آواران،ڈیرہ اسماعیل خان(مانیٹرنگ ڈیسک) آواران کے علاقے میں فوجی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں کیپٹن سمیت پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ” آئی ایس پی آر “کے مطابق آواران کے علاقے سے پاک آرمی کا قافلہ گزر رہا تھا کہ اسی دوران بارودی سرنگ دھماکے سے پھٹ گئی۔بارودی سرنگ پھٹنے سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کیپٹن طحہٰ ، سپاہی کامران ستی اور سپاہی مہتر جان موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ پاک فوج کے 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سبزی منڈی کے قریب پولیس موبائل پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی، واقعے میں 3اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق جوابی فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، جاں بحق اہلکاروں کی لاشیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کے بعد پولیس کی مزید نفری علاقے میں پہنچ گئی، ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