All posts by Khabrain News

آصف زرداری نے تحریک انصاف کی بڑی وکٹ اڑا دی

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) سابق صدر آصف علی زردری نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بڑی وکٹ گرادی۔
سرگودھا سے پی ٹی آئی کے این اے 92 سے ٹکٹ ہولڈر نعیم الدین سیالوی نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ انہوں نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان سا بق صدر سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے وفد کے ہمراہ آصف زرداری سے ملاقات کی اور پی پی میں شمولیت اختیار کی۔
ملاقات کے موقع پر پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف ،جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ، پی پی پی سرگودھا کے ڈویژنل صدر تسنیم قریشی، ضلعی صدر نعمان موہوٹہ، سٹی جنرل سیکریٹری میاں جاوید امجد اور حمید درانی بھی موجود تھے۔

ہمارا اپنا اصلی آئی ایم ایف اوورسیز پاکستانی ہیں: چودھری شجاعت حسین

لاہور: (ڈیلی خبریں) سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے 1 ارب ڈالر کیلئے اتنی تگ و دو کر رہے ہیں ، ہمارا اپنا اصلی آئی ایم ایف اوورسیز پاکستانی ہیں ۔
اوورسیز پاکستانیوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے 2021 میں ریکارڈ 33 ارب ڈالر پاکستان کو بھیجے، بطور وزیر اعظم بیرون ملک انتقال کر جانے والے پاکستانیوں کی میتیں پی آئی اے کے ذریعے مفت وطن لانے کا قانون بنایا ، میں نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے انشورنس پالیسی شروع کرنے کی کوشش کی تھی ، لیکن پرائیویٹ انشورنس کمپنیاں اس میں شامل نہیں ہونا چاہتی تھیں ۔
انہوں نے مزید کہا عمران خان نے کہا کہ یہ بڑی اچھی پالیسی ہے، اگر پرائیویٹ انشورنس کمپنیاں یہ نہیں کرتیں تو حکومت کی اپنی انشورنس کمپنی موجود ہے جو یہ کر سکتی ہے، مجھے امید ہے کہ عمران خان کو میری یہ بات یاد ہوگی۔
چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں تقریباً 90 لاکھ پاکستانی ہماری معیشت کا اہم ترین ستون ہیں اور یہ لوگ پاکستان کی خدمت اپنی ماں کی طرح کرتے ہیں ۔

اسحاق ڈار کی بطورِ سینیٹر نااہلی کے لیے دوبارہ درخواست دائر

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) الیکشن کمیشن میں اسحاق ڈار کی بطور سینیٹرنااہلی کے لیے دوبارہ درخواست دائر کردی گئی۔
الیکشن کمیشن میں درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ عطاالحق قاسمی کیس میں چار کروڑ روپے اسحاق ڈار کی طرف واجب الادا ہیں اسحاق ڈار نے ابھی تک عدالتی حکم کی تعمیل نہیں کی لہذا اسحاق ڈار کو نااہل کیا جائے۔

