لندن(نیوزایجنسیاں) پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل بحالی کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ وہ رواں برس ورلڈ الیون کو پاکستان کے دورے پر بھیجنا چاہتی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لندن میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے اختتام پر آئی سی سی نے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ رواں برس کے آخر میں ورلڈ الیون کو پاکستان بھیجنے پر غور کررہی ہے اور اس سلسلے میں کام جاری ہے۔ آئی سی سی کے بورڈ نے کہا کہ وہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے رواں برس پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کی حمایت کرتا ہے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یہ تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں ہوں گے اور ان میچز کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کا درجہ حاصل ہوگا جب کہ اس سلسلے میں مزید تفصیلات جلد منظر عام پر لائی جائیں گی۔خیال رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح کے بعد کوچ مکی آرتھر نے امید ظاہر کی تھی کہ اب ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی۔ واضح رہے کہ 2009ءمیں لاہور میں سری لنکن ٹیم بس حملے کے بعد صرف زمبابوے اور افغانستان کی ٹیموں نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے رواں برس مارچ میں لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی کامیاب میزبانی کی تھی جس میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی تھی۔