لاہور(آئی این پی) وہاب ریاض کی دورہ ویسٹ انڈیز پر جاتے ہوئے کی گئی سنیپ چیٹ وائرل ہو گئی ۔ ائیر پورٹ پر فاسٹ باولر وہاب ریاض نے اپنے اسنیپ چیٹ اکاونٹ کیلئے ایک ویڈ یو بنائی جس میں انہوں نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے مختلف لمحات کو فلمایا ۔اس موقع پر وہاب ریاض نے محمد حفیظ سے کہا کہ حفیظ بھائی آپ قوم کو کیا پیغام دیں گے جس پر محمد حفیظ نے کہا کہ بس میں یہ ہی کہنا چاہتا ہوں خوش رہیں اور پاکستان کو سپورٹ کریں ۔اس پر وہاب ریاض نے معنی خیز انداز میں کہا کہ قوم کوئی اور پیغام چاہتی ہے جس پر ایک بار پھر محمد حفیظ نے یہ بات کی تو قریب کھڑے کامران اکمل بھی میدان میں آگئے اور انہوں نے محمد حفیظ سے کہا کہ اے رنگبازی ہو گئی ہن سدھی غل کر۔اس موقع پر وہاب ریاض نے قومی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ سے متعلق قومی ٹیم کے کھلاڑیو کی رائے مانگی تو عماد وسیم نے کہا کہ یہ بہت اچھا ڈاکٹر ہے ،کسی کام کا نہیں ہے ،اسے جو کام کہو الٹا کر دیتا ہے ،مجھے اس سے پیار ہے ۔محمد نواز نے کہا کہ فزیو تھراپسٹ بہت اچھا انسان ہے لیکن اسے کوئی چیز یا د نہیں رہتی ،تھوڑا سا لیٹ ہے ،یہ دو منٹ لیٹ ہے اور میں ڈیڑھ منٹ لیٹ ہوں ۔احمد شہزاد سے فزیو تھراپسٹ کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے ابھی انگلش زبان میں جواب دینا ہی شروع کیا تھا کہ شعیب ملک فوری طور پر پنجابی میں بولے کیڑا پراجیکٹ شروع کردتا اے ۔اس موقع کھلاڑیوں نے بے اختیار ہنسنا شروع کردیا اور آپس میں بہت اچھا وقت گزارا۔