منی بجٹ کا عام آدمی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اب بھی سستا ملک ہے، مہنگائی عالمی مسئلہ ہے، منی بجٹ کا عام آدمی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
14 ویں انٹرنیشنل چیمبرز کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انڈسٹری لگانے کے لیے زمین بہت مہنگی ہوتی ہے، ہم انڈسٹری لگانے کے لیے زمین لیزپرفراہم کریں گے، صنعتیں لگانے کے لیے سرکاری اراضی لیزپردینے کا فیصلہ کیا ہے، کوشش کر رہا ہوں مدینہ کی ریاست لوگوں کی زندگیوں میں آجائے، مدینہ کی ریاست دنیا کا سب سے بڑا انقلاب آیا تھا، مدینہ کی ریاست دنیا کی تاریخ سب سے کامیاب ماڈل تھا، جب معاشرے میں قانون کی بالادستی نہ ہو تو کرپشن بڑھتی ہے، ہماری جنگ پاکستان میں قانون کی بالادستی قائم کرنا ہے، یہ پاکستان کی مستقبل کی جنگ ہے، بنانا ری پبلک میں انصاف نہیں ہوتا۔ کرپشن کی وجہ سے رنگ روڈ منصوبہ تاخیرکا شکارہوا۔
مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ سے لوگ تکلیف میں ہیں، اس وقت پوری دنیا کا یہ مسئلہ ہے، برطانوی پارلیمنٹ میں بورس جانسن پر گیس کی قیمتیں بڑھنے پر تنقید ہو رہی ہے، ملک میں آئل، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی، لوگ تکلیف میں ہیں، پاکستان میں ابھی پٹرول کی قیمتیں بھارت،بنگلادیش سے سستی ہیں، کسی بھی حکومت کو اتنا بڑا خسارہ نہیں ملا تھا، سعودی عرب، چین مدد نہ کرتے تو پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہوتا، معاشی حالات بہتر ہوئے تو صدی کا بڑا کرائسز کورونا آ گیا تھا، پاکستان نے کورونا کے دوران بہترین پالیسی اپنائی اور مشکل فیصلے کئے، جو ہم نے مشکل فیصلے کیے آج وہی برطانیہ میں بورس جانسن کر رہا ہے، کورونا کے دوران مجھ پربڑی تنقید کی گئی تھی۔ کورونا کے بعد پھرافغانستان کا کرائسزآگیا، پاکستان سے ڈالرافغانستان جانا شروع ہوگیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پیاز، ٹماٹر بیچ کر خوشحال نہیں ہوسکتے، کورونا کے باوجود لارج سکیل مینو فیکچرنگ میں 15 فیصد اضافہ ہوا، ہماری حکومت کو نااہل کہا جاتا ہے، حکومت نے ملک کو کورونا،بے روزگاری سے بچایا، کنسٹرکشن سیکٹراس وقت بوم کررہا ہے، ایگری کلچر میں 1100 ارب کسانوں نے کمائے، موٹرسایئکل کی ریکارڈ فروخت ہورہی ہے۔ اس بارریکارڈ ٹیکس اکٹھا ہوا ہے، ایک سال میں1300ارب اضافی ٹیکس اکٹھا کیا ہے، کورونا کے باوجود پاکستان کی گروتھ ،ٹیکس ریونیوبڑھا ہے۔
کرپشن کے بارے میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ جنگ صرف میں نے نہیں پورے معاشرے نے جنگ لڑنی ہے، میں تواسے جہاد سمجھتا ہوں، میں ہر روز یہ جنگ لڑتا ہوں، مافیازنے افراتفری پھیلائی ہوئی ہے یہ ہو گیا، وہ ہو گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ بڑھانے والوں کو ہرقسم کی سہولت اور انہیں ایوارڈ دینے کی ضرورت ہے۔ ایکسپورٹ، ٹیکس ریونیو اکٹھا کرنا پاکستان کے لیے بہت اہم چیزہے، پاکستان میں کبھی ایکسپورٹ بڑھانے پر توجہ نہیں دی گئی، ایشین ٹائیگربننے والے ملک ایکسپورٹ بڑھانے کی وجہ سے بنے، ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ہرممکن مدد کریں گے۔ اگرایکسپورٹ نہیں بڑھے گی تو پھرآئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا، پاکستان دنیا میں تقریبا سب سے کم ٹیکس دیا جاتا ہے، پاکستان میں ٹیکس کلچرپروان نہ چڑھانے پر ایف بی آر سمیت سب شامل ہیں، برطانیہ کے حکمران ٹیکس کا پیسہ دیکھ بھال کر استعمال کرتے ہیں، برطانوی لوگ اس لیے ٹیکس دیتے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان میں ٹیکس دینے کا کلچرپروان نہیں چڑھا، ہمارے حکمرانوں کا شاہانہ اندازتھا، ٹیکس کلچر کو پروان چڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امیرملکوں نے بھی کبھی یونیورسل ہیلتھ کی کوشش نہیں کی، سندھ کے علاوہ ہر خاندان کو10لاکھ کی انشورنس دے رہے ہیں۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ایک اور سکینڈل کی زد میں آگئے

لندن: (ڈیلی خبریں) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ایک اور سکینڈل کی زد میں آگئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال جب پوری قوم کورونا ایس او پیز کے تحت تقریبات پر پابندیوں سے دوچار تھی تو ایسے میں ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ میں آؤٹ ڈور پارٹی منعقد کی گئی جس کی سکاٹ لینڈ یارڈ مبینہ غیر قانونی تقریب کی تحقیقات کر سکتا ہے۔
برطانوی میڈیا پر ایک ای میل منظر عام پر آئی ہے جس کے مطابق گزشتہ سال مئی میں وزیر اعظم ہاؤس کے باغ میں پارٹی کا اہتمام کیا گیا ، پارٹی میں بورس جانسن ، ان کی اہلیہ اور 40 سے زائد دیگر افراد شریک ہوئے جبکہ اُس وقت برطانیہ میں 2 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی عائد تھی ۔
یہ خبر سامنے آنے کے بعد برطانوی میڈیا میں ہلچل مچ گئی اورعوام پر عائد پابندیوں کی خود پیروی نہ کرنے پر برطانوی وزیر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ مبینہ غیر قانونی پارٹی کی تحقیقات پر غور کر رہا ہے

