لاہور (آئی این پی) نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں قومی کرکٹرز کا ہائی پرفارمنس کیمپ جاری ہے۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ انہیں ذہنی طور پر بھی مضبوط بنایا جارہا ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ہائی پرفارمنس کیمپ جوائن کرلیا جہاں انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی ٹریننگ شروع کر دی۔ہائی پرفارمنس کیمپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری ہے جس میں نوجوان کرکٹرز صبح کا سیشن ایل سی سی اے گراونڈ میں کرتے ہیں ۔بدھ کی صبح ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے دوسرے کوچنگ اسٹاف کے ہمراہ ایل سی سی گراونڈ کے سیشن میں شرکت کی جس میں انہوں نے کرکٹرز کو لیکچر بھی دیا۔لیکچر میں مکی آرتھر کا فوکس فٹنس کو بہتر بنانے پر رہا۔ قومی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ نہ ہونے کی وجہ سے کوچنگ اسٹاف ہائی پرفارمنس کیمپ ہی کھلاڑیوں کو ٹریننگ دے گا۔اس کے علاوہ پاکستان ٹیم کے جو کھلاڑی اس وقت ملک میں ہیں وہ این سی اے میں ٹریننگ جاری رکھیں گے۔ زیادہ تر کھلاڑیوں کی بیرون ملک مصروفیت کے باعث پہلے ہی کیمپ نہ لگانے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔دوسری جانب پی سی بی کاکہناہے کہ پاکستان کرکٹ میں تیسری مرتبہ اتنا طویل کیمپ لگایا ہے۔2003 میں پاکستان کے عظیم کھلاڑیوں کی موجودگی میں کیمپ سے بہت فائدہ ہوا ،اس کیمپ سے بھی بہت زیادہ فائدہ ہوگا، اس سے قومی ٹیم کو اچھے کھلاڑی ملیں گے۔پی سی بی انتظامیہ کاکہناتھاکہ اس قسم کے کیمپ سے ایک دو لڑکے مل جاتے ہیں ،ایسے کیمپ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ اس کیمپ میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے فارمیٹ کے مطابق بھی ٹریننگ دی جارہی ہے ۔انجری کے شکار راحت علی کی بحالی پر بھی کام ہورہا ہے۔ کیمپ میں پانچ یا چھ ایسے فاسٹ بولرز ہیں جن کی اسپیڈ 140 کلومیٹرفی گھنٹہ سے زائد ہے لیکن پاکستان کی فاسٹ بالنگ کا ٹیلنٹ انڈر 16 اور انڈر 19 میں ہے جہاں دو تین اچھے بالرز ہیں ۔