All posts by Khabrain News

باکسر عامر خان اور کیل بروک کی فائٹنگ کے 23 ہزار ٹکٹس صرف 6 منٹ میں فروخت

مانچسٹر: (ڈیلی خبریں) انگلینڈ میں ہونے والے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور کیل بروک کے درمیان مقابلے کے ہزاروں ٹکٹس منٹوں میں فروخت ہوگئے۔
انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں عامر خان اور کیل بروک 19 فروری کو باکسنگ کے رنگ میں مدمقابل ہوں گے۔
اس فائٹ کو دیکھنے کے لیے باکسنگ کے شوقین افراد اس قدر بے تاب ہیں کہ انہوں نے ٹکٹ کی تیزی سے خریداری کر کے کھیلوں کی تاریخ کا منفرد ریکارڈ قائم کردیا۔
کھیلوں کی تاریخ میں پہلی بار اتنی تیزی سے فروخت کے بعد یہ کھیل کی تاریخ میں تیزی سے فروخت ہونے والا ایونٹ بن گیا۔
قبل ازیں اسکائی اسپورٹس سے فائٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے بروک نے کہا کہ وہ عامر خان کی کمزوریوں سے بخوبی واقف ہیں۔ کیل کا کہنا تھا کہ ’میں خان کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ باکسنگ شائقین اس لڑائی کو دیکھنے کے لیے سالوں سے بے تاب ہیں‘۔
انہوں نے ہر صورت عامر خان کا مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر میرے دونوں ہاتھ ٹوٹ بھی گئے تب بھی میں عامر خان سے فائٹ کروں گا‘۔
گزشتہ ہفتے عامر خان نے اسکائی اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’کھیلوں سے وابستہ تمام ہی کھلاڑی انجریز کا سامنا کرچکے ہیں، میرے لیے بھی چوٹ کوئی نئی بات نہیں، ہاں درد ہے مگر یقین ہے کہ مقابلے سے قبل اس سے چھٹکارا حاصل کرلوں گا‘۔

عمان میں 4 ہزار سال پرانا بورڈ گیم دریافت

مسقط / عمان: (ڈیلی خبریں) ماہرینِ آثارِ قدیمہ کی ایک ٹیم نے عمان میں 4000 سال پرانا ایک بورڈ گیم دریافت کیا ہے۔
بورڈ گیم عمان میں کانسی کے دور (bronze age) سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ دریافت پولینڈ میں وارسا کی یونیورسٹی کے سینٹر آف میڈیٹرینین آرکیالوجی اورعمان کی وزارت برائے ورثہ و سیاحت نے کی ہے۔
عمان اور پولینڈ کے اس مشترکہ پروجیکٹ کا مقصد شمالی عمان میں الحجر نامی پہاڑی سلسلوں میں قدیم انسانی آبادکاری کی چھان بین کرنا ہے۔ ماہرین 2015 سے اس خِطے کا تجزیہ کررہے ہیں اور اب تک متعدد دریافتیں ہوچکی ہیں جن میں سے اکثر دریافتیں قبل مسیح سے تعلق رکھتی ہیں۔
وارسا کی یونیورسٹی کی پریس ریلیز کے مطابق ابھی ٹیموں کی توجہ کانسی کے دور کی باقیات پر ہے جس میں سے حالیہ دریافت مذکورہ بالا بورڈ گیم کی ہوئی ہے۔

اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کا ایک اور منفرد فیچر

لاہور: (ڈیلی خبریں) دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ گوگل بیٹا پروگرام کے ذریعے ایک اور نئی اپ ڈیٹ پر کام کر رہی ہے اور وائس نوٹ پلیئر نامی اس اپ ڈیٹ کو عام صارفین کے لیے آنے والی اپ ڈیٹ میں شامل کرے گا۔
واٹس ایپ میں تبدیلیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق ٹھیک تین ماہ قبل ایپلی کیشن نے آئی او ایس کے لیے واٹس ایپ میں مستقبل کی اپ ڈیٹس کے لیے ایک خصوصیت شامل کی تھی ، صارفین مختلف چیٹس میں جاتے ہوئے وائس نوٹس سننے کے قابل تھے۔
واٹس ایپ اب اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اسی فیچر کو متعارف کرانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ تاہم یہ فیچر ابھی ترقی کے مراحل میں ہے اور جلد ہی صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کاروباری اکاؤنٹس کے لیے اپ ڈیٹس کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے واٹس ایپ ایڈوانسڈ سرچ فلٹر نے ایک نئے فیچر کا اعلان کیا تھا ، اس نئے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے کاروباری اکاؤنٹس والے صارفین تلاش کے نتائج کو فلٹر کر سکیں گے۔