امریکا کا افغانستان کو 308 ملین ڈالر کی امداد دینے کا اعلان

واشنگٹن: (ڈیلی خبریں) امریکا نے رواں سال افغانستان کو 308 ملین ڈالر انسانی امداد دینے کا اعلان کردیا ہے ۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی کی جانب سے افغانستان کو دی جانے والی امدادی رقم اشیائے خورونوش، صحت اور دیگر ضروریات مہیا کرنے کے لئے استعمال ہوگی ۔
واضح رہے کہ امریکا نے اقوام متحدہ کی اپیل کے بعد امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے ۔

فوجی اتحاد نے مشن مکمل کرلیا ہے: قازق صدر قاسم جومارت

نورسلطان: (ڈیلی خبریں) قازقستان کے صدر کا کہناہے کہ روسی فوجی اتحاد نے مشن مکمل کرلیا ہے اور2 روز میں فوجیوں کے انخلا کا آغاز ہوجائے گا ۔
قازقستان کے صدر قاسم جومارت نے قوم سے خطاب میں بتایا ہے کہ روسی فوجی اتحاد سی ایس ٹی او 2روز میں فوجی انخلا کا آغازکرے گا اور 10 روز میں تمام غیر ملکی افواج ملک سے چلی جائیں گی۔
صدر نے علی خان اسماعیلوف کو نیا وزیر اعظم بھی تعینات کردیا ہے جبکہ گزشتہ ہفتے ہونے والے پر تشدد احتجاج کو قازق حکومت نے بغاوت قرار دے کر روس سے فوج بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔

نیویارک اپارٹمنٹ میں آتشزدگی سے زیادہ تر مسلمان جاں بحق ہوئے

نیویارک: (ڈیلی خبریں) امریکا کی ایک رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی میں 9 بچوں سمیت 19 افراد ہلاک اور 63 سے زائد زخمی ہوئے تھے جن کے بارے مین اب انکشاف ہوا ہے کہ یہ زیادہ تر مسلم تارکین وطن تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے بتایا کہ گزشتہ روز ہیٹر کے باعث عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ سے جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت گیمبیا سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی تھی۔
نیویارک کے علاقے برونکس کے رہائشی اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے 9 بچوں سمیت 19 افراد کے زندگی کے چراغ گُل ہوگئے تھے جب کہ 63 سے زائد زخمی ہوئے تھے تاہم میئر ایرک ایڈمنز نے یہ نہیں بتایا کہ ان میں سے کتنے مسلمان تھے۔
دوسری جانب اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے نمائندے کا دعویٰ ہے کہ تقریباً تمام ہی متاثرین مسلمان تھے اور شہر کے میئر کے ساتھ مل ان کے جنازے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
آتشزدگی میں زخمی ہونے یا زندہ بچ جانے والے حکومت سے امداد لینے سے گریز کر رہے ہیں کیوں نہ یہ سب تارکین وطن ہیں اور امداد لینے سے حکومت کی نظر میں آجانے سے ملک بدر کیے جانے کے خوف میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
اس خوف کو مدنظر رکھتے ہوئے نیویارک کے میئر نے متاثرین کو یقین دلایا ہے کہ سرکاری مدد لینے والوں کے نام امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کو فراہم نہیں کیے جائیں گے اور نہ کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو دیں گے۔

عثمان مرزا ویڈیو کیس، متاثرہ لڑکے اور لڑکی کا ملزمان کو پہچاننے سے انکار

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) عثمان مرزا ویڈیو زیادتی اور بلیک میلنگ کیس میں متاثرہ لڑکے اور لڑکی نے ملزمان کو پہچاننے سے انکار کردیا ہے۔
ٹرائل کورٹ میں عثمان مرزا کے خلاف ویڈیو اور بلیک میلنگ کیس میں مدعی لڑکے اور لڑکی اپنے بیان سے مکر گئے اورعدالت میں بیان دے دیا ہے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں اسلام آباد میں لڑکے اور لڑکی پر تشدد کے کیس میں گرفتار مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت تین ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ کیس کی تفتیش میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے تھے کہ عثمان مرزا گینگ نے متاثرہ لڑکی اور لڑکے کو بلیک میل کرکے 13 لاکھ روپے بھی وصول کیے۔

ترکی کے انٹرنیشنل فٹبالر احمت چالک کار حادثے میں جاں بحق

انقرہ: (ڈیلی خبریں) ترکی کے انٹرنیشنل فٹبالر احمت چالک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئے ۔
27 سالہ ترک ڈیفنڈر کار حادثے کا شکار ہو گئے ، تیز رفتاری کے باعث ان کی کار قلابازیاں کھاتی مرکزی شاہراہ سے اتر کر کھلے میدان میں جا گری جس کے باعث وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے ۔
ترکش فٹبال ایسوسی ایشن ، ان کی کلب گیلاٹاسارے انتظامیہ اور اہل خانہ سمیت پرستاروں نے اس غم کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ۔