فلموں سے وقفہ فیملی کےساتھ وقت گزارنے کےلئے لیا

نئی دہلی(شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ عائشہ ٹاکیہ نے کہا ہے کہ فلموں سے عارضی وقفہ فیملی کے ساتھ وقت گزارنے اور زندگی میں مختلف چیزوں کو انجوائے کرنے کے لئے لیا۔جمعہ کوبھارتی میڈیاکے مطابق اداکارہ عائشہ ٹاکیہ 4 سال کے بعد فلم ”بوری والی کی بروس لی‘سے فلمی دنیا میں واپس آئیں گی نے کہا ہے کہ انہوں نے فلموں سے عارضی وقفہ فیملی کے ساتھ وقت گزارنے اور زندگی میں مختلف چیزوں کو انجوائے کرنے کے لئے لیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب 4 سال کی تھیں تو وہ کیمرے کے سامنے آئیں ،میں نے ایک نارمل لڑکی کی طرح اور شہرت سے باہر کی زندگی نہیں گزاری اور پھر فلم ”وانٹڈ“ کے بعد لگا کہ مجھے اپنے متعلق سوچنے سمجھنے اور مختلف بزنس کرنے کے لئے اس سے باہر نکل نکلنے کی ضرورت ہے ۔

نیکی و بدی کی جنگ میں عورت کا کردار سب سے اہم

کراچی(شوبز ڈیسک) ٹی وی اداکارہ اور ماڈل سائرہ شہروز نے کہا کہ فلم چلے تھے ساتھ کے بعد فلم پراجیکٹ غازی اپنی نوعیت کی منفرد ٹیکنالوجی سے مرصع فلم ہے جس میں میرا کردار شائقین کو متاثر کریگا، فلموں میں اکثر خواتین کو کمزور دکھایا جاتا ہے لیکن اس میں پاور فل عورت نظر آئیگی۔ اس فلم میں نیکی و بدی کی جنگ میں عورت کا کردار سب سے اہم ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ملاقات میں کیا۔انکا کہنا تھا ماڈلنگ سے جو شہرت ملی اسے چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کرسکتی البتہ منتخب اداروں کو ترجیح دیتی ہوں۔ اپنی فلم کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ فلم میں ہمایوں سعید، شہر یار منور، طلعت حسین و دیگر فنکار میرے ساتھ ہیں ان سینئر فنکاروں سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اس میں کام کرکے جو لطف آیا اسے الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہوں۔

اداکاری کی نسبت گلوکاری زیادہ مشکل آرٹ ہے

لاہور(شوبز ڈیسک) پرائڈ آف پرفارمنس گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا ہے کہ اداکاری کی نسبت گلوکاری مشکل فن ہے ،موسےقی مےں اپنی آواز کا خصوصی خےال رکھنا پڑتا ہے اور ان تمام چےزوں سے پرہےز کرنا پڑتا ہے جس سے آواز پر اثرپڑتا ہو ۔ انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسےقی مےں مشاہدہ نہےں بلکہ رےاضت سب سے زےاد ہ ضروری ہے اور مےں روزانہ تےن گھنٹے موسےقی کی رےاضت کرتی ہوں ۔ شاہدہ منی نے کہا کہ مےں نے بے شمار فلموں مےں ہےروئن کے رول ادا کئے ،اداکاری بھی مشکل فن ہے مگر گلوکاری اس سے زےادہ مشکل آرٹ ہے اور پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ بھارت کی نسبت پاکستان مےں بڑے گلوکار پےدا ہوئے جنہوںنے اپنے فن کے ذرےعے دنےا بھر مےں اپنی اور پاکستان کی پہچان بنائی ۔
ان مےں سرفہرست ملکہ ترنم نور جہاں، مہندی حسن ، استاد نصرت فتح علی خاں ،رےشماں سمےت دےگر گلوکار شامل ہےں ۔ ان بڑے گلوکاروں نے دنےا بھر مےں اپنے فن کا لوہا منواےا اور مےں بھی اپنے سے سےنئر کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے دنےا بھر مےں پرفارم کرچکی ہوں اور جہاں خدا کی ذات نے مجھے بھرپور عزت سے نوازا ہے ۔

چمپئنز ٹرافی میں فتح کی خوشی میں بورڈ ملازمین کو وننگ بونس دینے کا فیصلہ

لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپیئنز ٹرافی میں فتح کی خوشی میں بورڈ ملازمین کو وننگ بونس دینے کا فیصلہ کرلیا ۔ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے چیمپیئنز ٹرافی کی فتح کی خوشی بورڈ ملازمین سے بھی بانٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایونٹ جیتنے پر بورڈ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے بھی انعامی رقم ملی ہے، جس کے بعد بورڈ ملازمین میں وننگ بونس دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بورڈ ملازمین میں وننگ بونس آئندہ 2 روز میں تقسیم کردیا جائے گا۔ 2015ءمیں دورہ زمبابوے کے بعد پہلی بار ملازمین میں وننگ بونس تقسیم کیا جارہا ہے۔

