تازہ تر ین

جیل اور جلا وطنی کاٹی, گھبرانے والا نہیں, عوام کواگلے الیکشن بارے بڑی خوشخبری بھی سُنادی

قصور، پھولنگر (بیورو رپورٹ، نمائندہ خبریں) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ نوازشریف گھبرانے والا نہیں عوام اطمینان رکھیں منتخب حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور آئندہ 5سال بھی مسلم لیگ ن کی ہی حکومت ہوگی ، مخالفین نے کبھی جیل نہیں دیکھی، ہم نے جیل کاٹی ہے، کسی چیز سے مرعوب اور خوفزدہ ہونے والے نہیں۔ ملک میں ترقی کے عمل سے مخالفین خوفزدہ ہیں 2013میں مسترد ہونے والے آج عوام سے انتقام لینا چاہتے ہیں،2018کا پاکستان آج سے بہت بہتر اور خوشحالی ہوگا ۔ 2018 میں بجلی کی لوڈشیڈنگ صرف ختم ہی نہیں ہو گی بلکہ بجلی سستی بھی ہوگی، نوازشریف جو اعلان کرتا ہے اس پر عمل بھی کرتا ہے،پھول نگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف پھول نگر میں سوئی گیس ٹیکنیکل کالج جدید ہسپتال کے قیام سمیت مختلف اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ۔ پنجاب کے ضلع قصور کے پھول نگر(بھائی پیرو)میں مسلم لیگ )ن(کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پھول نگر آنے کی میری بڑی دیر سے خواہش تھی یہ میری خوش بختی ہے کہ آج میں آپ کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں اور آپ میرے سامنے موجود ہیں جتنے خوش آپ ہیں اس سے دوگنامیں خوش ہوں ۔ عوام کی خدمت میں حاضر ہونا میرے لیئے فخر کی بات ہے ۔میں اس لیئے بھی خوش ہوں کہ پھول نگر کی عوام نے کبھی ن لیگ سے بے وفائی نہیں کی ۔ ہمیشہ مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا ہے ۔ جو لوگ آج پھر میدان میں جمع ہوئے ہیں ۔ آج تک پھول نگر کے لوگوں نے انہیں گھاس نہیں ڈالا ہمیشہ ن لیگ کا ساتھ دیا ہے اس لئے میں آپ پھول نگر کے لوگوں سے بہت خوش ہوں سوئی گیس تو دور کی بات ہے آپ جو مانگو گے اللہ تعالی آپ کو دے گا۔ یہاں آتے ہیں ہی مجھ سے پوچھا گیا کہ کیا سوئی گیس کا اعلان کریں گے ۔ جس پرمیں نے کہا کہ آج سوئی گیس نہیں جو کہوگے اس کا اعلان کروں گا۔ صرف اعلان ہی نہیں انشاءاللہ پورا بھی کرتاہوں وزیراعظم نے کہا کہ آواز خلق نقارہ خداہوتی ہے یعنی عوام کی آواز اللہ تعالی کا فیصلہ ہوتا آپ عوام اطمینان رکھیں ۔ آپ کی حکومت یہ 5سال بھی پورے کرے گی اور اس کے بعد اگلے 5سال پورے کرے گی آپ یہ جانتے ہیں کہ ہم کسی چیز سے خوفزدہ اور مرعوب ہونے والے نہیں ہیں ۔ ہم صرف اپنے اللہ سے ڈرتے ہیں نوازشریف گھبرانے والا نہیں ہے ۔ ہم نے اٹک قلعہ جیسے جیل کاٹی ہے جلاوطنی کاٹی ہے ہمارے مخالفین نے تو کبھی جیل کا دروازہ بھی نہیں دیکھا ۔ جب ہم فوجی آمروں کی جیلیں کاٹ رہے تھے ۔ یہ لوگ ان کے جعلی ریفرنڈم کے حق میں ہم چلارہے ہیں یہاں میں مشرف کی بات کررہا ہوں آج یہ جس جمہوریت کے مزے لوٹ رہے ہیں یہ سیاسی جماعتوں وکلاء، میڈیا سول سوسائٹی اورعوام کی قربانیوں کا نتیجہ ہے یہ آج اس عوامی مینڈیٹ کی بھی توہین کررہے ہیں ۔ جس نے انہیں کے پی کے کی حکومت دلوائی یہ آج آپ عوام سے انتقام لینا چاہتے ہیں کہ آپ نے انہیں 2013میں مسترد کردیا تھا لیکن ان کو معلوم نہیں لوگ انہیں 2018کو پھر مسترد کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ میں نے تین سال پہلے جو خواب دیکھا تھا الحمداللہ آج اس خواب کی تعبیر کا وقت آگیا ہے۔ آج طلوع سحر کے ایثار واضح دکھائی دے رہے ہیں ۔ جو آدمی اپنی آنکھوں سے دیکھتا ہے آج گواہی دے گاکہ 2016کا پاکستان 2013کے پاکستان سے کہیں بہتر ہے ۔ نوازشریف نے کہا کہ معاشی اقتصادی طور پر دہشت گردی کے حوالے سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے آج پاکستان بہت بہتر ہے ۔ انشاءاللہ 2018کا پاکستان 2016سے بھی کہیں بہتر ہوگا۔ سب جانتے ہیں 2013میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا کیا حال تھا اس وقت 18سے 20گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوئی تھی جبکہ آج کہیں کم ہوگئی ہے ۔ 