درآمدی گیس کو مقامی گیس میں شامل کرکے نئی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) حکومت نے درآمدی گیس کو مقامی گیس میں شامل کرکے اوسط قیمت مقرر کرنے کا نظام متعارف کروانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، گیس کی اوسط قیمت متعین کرنے کا قانون منظوری کے لیے جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
یہ بات وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی نے سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز کو بریفنگ میں بتائی۔ بریفنگ میں وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر توانائی حماد اظہر، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان موجود تھے۔
بریفنگ میں وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا کہ گیس کی اوسط قیمت کا قانون لانے کے بعد فوری طور پر گیس کی اوسط قیمت مقرر کرنے سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ابھی عوام کو منتقل نہیں کیا جائے گا اور گیس کی قیمتوں کی موجودہ سلیبز برقرار رہیں گی مگر بعد میں بتدریج گیس کی اوسط قیمت کے نظام کے تحت گیس کے اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ اگر گورنر اسٹیٹ بینک ان سے مشاورت نہیں کریں گے تو وہ گورنر اسٹیٹ بینک کو نوکری سے فارغ کردیں گے لیکن ایسی نوبت نہیں آئے گی اگر قانون میں کچھ ترمیم کرنا پڑی تو وہ پارلیمنٹ میں جائیں گے اور قانون میں ترامیم کروائیں گے، پاکستان کی پارلیمان سپریم ہے اور تمام فیصلے پارلیمان کو ہی کرنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی خود مختاری آئی ایم ایف کا دیرینہ تقاضا ہے، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کے بل سے حکومت کا کنٹرول ختم ہونے کا تاثر درست نہیں کیونکہ گورنر، ڈپٹی گورنرز اور بورڈ ارکان کا تقرر حکومت کرے گی، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر ادارے کو خودمختار بنانا چاہتی ہے اور اس حکمت عملی کے تحت اسٹیٹ بنک کی خودمختاری کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک پر حکومتی کنٹرول کے خاتمے کا تاثر درست نہیں، ضمنی مالیاتی بل سے عام آدمی پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا، جن شعبوں کے لیے ٹیکس چھوٹ ختم کی گئی ہے ان میں سے بیشتر ری فنڈ اور ایڈجسٹ ہو سکتے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ شرح سود کا تعین زری و مالیاتی مانیٹری پالیسی کمیٹی کرتی ہے، پہلی بار ایکس چینج ریٹ کو مارکیٹ کی حرکیات کے مطابق کیا گیا جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، ایکس چینج ریٹ کو مارکیٹ کی حرکیات کے مطابق کرنے سے حسابات جاریہ کے کھاتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔

جماعت اسلامی والے بھی ایم کیو ایم کی طرح باتیں کر رہے ہیں، سعید غنی

کراچی: (ڈیلی خبریں) سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی نے کہا ہے کہ آج جماعت اسلامی والے بھی ایم کیو ایم کی طرح باتیں کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کو بد ترین شکست ہو گی۔
پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیرسعید غنی نے استفسار کیا کہ جماعت اسلامی والے اس وقت کہاں تھے؟ جب کراچی میں قتل و غارت گری ہو رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بڑی قربانیوں کے بعد امن قائم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ کراچی پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کراچی تباہ نہیں کیا بلکہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی طرح تحریک انصاف کو سندھ میں بھی ناکامی ہوگی۔
پی پی سے تعلق رکھنے والے سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں میئر ایم کیوایم کا رہا ہے اور بربادی کا الزام ہم پر لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو اب ٹھپے مارنے کی اجازت نہیں ملے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کراچی میں پانی کے دو ارب روپے سے زائد کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

دو قبائل میں پرانا تنازع حل، دیامربھاشا ڈیم کی بروقت تعمیر کی راہ ہموار ہوگی: وزیراعظم

