیس ہے۔ عرفان قادر ایڈووکیٹ نے کہا یہ بینفشل اونر کا ثبوت دے دیں تو عدالت کا وقت بچ سکتا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا عرفان قادر کو جانتا ہوں وہ شاہد آفریدی کی طرح کھیلتے ہیں۔ عرفان قادر نے کہا مجھے شاہد آفریدی کہہ رہے ہیں اور خود یہ سنیل گواسکر کی طرح ہیں۔ یہ جتنے سائنٹیفک اور پیچیدہ دلائل دے رہے ہیں، ایسے کمپلیکس دلائل کے جواب میں تو کیا، کوئی بھی نہیں دے سکتا۔ ہم نے درخواست دی تھی کہ اس کیس میں ضابطوں کی خلاف ورزی ہوئی، پہلے اس پر جواب دیں۔
عدالت نے کہا مناسب ہے کہ جہاں پر کیس ہے، ادھر سے ہی سٹارٹ کریں۔ پہلے اپنے پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کے ساتھ بیٹھ کر کیس پر ڈسکس کریں۔ نیب کی جانب سے اپیلوں کو رمضان کے بعد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی جس پر مریم نواز کے وکیل نے اعتراض نہ کیا اور سماعت 12 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔

اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کیلئے لانگ مارچ مؤخر کردیا: شہبازشریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اوآئی سی کیلئےلانگ مارچ مؤخر کردیا، وزرائے خارجہ اجلاس میں آنے والے ہمارے بھائی ہیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ پٹیشن دائر کرنے پر شکر گزار ہوں، ہماری درخواست تھی کہ سپیکر نے آئین شکنی کی، سپیکر نے 14 دن کی مدت کی خلاف ورزی کی جوآئین سےانحراف ہے، امید ہے اٹارنی جنرل نےعدالت میں جو کہا اس پرقائم رہیں گے۔
دریں اثنا پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وکلا کےذریعے آئینی اور قانونی جدوجہد کریں گے، پارلیمنٹ کو عدالت کی دہلیز پر ہم نہیں لائے، عدالت سے فیصلے آئین و قانون کے تحت کئے جانے کی توقع رکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سیکر ٹریٹ ترین گروپ کے مسائل حل کرنے کیلئے حرکت میں آگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سیکر ٹریٹ ترین گروپ کے مسائل حل کرنے کیلئے حرکت میں آگیا، ایوان وزیراعلیٰ کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ ترین گروپ کے اراکین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔
ترین گروپ کو منانے کا مشن ،حکومت پنجاب کے جتن سامنے اگئے۔ وزیر اعلی سیکر ٹریٹ نے ترین گروپ کے اراکین اسمبلی کے اضلاع کی بیوروکریسی کو مسائل ہفتوں یا دنوں میں نہیں بلکہ گھنٹوں میں حل کرنے کا کہہ دیا،متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر کام نمٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام کو مسائل کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ایوان وزیر اعلی بھجوانے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔
معاملات کو سدھارنے کیلئے پنجاب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس ترین گروپ کے ساتھ معاملات سلجھانے کیلئے متحرک ہیں جبکہ ان کی آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ایک اور ملاقات بھی متوقع ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ترین گروپ کے دو رہنما وزیر اعلی آفس آئے تھے جہان ان کی پرنسپل سیکرٹری اور دیگر حکام سے ملاقات ہوئی جس کے دوران ارکان کے حلقوں کے مسائل حل کرنے سمیت دیگر امور پر مفصل بات چیت ہوئی۔

تیونس میں دو مسافر ٹرینوں میں تصادم، 95 افراد زخمی

تیونس: (ویب ڈیسک) تیونس میں دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 95 افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ زخمیوں کو مختلف اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم فی الحال کسی کی ہلاکت کی خبر سامنے نہیں آئی۔
سول ڈیفنس کے ترجمان نے بتایا کہ مسافروں میں فریکچر کی انجری زیادہ ہے جبکہ کسی کی حالت تشویش ناک نہیں ہے۔
تیونس کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے ٹرینوں کو حادثہ پیش آیا تاہم حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دفتر میں عزت چاہیے تو ایموجیز سے چھٹکارا پائیے