بیٹنگ کوچ فلاور کی گرانٹ ختم ہونیکا امکان

کراچی(اے این این) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کے معاہدے میں توسیع نہ ہونے کا امکان ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے قومی ٹیم کے سپورٹ سٹاف کی کارکردگی کو رواں ماہ زیر غور لایا جائے گا۔ گرانٹ فلاور گزشتہ ساڑھے تین سال سے گرین شرٹس کا حصہ ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ انہیں معاہدہ پورا ہونے پر فارغ کر دیا جائے گا کیونکہ وہ بیٹنگ لائن کو بہتر کرنے میں ناکام رہے۔2013 میں قومی ٹیم جوائن کرنے کے بعد انہیں ڈیو واٹمور، وقار یونس اور مکی آرتھر کے ساتھ کام کا موقع ملا تاہم قومی بیٹسمینوں کی پرفارمنس میں عدم تسلسل کی وجہ سے ان کی چھٹی کی جاسکتی ہے۔ امکان ہے کہ سپورٹ سٹاف سے صرف انہیں فارغ کیا جائے گا جبکہ فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن، بالنگ کوچ اظہر محمود، ٹرینر گرانٹ لیوڈن کو ورلڈ کپ 2019 تک برقرار رکھا جائے گا۔ ہارون رشید، مدثر نذر اور سبحان احمد پر مشتمل پی سی بی ریویو کمیٹی آئندہ چند دنوں میں کوچز کی پرفارمنس پر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔پی سی بی کے 29 جولائی کو ہونے والے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ سپورٹ اسٹاف کو برقرار رکھا جائے یا پھرفارغ کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر 24 جولائی کو لاہور پہنچیں گے کیونکہ اگست میں قومی کھلاڑیوں کا بوٹ کیمپ کاکول میں لگایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ریویو کمیٹی اور چیف سلیکٹر انضمام الحق اپنی تجاویز گورننگ بورڈ کو پیش کرنے سے قبل ہیڈ کوچ سے ملاقات کریں گے۔

میٹنگ میں قومی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔ کئی نوجوان پلیئرزکو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل اور ترقی دیئے جانے کا امکان ہے تاہم احمد شہزاد اور عمر اکمل کی تنزلی ہو گی۔

انضمام کو ایک کروڑ سے نوازنے پر سوالات اٹھ گئے

کراچی(نیوزایجنسیاں)لندن میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2017 میں پاکستان ٹیم کی کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کے ساتھ چیف سلیکٹر انضمام الحق کو بھی ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم دینے پر کرکٹ کے حلقوں میں سوالات جنم لینے لگے۔چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاو¿س میں منعقدہ تقریب کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق کو 1 کروڑ روپے کی انعامی دینے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ دیگر سلیکٹرز توصیف احمد، وسیم حیدر اور وجاہت اللہ واسطی کو دس دس لاکھ روپے کی انعامی رقم دینے کا اعلان کیا گیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ ٹیم کے چیف سلیکٹر کو اتنی بھاری انعامی رقم دینا ناقابل فہم ہے جبکہ اس کے مقابلے میں چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور دیگر کوچنگ اسٹاف کو 50 لاکھ کی انعامی رقم دی جارہی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ عدم مساوات رکھتے ہوئے دیگر سلیکٹرز کے لیے اتنی کم انعامی رقم کا اعلان کیوں کیا گیا؟پاکستان کے سابق کوچ اور سابق چیف سلیکٹر محسن حسن خان کا کہنا تھا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ جن کوچز نے انگلینڈ کا دورہ کیا اور ٹیم کے ساتھ محنت کی انہیں صرف 50 لاکھ کی انعامی رقم دی جارہی ہے جبکہ چیف سلیکٹر جنہوں نے انگلینڈ کا دورہ بھی نہیں کیا انہیں دگنی انعامی رقم دی جارہی ہے۔محسن حسن خان کا بھی یہی سوال تھا کہ کیا اس سے قبل کبھی ٹیم کی اچھی کارکردگی پر چیف سلیکٹر کو انعامی رقم دی گئی؟ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ رقم پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کی بہتری کے لیے بھی استعمال کی جاسکتی تھی۔اس پیش رفت سے آگاہ ذرائع کے مطابق ابتداءمیں وزیر اعظم ہاو¿س کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کھلاڑیوں کو ایک ایک کروڑ جبکہ کوچنگ عملے کو 50 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جانی تھی، بعد ازاں میڈیا مینیجر، سوشل میڈیا مینیجر، فزیو اور دیگر ٹیم اسٹاف کو دی جانے والی انعامی رقم کو کم کرکے سلیکٹرز کی انعامی رقم بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ بورڈ کے ایسے عہدیدار جو پاکستان ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں موجود تھے وہ اپنی انعامی رقم میں کمی پر خوش نہیں ہیں، تاہم وہ ابھی خاموش ہیں۔پاکستان ٹیم کے سابق کھلاڑیوں اور ماہرین کی جانب سے تنقید کی اصل وجہ چیف سلیکٹرز اور دیگر سلیکٹرز کی تنخواہوں میں واضح فرق بھی ہے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے 12 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لیتے ہیں جبکہ دیگر سلیکٹرز کو 3 لاکھ روہے ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے۔

