کراچی(نیوزایجنسیاں)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح نے پاکستانی کرکٹرز کو ایک نیا حوصلہ اور اعتماد دیا ‘میری کوشش ہو گی کہ اس عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے‘کپتان بنا تو کھلاڑیوں سے صرف یہ کہا وہ جو کھیل ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں اسی بے خوفی اور اعتماد کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی کھیلیں‘ بابراعظم محمد حفیظ اور شعیب ملک کے بیٹنگ آرڈر کو چھیڑنا مناسب نہیں ‘اپنا بیٹنگ آرڈر اوپر کرنے کے حق میں نہیں ۔ اپنی رہائش گاہ پر غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں سرفراز احمد نے کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ اس عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح نے پاکستانی کرکٹرز کو ایک نیا حوصلہ اور اعتماد دیا ہے اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے اپنا قدرتی کھیل کھیلا ہے۔ سرفراز احمد کہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم پر بہت زیادہ تنقید ہوتی رہی ہے کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کرکٹ نہیں کھیل رہی جب وہ کپتان بنے تو انھوں نے اپنے تجرے کی بنیاد پر کھلاڑیوں سے صرف یہ بات کہی کہ وہ جو کھیل ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں اسی بے خوفی اور اعتماد کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی کھیلیں۔ نوجوان کرکٹرز نے اس پر عمل کیا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ سرفراز احمد اپنا بیٹنگ آرڈر اوپر کرنے کے حق میں نہیں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بابراعظم محمد حفیظ اور شعیب ملک کے بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں کیونکہ یہ تینوں اس وقت اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اگر انہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تو وہ فتوحات کا تسلسل جاری رکھنے کی پوری کوشش کرینگے۔ کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی کے اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح نے پاکستانی کرکٹرز کو ایک نیا حوصلہ اور اعتماد دیا ہے۔