لاہور: (ڈیلی خبریں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دو قبائل کے درمیان پرانا تنازع حل ہونے سے دیامربھاشا ڈیم کی بروقت تعمیر کی راہ ہموار ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ دیامربھاشا ڈیم پروجیکٹ کے حوالے سے تاریخی پیشرفت خوش آئند ہے، دیامر اور اپرکوہستان کے عمائدین کے گرینڈ جرگہ نے دیرینہ مسئلہ حل کر لیا، تھور اور ہربن قبائل کے درمیان ایک دہائی پرانا تنازعہ چل رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تنازعہ کے حل سے دیامربھاشا ڈیم کی بروقت تعمیر کی راہ ہموار ہوگی، تنازعہ ختم ہونے سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں حدود کا معاملہ بھی حل ہو گا۔

کور کمانڈرز کانفرنس: سکیورٹی صورتحال، بارڈر مینجمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: (ڈیلی خبریں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرِ صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں داخلی سکیورٹی کی صورتِ حال اور بارڈر مینجمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرِ صدارت 246ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد ہوئی، ملکی داخلی سکیورٹی کی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء کو آپریشن ردالفساد کی تازہ ترین پیش رفت اور کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مری کے برفانی طوفان اور بلوچستان میں شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے متاثرین کو مدد کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان قدرتی آفات کے دوران ریلیف آپریشن میں شامل فارمیشن کی کوششوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تربیت اور جنگی تیاریاں جاری رکھنے پر زور دیا۔

تائیوان کا لڑاکا طیارہ تربیتی مشن کے دوران لاپتہ، سمندر برد ہونے کا خدشہ

تیپائی: (ڈیلی خبریں) تائیوان کے تربیتی مشن کے دوران لاپتہ ہونے والے ایف-16 لڑاکا طیارے کے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ سمندر برد ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان کا جیٹ طیارہ جنوبی شہر چیائی کے ایک فضائی اڈے سے معمول کی تربیتی پرواز بھرنے کے آدھے گھنٹے بعد لاپتہ ہوگیا۔ پائلٹ سے کنٹرول ٹاور کا آخری بار رابطہ اس وقت ہوا تھا جب وہ سمندر کے اوپر پرواز کر رہے تھے۔
عینی شاہدین کا بھی کہنا ہے کہ انھوں نے ایک طیارے کو ہچکولے کھاتے ہوئے سمندر برد ہوتے دیکھا ہے۔ تائیوان کی فوج نے ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا ہے جس میں کوسٹ گارڈ کا جہاز، نیوی کے غوطہ خور اور 2 ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک طیارے کا ملبہ نہیں مل سکا ہے۔ صدر سائی انگ وین نے پائلٹ کے بچاؤ کی ہر ممکن کوشش کا حکم دیتے ہوئے حادثے کے بارے میں وضاحت طلب کرلی ہے۔
واضح رہے کہ چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے اور دونوں نے سرحدوں پر فوجی مشقوں کا آغاز کر رکھا ہے۔

چوتھی ایشین تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

کراچی: (ڈیلی خبریں) چوتھی ایشین تائی کوان ڈو چیمپیئن شپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی ہے۔
ایشین تائی کوان ڈو یونین کے مطابق چینی تائی پے تائی کوان ڈو ایسوسی ایشن کے دستبردار ہونے کے بعد ای ووٹ کے پاکستان کو میزبان منتخب کر لیا۔
چیمپئن شپ رواں سال یکم تا چار نومبر اسلام آباد میں ہوگی۔

فرح خان نے کپل شرما کو ڈانس کرنے سے روک دیا

ممبئی: (ڈیلی خبریں) بالی ووڈ انڈسٹری کی نامور کوریو گرافر فرح خان نے کپل شرما کو ڈانس کرنے سے روک دیا۔
فرح خان اور نامور بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے حال ہی میں کپل شرما شو میں شرکت کی، جس کا پرومو بھارتی ٹیلی ویژن چینل کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
دو منٹ کی اس ویڈیو کے آغاز پر فرح خان اور روینہ کو کپل کے سیٹ پر آتے ہوئے دیکھا گیا۔
بالی ووڈ اداکارہ کے سیٹ پر آتے ہی کپل شرما نے مشہور گانے ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ پر ڈانس شروع کیا تو روینہ نے بھی اُن کا ساتھ دیا۔
کوریو گرافر نے کپل شرما کو روینہ سے دور کیا جس پر کپل نے کوریو گرافر سے اپنے ڈانس کی پسندیدگی سے متعلق سوال کیا۔ جس پر فرح خان نے برجستہ جواب دیا کہ ’یہ ڈانس دیکھ کر تو بارش بھی بند ہوجائے‘۔ کپل شرما شو کی یہ قسط اتوار اور پیر کو نشر کی جائے گی۔