لاہور(نیوزایجنسیاں)قومی کھلاڑی اظہر علی کے بچوں کی انڈین کپتان ویرات کوہلی، مہندر سنگھ دھونی اور یووراج سنگھ کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ گزشتہ روز پاکستانی کپتان سرفراز احمد کے بیٹے کی مہندر سنگھ کے ساتھ تصویر کے چرچے تھے تو آج اظہر علی کے بچوں کی انڈین کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر نے دھوم مچا دی ہے۔قومی کھلاڑی اظہر علی نے ان تصاویر کو ایک ٹویٹ کے ساتھ شیئر کیا ہے جس کو انڈیا اور پاکستان کے صارفین پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ ان تصاویر کو ہزاروں دفعہ پسند اور ری ٹویٹ کیا جا چکا ہے۔ اظہر علی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ وہ انڈیا کے لیجنڈ کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے میرے بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ خیال رہے ان تصاویر میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی، مہندر سنگھ دھونی اور یووراج سنگھ اظہر علی کے بچوں کے ساتھ تصاویر میں نظر آرہے ہیں۔ان تصاویر نے جہاں ہزاروں پاکستانیوں اور انڈیز کو متاثر کیا تو وہیں بھارتی فلمساز مہیش بھٹ نے بھی ان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔ مہیش بھٹ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ انسانیت پر یقین پختہ ہو گیا! دنیا آپ کے عمل سے تبدیل ہوتی ہے، آپ کی رائے سے نہیں۔ مہیش بھٹ کے اس ٹویٹ کو بھی صارفین بہت پسند کرتے ہوئے اپنے کمنٹس دے رہے ہیں۔