لاہور، کراچی، پشاور، راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی سے پاکستان کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، قومی ہیروز کا ایئرپورٹس پر والہانہ استقبال، منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور ، اہل خانہ شائقین اور سیاسی شخصیات نے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق آج علی الصبح بھارت کو ناکوں چنے چبوانے کے بعد ٹرافی سے پاکستانی ٹیم پاکستان پہنچی۔ قومی ہیروز کے انتظامیہ میں بے چین شائقین نے والہانہ استقبال کیا۔ ایئرپورٹس کے علاوہ انکے گھرپر بھی ان کا خواب استقبال کیا گیا، فاتح کھلاڑیوں پر منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑوں نے سماں باندھ دیا، ایئرپورٹس پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، لاہور کے کھلاڑیوں کا اگرچہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے استقبال کرنا تھا مگر سکیورٹی وجوہات کی بناپر نہ آ سکے جبکہ رانا مشہود اور وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ موجود تھے۔ حسن علی، بابراعظم، فہیم اشرف اور احمد شہزاد لاہور آئے تو شائقین کی بڑی تعداد نے روایتی انداز میں استقبال کیا۔ سرفراز کی کراچی آمد پر گورنر سندھ اور میئر کراچی نے ان کا استقبال کیا، رومان رئیس بھی کپتان کے ہمراہ تھے۔ قومی ہیروز کو مکمل پروٹوکول دیا گیا۔ فخرالزمان کو ایئرپورٹ لینے کیلئے ان کے اہلخانہ اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ عمادوسم کا شاداب خان راولپنڈی میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ حارث سہیل سیالکوٹ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا، حفیظ، شعیب ملک اور اظہر علی کا غیر ملکی کوچنگ سٹاف چھٹیوں پر اپنے وطن روانہ ہوگیا جو کہ بیس جولائی کو پاکستان واپس آئے گا۔ قومی ٹیم کے اعزاز میں پنجاب حکومت استقبالیہ دے گی اور ان کے لیے بڑی مراعات کا اعلان کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے رانامشہود کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی جس میں وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ، میئر لاہور کرنل مبشر، ڈی جی سپورٹس، سیکرٹری سپورٹس شامل ہونگے۔ وطن واپسی کے بعد کراچی میں اپنے گھر کے باہر کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی دعائیں رنگ لائیں۔ لڑکوں نے پہلے میچ میں بھارت سے ہارنے کے بعد اچھا کم بیک کیا۔ پورے ایونٹ میں سینئر کھلاڑی بہت اچھا کھیلے، ٹیم انتظامیہ نے قدم قدم پر بہت تعاون کیا، آنے والے وقت میں اور بھی شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب لڑکوں کو میں نے کہاتھا کہ وہ اپنی نیچرل کھیل کھیلیں۔ پوری ٹیم نے باﺅلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بہت محنت کی تھی۔ والدین کی دعاﺅں سے فتح ملی۔ انہوں نے کہا کہ والدہ عمرہ کرنے گئی ہیں اور وہاں ہماری جیت کیلئے دعائیں کرتی رہیں۔ ایونٹ کو ہرانے کی بہت خوشی ہوئی، ہم نے سوشل میڈیا پر کوئی دھیان نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ شاندار استقبال پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ سرفراز کے اتقبال کیلئے انکے گھرکے باہر عوام کا جم غفیر موجود تھا۔ انہوں نے موقع پر نعرے اور سیلفیاں بھی بناتے رہے۔