سان ڈیاگو: (ویب ڈیسک) ماہرین نے ایک دلچسپ تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ جو لوگ اپنی دفتری ای میلز اور زُوم پروفائلز وغیرہ میں ایموجیز کا استعمال کرتے ہیں انہیں ’خالص تحریر‘ استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں کم حیثیت اور کمزور سمجھا جاتا ہے۔
یہ تحقیق یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان ڈیاگو کی پامیلا اسمتھ اور تل ابیب یونیورسٹی اسرائیل میں ان کے ساتھیوں نے کی ہے جس میں سیکڑوں امریکی رضاکاروں کو مختلف نفسیاتی تجربات میں شریک کیا گیا تھا۔
پامیلا اسمتھ کے بقول، ’’آج ہم باہمی رابطوں میں تصویریں استعمال کرنے کے عادی ہوچکے ہیں اور سماجی رابطے کے پلیٹ فارمز نے ہمارا کام نہ صرف آسان بلکہ دلچسپ بھی بنا دیا ہے۔ البتہ، ہماری تحقیق سے ایک خطرہ بھی سامنے آیا ہے: بعض حالات میں، بالخصوص ملازمت اور کاروبار کے ماحول میں، یہ طرزِ عمل نقصان دہ ہوسکتا ہے کیونکہ یہ ہمارے کمزور ہونے کا اشارہ ہوتا ہے۔‘‘
اس سادہ لیکن دلچسپ تحقیق سے سامنے آنے والا مشورہ بہت آسان ہے: اگر آپ ملازمت یا کاروباری ماحول میں اپنا سنجیدہ اور طاقتور تاثر برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو خط کتاب یا کسی بھی قسم کی پیشہ ورانہ مراسلت (پروفیشنل کمیونی کیشن) میں ایموجیز استعمال کرنے سے پہلے دو مرتبہ ضرور سوچیے۔
البتہ، ایموجیز کا استعمال اپنے دوستوں، عزیزوں اور رشتہ داروں سے نجی رابطوں میں کیا جائے تو اس میں کوئی برائی نہیں۔
نوٹ: اس تحقیق کی تفصیل ’’آرگنائزیشنل بیہیویئر اینڈ ہیومن ڈسیژن پروسیسز‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہے۔

سری لنکا میں کاغذی بحران کی وجہ سے امتحانات ملتوی

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں اس وقت شدید معاشی بحران جاری ہے جس کی وجہ سے لاکھوں طلباوطالبات امتحانات دینے سے قاصر ہیں کیونکہ کاغذ کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے۔
اس سے قبل میڈیکل اسٹور اور پیٹرول پمپوں پر طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں کیونکہ 1948 کے بعد سے اب تک سری لنکا شدید معاشی مشکلات میں گرفتار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں جن سےمتاثرہ طلبا و طالبات کی تعداد 45 لاکھ بتائی جاتی ہے۔
مغربی صوبے کے محکمہ تعلیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ زرِ مبادلہ کی کمی سے روشنائی اور کاغذ نایاب ہوچکا ہے اور لوگ گھریلو ایندھن کی تلاش میں بھی سرگرداں ہیں۔ دوسری جانب گوشت، دودھ، اور دیگر ضروری اشیا بھی عوامی دسترس سے باہر ہوچکی ہیں۔
سری لنکن حکومت نے مالی مشکلات کی بنا پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت بیل آؤٹ پیکج لیا جائے گا۔ دوسری جانب آئی ایم ایف نے بھی ان روابط کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ سری لنکا پر قرض کا پہاڑ ہے اور ملکی زرِ مبادلہ صرف دو ارب تین کروڑ ڈالر پر موجود ہیں۔
اس تناظر میں دوکانوں اور مارکیٹوں میں لوگوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں اور دودھ ، شکر تک کی شدید قلت ہوچکی ہے۔ ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں بجلی کا طویل بلیک آؤٹ معمول کا حصہ بن چکا ہے۔
دوسری جانب سری لنکا نے چین سے بھی مالی مدد کی درخواست کی ہے لیکن اب تک جین نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

