تازہ تر ین

متنازعہ خبر بارے تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس, اہم حکومتی شخصیات طلب

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) قومی سلامتی سے متعلق متنازعہ خبر کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی نے اپنی کارروائی کا آغازکردیا،پہلے اجلاس میں کمیٹی کو چوہدری نثار علی خان کی طرف سے ایک گھنٹے کی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے متنازعہ خبر سے متعلق اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیاگیا،کمیٹی نے تما م ارکان کی مشاورت سے ایک سوال نامہ تیار کرلیا ہے جوصوبوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس میں شریک اہم حکومتی شخصیات اور سرکاری افسران کو طلبی کے موقع پر دیا جائے گا،کمیٹی متنازعہ خبر لیک کرنے کے محرکات اور ذمہ داروں کا تعین کرکے سفارشات کے ساتھ اپنی رپورٹ وزیرداخلہ کو پیش کرے گی،وزیرداخلہ یہ رپورٹ وزیراعظم کو پیش کریں گے اور کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔ جمعرات کو قومی سلامتی سے متعلق متنازعہ خبر کی تحقیقات کیلئے قائم انکوائری کمیٹی کا پہلا اجلاس پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں ہوا،جسٹس (ر)عامر رضا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کمیٹی کے اراکین سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سید طاہر شہباز،ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب ڈاکٹر عثمان انور،محتسب اعلیٰ پنجاب نجم سعید اور انٹیلی جنس اداروں آئی ایس آئی،ایم آئی اور آئی بی کے نمائندوں نے شرکت کی۔وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کمیٹی کی درخواست پر متنازعہ خبر سے متعلق ایک گھنٹے تک بریفنگ دی،چوہدری نثار نے وزریراعظم کی ہدایت پر متنازعہ خبر کی انکوائری کی تھی اور اس انکوائری کی روشنی میں سنیٹر پرویز رشید سے اطلاعات و نشریات کی وزارت کا قلمدان واپس لیا گیا تھا۔چوہدری نثارنے اپنی انکوائری رپورٹ بھی کمیٹی کے حوالے کی۔ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے پہلے اجلاس میں سوال نامہ تیار کیا ہے ،کمیٹی میں طلب کی جانے والی حکومتی شخصیات اور سرکاری افسروں کے ناموں کی فہرست بھی مرتب کی ہے اور یہ سوال نامہ قومی سلامتی سے متعلق اجلاس کے بیشتر شرکاءکوبھی بھیجا جائے گاجن میں وفاقی وزراءاور صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق کمیٹی صحافی سرل المیڈا کو بھی طلب کرے گی اور متنازعہ خبر سے متعلق سوالات پوچھے گی۔ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کے سربراہ سمیت تمام ارکان میڈیا سے کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں کریں گے اور ضرورت پڑنے پر کمیٹی کے سربراہ جسٹس (ر) عامر رضا کی طرف سے میڈیا کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر ان کیمرہ اجلاس منعقد کرے گی اور 30دنوں کے اندر انکوائری مکمل کرکے رپورٹ وزیرداخلہ کو پیش کرے گی۔کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم متنازعہ خبر کے کرداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain