کھٹمنڈو: (ویب ڈیسک) نیپالی کرکٹر سندیپ لامیچھانے کو مبینہ ریپ کے الزام میں دوحہ سے واپسی پرکھٹمنڈو کے تریبھون انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترتے ہی حراست میں لے لیا گیا۔
ان کی گرفتاری کا حکم گزشتہ ماہ ایک نابالغ لڑکی کے ریپ کیس میں جاری کیا گیا تھا۔17 سالہ لڑکی نے سندیپ کے خلاف شکایت درج کروائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ کرکٹر نے کھٹمنڈو کے ایک ہوٹل کے کمرے میں اس کے ساتھ زیادتی کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر لامیچھانے نے کہا تھا کہ ان کے نام پر جاری ہونے والے وارنٹ اور ان کے خلاف مقدمے نے انہیں ذہنی طور پر تھکا دیا ہے لیکن وہ اپنے خلاف لگائے گئے جھوٹے الزامات کا دفاع کرنے کے لیے نیپال واپس جائیں گے۔
لامیچھانے نے فیس بک پر جاری اپنے بیان میں لکھا تھا کہ وہ ‘تفتیش کے تمام مراحل میں مکمل تعاون کریں گے اور اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے قانونی جنگ لڑیں گے’۔
یاد رہے کہ 8 ستمبر کو نیپال کی ایک عدالت نے سندیپ لامیچھانے کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا لیکن اس وقت وہ کیریبئن پریمیئر لیگ کھیل رہے تھے اور نیپال کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی تھے۔
گزشتہ ماہ نیپال کرکٹ ایسوسی ایشن نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ لامیچھانے کو ٹیم سے معطل کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے خلاف الزامات کی تحقیقات میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
واضح رہے کہ سندیپ لامیچھانے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) ، بگ بیش لیگ (بی بی ایل ) اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) بھی کھیل چکے ہیں۔
نا بالغ لڑکی سے مبینہ ریپ کے الزام میں نیپالی کرکٹر سندیپ لامیچھانے گرفتار

