لاہور(خبریں ڈیجیٹل) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے دوران پرواز سیٹلائٹ کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی فراہمی کے لیے لائسنسنگ فریم ورک کو حتمی شکل دے دی۔ پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام سے فضائی سفر کے دوران مسافروں کو بہتر انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولیات کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگی۔ فریم ورک کے تحت لائسنس یافتہ سروس فراہم کنندگان، پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈکے ساتھ رجسٹرڈ سیٹلائٹس کے ذریعے، پی ٹی اے کی لائسنسنگ شرائط و ضوابط کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ طیاروں کو ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کر سکیں گے۔ پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والے ٹرانزٹ طیاروں کے لیے متعلقہ شرائط و ضوابط کی تکمیل سے مشروط پی ٹی اے سے این او سی سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ اسی طرح دوران پرواز ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے آغاز سے مسافروں کو بلاتعطل انٹرنیٹ کی سہولت میسر آئیں گی، جس کے ذریعے وہ فضائی سفر کے دوران ڈیجیٹل خدمات، تفریحی مواد، ذاتی رابطوں اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق آن لائن سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔ یہ اقدام ملک میں ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ کے لیے پی ٹی اے کی کاوشوں کا تسلسل ہے، جس کا مقصد زمینی ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کے ساتھ ساتھ فضائی سفر کے دوران بھی مسافروں کو جدید، موثر اور بلاتعطل مواصلاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
دوران پرواز بزریعہ سیٹلائیٹ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی فراہمی کیلئے لائسنسگ فریم ورک تیار