ڈھائی ہزار سال قبل ستاروں کی سیدھ میں بنائی گئی مصنوعی جھیل

سسلی: (ویب ڈیسک) اٹلی سے 1920ء میں دریافت ہونے والی ایک مصنوعی جھیل کے بارے میں دریافت ہوا ہے کہ یہ دراصل ایک ’مقدس تالاب‘ تھا جسے ڈھائی ہزار سال پہلے ستاروں کی سمتیں اور سیدھ مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ یہی بات اہرامِ مصر کےلیے بھی کہی جاتی ہے کہ انہیں ستاروں کی سیدھ میں تعمیر کیا گیا تھا۔ البتہ یورپ میں ایسی مثالیں بہت کم ملتی ہیں۔
یہ مصنوعی جھیل (جو نئی تحقیق سے ایک مقدس تالاب ثابت ہوئی ہے) مغربی سسلی کے سان پینتالیو جزیرے پر ’موتیا‘ (Motya) نامی قدیم شہر کا حصہ تھی۔
موتیا آج سے 2,500 سال پہلے کی فونیقی سلطنت کا اہم شہر تھا جو بندرگاہ کا درجہ بھی رکھتا تھا۔
دریافت کے تقریباً 100 سال بعد تک سمجھا جاتا رہا کہ یہ ایک مصنوعی جھیل تھی جسے کشتیوں اور چھوٹے جہازوں کی آمد و رفت کےلیے موتیا شہر کی بندرگاہ سے منسلک کیا۔
دس سال تک جاری رہنے والی نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ خیال غلط تھا اور یہ کوئی مصنوعی جھیل بھی نہیں تھی۔
اس کے برعکس یہ ایک بڑا اور مقدس تالاب تھا جس میں ’بآل‘ (Ba’al) کہلانے والے ایک دیوتا کا مجسمہ بھی نصب تھا۔
کیمبرج یونیورسٹی پریس سے شائع ہونے والے ریسرچ جرنل ’’اینٹیکیٹی‘‘ (Antiquity) کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ یہ مجسمہ اس تالاب کے بیچوں بیچ ایک چوکور پتھر پر تعمیر کیا گیا تھا۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ مجسمہ ٹوٹ پھوٹ کر ختم ہوگیا لیکن اس کے پیروں کے نشانات آج بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
یہ تالاب موجودہ زمانے میں اولمپکس کے تالاب سے بھی بڑا تھا جسے ایک قریبی چشمے سے پانی فراہم ہوتا تھا۔
تالاب سے نکلنے والی بڑی نالیاں، جنہیں پہلے نہریں سمجھا گیا تھا، نکاسی کےلیے استعمال ہوتی تھیں اور استعمال شدہ پانی کو سمندر تک پہنچاتی تھیں۔
البتہ، ان سب باتوں سے بڑھ کر یہ معلوم ہوا کہ اس تالاب کو بطورِ خاص ستاروں کی سمتیں اور ترتیب مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا تھا۔
سال کی کچھ خاص راتوں میں ستاروں کا ایک جھرمٹ اس تالاب کے تقریباً اوپر (بآل دیوتا کے سر پر) آجاتا تھا جس کا عکس اس کے شفاف پانی میں دیکھا جاسکتا تھا۔
ان تمام دریافتوں کے باوجود، ابھی یہ جاننا باقی ہے کہ آیا ایسے مواقع پر یہاں مذہبی رسومات ادا کی جاتی تھیں یا نہیں۔
بالفرض اگر ستاروں کے سیدھ میں آنے پر یہاں کچھ خاص مذہبی رسومات ادا کی جاتی تھیں تو ان کی نوعیت کیا تھی؟ یہ جاننے کےلیے اس علاقے میں مزید کھدائی اور تحقیق کی ضرورت ہے۔
یہ اور اس جیسی دیگر تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ قدیم زمانے میں ستاروں کی سمتوں اور مقامات کی خصوصی اہمیت تھی، جسے ہم نے ابھی دریافت کرنا شروع ہی کیا ہے۔

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت مزید بڑھ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ایک مرتبہ پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچتے ہوئے 68 پیسے مہنگا ہو گیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالر 68 پیسے اضافے سے 181 روپے 25 پیسے پر فروخت ہوا۔ چند دنوں سے ڈالر کے ریٹ میں مسلسل بڑھوتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔
اس سے پہلے ڈالر کی قیمت 180 روپے 57 پیسے تھی۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی 2009 کے بعد ورلڈ کپ میں پہلی فتح

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ 2022 میں پہلی فتح اپنے نام کرلی، خواتین ٹیم 2009 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں کوئی میچ جیتی ہیں۔
خواتین کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں جاری ورلڈ کپ کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ فتح حاصل کی۔ قومی ٹیم نے89 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے 8وکٹوں سے مخالف ٹیم کو شکست دی۔
ندا ڈار نے میچ میں چار اوورز کے دوران 10 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس سے قبل، پاکستان ویمن ٹیم بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش سے اپنے ہار چکی ہے۔ آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ 2022 میں نیوزی لینڈ میں جاری ہے۔