اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف 26) اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا۔ دو روزہ عالمی فورم نے پاکستان کے معدنی وسائل کو بین الاقوامی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور طویل المدتی معاشی ترقی سے منسلک کرنے کے لیے اہم پیش رفت کی۔ فورم میں 60 سے زائد ممالک کے 10 ہزار سے زیادہ ملکی و غیر ملکی افرادنے شرکت کی، جبکہ پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔12 اور 13 نومبر کو منعقد ہونے والا یہ فورم حکومت پاکستان کے زیر اہتمام، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سرپرستی میں منعقد ہوا، جبکہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) اس کا بانی شراکت دار تھا۔ فورم میں اسٹریٹجک اور تکنیکی کانفرنسز کے علاوہ بین الاقوامی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں نے اپنی جدید ٹیکنالوجی، مہارت اور خدمات پیش کیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے حکومتی تعاون اور سرمایہ کاری کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ”آپ کا تحفظ ہمارا تحفظ ہے۔” وزیراعظم نے خام معدنیات کی برآمد کے بجائے مقامی سطح پر پروسیسنگ، ریفائننگ اور تیار و نیم تیار مصنوعات کی تیاری کے لیے صنعتی سہولیات کے قیام پر زور دیا تاکہ روزگار، تکنیکی مہارت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے مواقع پیدا ہوں۔چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان طویل المدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی مرکز بننے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کان کنی کے پورے نظام، سرمایہ کاری، منصوبوں، صنعتوں اور اس شعبے سے وابستہ افراد کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مقصد صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت مکمل ویلیو چین کو ترقی دینا ہے تاکہ ملک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی فوائد پیدا کیے جا سکیں۔فورم کے دوران بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دشتِ کین میں تقریباً 35 کروڑ ٹن تانبے کے ممکنہ ذخائر کی نشاندہی کی گئی۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے ڈرلنگ کے تقریباً نصف ڈیٹا کے تجزیے کی بنیاد پر یہ تخمینہ پیش کیا۔ ماڑی منرلز نے بھی چاغی میں سونے اور تانبے کی اہم دریافت کا اعلان کیا، جبکہ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) نے ضلع چاغی میں کم از کم آٹھ پورفیری مقامات پر تانبے اور سونے کی معدنیات کی موجودگی کی اطلاع دی۔ این آر ایل نے پاکستان کے معدنی شعبے میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور سروس فراہم کرنے والے اداروں کو بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وفاقی وزیر برائے توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک نے معدنی شعبے میں جدید ایکسپلوریشن، جیولوجیکل میپنگ اور مستند معلومات تک رسائی بہتر بنانے کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بلوچستان کے ضلع چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے، گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن، جبکہ خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور بنیادی دھاتوں کے معدنی امکانات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر معدنی معلومات تک رسائی اور سرمایہ کاری کے مواقع بہتر بنانے کے لیے نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان (جی ایس پی) جیوپورٹل کا بھی افتتاح کیا گیا۔فورم کے مختلف اجلاسوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی، ٹرانسپورٹ نیٹ ورک، ماحولیاتی و سماجی معیارات، شفاف ضوابط اور سرمایہ کاروں کے لیے قابلِ اعتماد پالیسی نظام کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت، جدید پروسیسنگ ٹیکنالوجی، ارضیاتی جائزوں، معدنی ذخائر کی تلاش اور پائیدار کان کنی سے متعلق تکنیکی مباحثے بھی منعقد ہوئے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم آئی ایف کے صدر اور او جی ڈی سی کے ایم ڈی و سی ای او احمد حیات لک نے او جی ڈی سی اور ووڈ میکینزی کے اشتراک سے شروع کیے گئے قومی منرلز کیپیسٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کو اجاگر کیا، جس کا مقصد معدنی شعبے میں پیشہ ورانہ مہارتوں، ادارہ جاتی استعداد اور صنعتی معیار کو بہتر بنانا ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم اسلام آباد میں اختتام پذیر