سلمان بٹ کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن

لاہور( آن لائن ) سلمان بٹ کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔سابق کپتان اور اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا بھگتنے والے سلمان بٹ کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ سلمان بٹ کو سلیکٹرز کی جانب سے پی سی بی کے بوٹ کیمپ میں مدعو کر لیا گیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے بوٹ کیمپ اس وقت قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے جس میں 30 کے قریب کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

عاقب نے بھی شرجیل کے حق میں گواہی دیدی

لاہور(نیوزایجنسیاں) سپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سابق فاسٹ باو¿لر عاقب جاوید نے شرجیل خان کے حق میں گواہی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوپنر نے ڈاٹ گیندیں میرٹ پر کھیلیں ۔ جمعہ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اسپاٹ فکسنگ ٹریبونل نے شرجیل خان کیس کی سماعت کی اور سابق مایہ ناز فاسٹ باو¿لر عاقب جاوید نے بطور ایکسپرٹ پیش ہو کر شرجیل خان کی ڈاٹ گیندوں پر اپنی ماہرانہ رائے دیتے ہوئے انہیں بے قصور قرار دیا۔سابق کرکٹر اور لاہور قلندرز کے کوچ نے کہا کہ ان کی نظر میں شرجیل خان نے دونوں ڈاٹ بال میرٹ پر کھیلے ہیں۔ شرجیل خان پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف جان بوجھ کر ڈاٹ گیندیں کھیلیں۔ شرجیل خان نے اس میچ میں چار گیندوں پر ایک رن بنایا تھا اور ان میں سے دو گیندیں انہوں نے ڈاٹ کھیلی تھیں اور اور اگر شرجیل پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام ثابت ہو جاتا ہے کہ تو ان پر پانچ سال سے تاحیات پابندی کی سزا کا امکان ہے۔عاقب جاوید نے کہا کہ وہ کسی کے خلاف ثبوت لے کر نہیں گئے، اگر پی سی بی کی کہانی دیکھی جائے تو ڈاٹ بال کھیلنا پلان کا حصہ لگتا ہے لیکن ڈاٹ گیندیں کرکٹ کے کھیل کا حصہ ہیں۔شرجیل خان کے وکیل شیگان اعجاز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عاقب جاوید بطور ایکسپرٹ ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے اور انہوں نے کہا کہ شرجیل خان نے میرٹ پر دونوں ڈاٹ بال کھیلے.یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز اور سابق کرکٹر محمد یوسف بھی شرجیل خان کو بے قصور قرار دیتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے ڈاٹ گیندیں میرٹ پر کھیلیں۔

ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان، کیویزآج مدمقابل

برسٹول (اے پی پی) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں ایک دن آرام کے بعد (آج) ہفتہ کو دو میچ کھیلے جائینگے ۔ تفصیلات کے مطابق خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں میگا ایونٹ میں جمعہ کو آرام کا دن تھا۔ میگا ایونٹ میں (آج) ہفتہ کو دو میچ کھیلے جائینگے اور اس سلسلے میں پہلا میچ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا ۔گرین شرٹس اب تک میگا ایونٹ میں کھیلے گئے4میچزمیں سے کوئی بھی نہ جیت سکی۔میچ پاکستانی وقت دوپہر02:30 پر شروع ہوگا۔جبکہ دوسرا میچ بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا ۔ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 18 جولائی کو کھیلا جائیگا، دوسرا سیمی فائنل میچ 20 جولائی کو کھیلا جائیگا ‘ فائنل 23 جولائی کو کھیلا جائیگا۔

سٹارکرکٹریونس کاانعامی رقم عطیہ کرنے کافیصلہ

کراچی(اے این این)سابق کپتان یونس خان نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے ملنے والی 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم خیراتی اداروں میں تقسیم کرنے کا اعلان کردیا۔سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں یونس خان نے انعامی رقم اور صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی دینے کا اعلان کرنے پر وزیر اعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ یہ رقم ایدھی فانڈیشن، انڈس ہسپتال اور ٹی سی ایف میں برابر تقسیم کردیں گے۔ انہوں نے درخواست کی کہ انہیں ٹیکس کی کٹوتی کے بغیر یہ رقم ادا کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ہم وطنوں کو اس سے فائدہ پہنچایا جا سکے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے ایک ایک کروڑ روپے جبکہ یونس خان سمیت چار سینئر کھلاڑیوں انضمام الحق، مصباح الحق اور شاہد آفریدی کیلئے دس دس لاکھ روپے کی خصوصی انعامی رقم اور صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کا اعلان کیا تھا۔