2018میں لوڈ شیڈنگ کو ہمیشہ کیلئے ختم کردیا جائے گا۔ صرف لوڈ شیڈنگ ہی ختم نہیں ہوگی بلکہ بجلی سستی بھی ہوجائے گی ۔ پہلے 18روپے فی یونٹ تھی آج 10روپے فی یونٹ آچکی ہے ۔ 2018میں اس سے بھی زیادہ بجلی سستی کریں گے ۔ یہ سب کچھ کام کرنے سے ہوتا ہے ہم دن رات محنت کررہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھکی میں گیس بہت بڑا پاور پلانٹ لگ رہا ہے ۔ اس طرح کے کئی اور منصوبے لگ رہے ہیں ۔ پہلی دفعہ پاکستان کی تاریخ میں بجلی کے اتنے بڑے کارخانے لگ رہے ہیں میں پوچھتا ہوں پہلے کسی نے کیوں نہ کیا ۔ یہ منصوبے پچھلی حکومت نے کیوں نہ لگائے ۔ ہمیں پاکستان اور عوام کو درد ہے ۔ اس لیئے منصوبے لگ رہے ہیں ۔ ہمیں احساس ہے کہ کاشتکار صنعتکارگھریلوصارفین اتنی مہنگی بجلی کہاں سے خریدیں گے ہمارا قوم سے وعدہ ہے کہ ہم نہ صرف بجلی کی کمی کو پورا کریں گے بلکہ اسے بہت سستا بھی کریں گے وزیراعظم نے کہا کہ ہم موٹروے پشاور سے اسلام آباد پھر اسلام آباد سے لاہور لائے پھر اس نے ملتان جانا تھا مگر 1999میں ہماری حکومت ختم کردی گئی میں پوچھتا ہوں نوازشریف نے کیا قصور کیا تھا ۔ ہماری حکومت کرنے پر موٹروے لاہور میں رک گئی حالانکہ اس وقت اس نے کراچی تک جانا تھا۔اب دوبارہ ہماری حکومت آنے پر لاہو رسے ملتان اور ملتان سے کراچی بن رہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ کتنی زیادتی کی بات ہے کہ یہ موٹروے وہیں کھڑی رہی جہاں نوازشریف چھوڑ گیا تھا ۔ بلوچستان میںترقی کا ایک وسیع منصوبہ ہے وہاں بے حساب سڑکیں بن رہی ہیں گوادر نیا پورٹ بن رہا ہے ۔ آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ میں نے دہشت گردی کا مقابلہ ہے اور یہ ختم ہونے کے بالکل قریب ہے ۔ اس کیلئے ہماری فوج نے بہت قربانیاں دیں ہیں ۔ آج پاکستان پرامن ہورہا ہے اور ترقی کے عروج کی طرف گامزن ہے جس کی گواہی دنیا دے رہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین ہمارا عظیم دوست ہے چین نے پاکستان کے ساتھ مل کر پاکستان کے اندر ترقی کے جو منصوبے بنائے ہیں وہ بے مثال ہیں یہ ایک ایسا سورج طلوع ہورہا ہے جو آنے والی صدیوں میں پاکستان کو روشن ملک بنائے گا۔سی پیک سے چاروں صوبوں میں یکساں ترقی ہوگی یہ پاکستان کی تاریخ کے بہت بڑے منصوبے ہیں ۔ ہمارے سیاسی مخالفین اس ترقی کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں یہ پروگرام آگے نہ بڑھے وہ سمجھتے ہیں کہ اگر یہ حکومت پاکستان کی ترقی کیلئے 2018تک اپنا کردار ادا کرتی ہے تو ان کا سیاسی مستقبل ختم ہے ۔ انشاءاللہ ان کاسیاسی مستقبل ختم ہوجائے گا۔ صرف چند دنوں کی ہی بات ہے آج پاکستان کی بھی پی آئی اے ریلوے ترقی کررہی ہے ۔ ہم نے بے شمار ترقیاتی کام شروع کررکھے ہیں جن میںکھیتوں سے لے کر منڈیوں تک سڑکیں ہیں ۔ پینے کے صاف پانی کا بھی انتظام کررہے ہیں وزیراعظم نے اس موقع پر حلقہ این اے 141کی گیس کیلئے 50کروڑ روپے اور لفٹ ایری گیس لفٹ کیلئے 30کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا ۔ حلقہ 142-183-184پھول نگر کی سوئی گیس کیلئے 100کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا سڑکوں ،پلوں ،سکولوں ،تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال اور پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کیلئے مزید 100کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پھول نگر کو موٹروے تک ملانے کیلئے نئی ہائی وے بنائی جائے گی ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر پھول نگر کیلئے ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کا بھی اعلان کیا ۔ ٹیکنیکل کالج نوجوانوں کیلئے تحفہ ہے ۔ پھول نگر پاکستان کا ترقی یافتہ شہر بن جائے گا۔ پھول نگر کے بزرگوں نے بھی ن لیگ کا ساتھ دیا اور آئندہ نسلیں بھی ن لیگ کا ہی ساتھ دیں گی دعا کریں میں دوبارہ آﺅں تو آپ کو بتاﺅں کہ لوڈ شیڈنگ دہشت گردی ہمیشہ کیلئے ختم ہوچکی ہے ۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain