”اگر عظمیٰ یا علیمہ خان بھی طلب کر لی جائیں تو پھر۔۔۔“

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے تمام سوالات کے جواب دئیے ،مریم نواز کے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے پر برا لگ رہا ہے ،اگر عظمیٰ یا علیمہ خان بھی اس طرح پیش ہوتیں تو اچھا نہ لگتا۔جے آئی ٹی کے سامنے مختصر پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاملات شفاف ہیں تاہم وضاحت دینا ضروری سمجھتا ہوں۔ کئی مرتبہ حکومت میں رہے ہمارے خلاف کرپشن کا ایک کیس بھی نہیں۔ان کا کہنا تھاکہ جے آئی ٹی میں میری ضرورت پیش نہیں آنی چاہیے تھی، تمام سوالوں کے جوابات دے دئیے، جو بھی معاملات ہیں وہ انہتائی شفاف ہیں، مشرف دور میں بھی بدنیتی کی بنیاد پر جھوٹے ریفرنس بنائے گئے، نواز شریف کا پاناما کے کسی پیپر میں نام نہیں، نام نہاد بیان حلفی ردی کے سوا کچھ نہیں۔پاناما کیس کی تفتیش کے لیے بنائی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی طلبی پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔وفاقی وزیر خزانہ کے ساتھ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی ان کے ساتھ جوڈیشل اکیڈمی پہنچے جنہوں نے اسحاق ڈار کی گاڑی بھی ڈرائیو کی۔اسحاق ڈار کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی بمشکل آدھے گھنٹے پر محیط تھی جس کے بعدباہر آکر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کے ذاتی کاروبار کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، پاناما پیپرز وزیراعظم نوازشریف کیخلاف سازش ہے، دنیا میں کہیں بھی ایسی عجیب وغریب پٹیشنز دائر نہیں ہوتیں۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے جو سوالات پوچھے ان کے جوابات دئیے ،مشرف دور میں جھوٹے اور بد نیتی پر مبنی ریفرنسز بنائے گئے۔ان کا کہنا تھاکہ عمر ان خان 1993میں میرے دفتر آتے اور میرے بیٹوں کے ساتھ بیٹھ کر میرا انتظار کرتے تھے تاکہ شوکت خانم کے لیے چندہ حاصل کر سکیں ،میں بھی اللہ نے راستے میں دیتا تھا ،کوئی احسان نہیں کرتا تھا لیکن جب پتہ چلا کہ عمران خان نے پیسہ جوئے میں لگا یا تو یہ سلسلہ بند کردیا۔

جھوٹ جھوٹ رہے گا اور سچ سچ

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) حسن نواز نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی نے مجھے تیسری بار بلایا ، حسین نواز کو چھٹی بار طلبی کا سمن جاری کیا گیا ہے اور مریم بی بی کو بھی طلب کیا گیا۔ پورے خاندان کو بلایا جا رہا ہے ، 85سالہ دادی وہیل چیئر پر ہیں انہیں بھی بلا لیں۔تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی میںتیسری پیشی کے بعد فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی اولاد کو بلا کر انہیں پر پریشر ڈالا جا رہا ہے۔ جھوٹ جھوٹ اور سچ سچ رہے گا۔ مسئلہ صرف یہ ہے کہ ملک کو ترقی نہیں کرنے دینی۔وزیر اعظم کے بیٹے کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے سوالوں کا جواب دیکر آیا ہوں۔23سال سے بیرون ملک مقیم ہوں اور 15 سال سے کاروبار کر رہا ہوں۔برطانیہ میں اپنے اثاثے اور ٹیکس کی تفصیلات جے آئی ٹی کو پیش کر دیں۔

خبردار اس ای میل کو ہرگز ڈاﺅن کوڈ مت کریں ورنہ

لاہور (خصوصی رپورٹ) بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے اہم وفاقی اداروں کے کمپیوٹر سسٹم کو مفلوج کرنے کی سازش کا انکشاف ہوا ہے۔ نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ حکومت پاکستان نے لیٹر نمبر 105/2003 کے ذریعے وفاقی محکموں کو ہدایت کی ہے کہ Invoices Posted Newly کے عنوان سے جعلی ای میل کے ذریعے اداروں کے کمپیوٹر کو مفلوج کرنے اور ڈیٹا چوری کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے لہٰذا اس عنوان سے آنے والی ای میل کو ڈاﺅن لوڈ نہ کیا جائے۔ پاکستان کے سرکاری اداروں کے کمپیوٹر سسٹم پر سائبر حملے امریکہ سے کئے جا رہے ہیں اور حملے کرنے والا سسٹم فرانس میں رجسٹرڈ ہے۔ یہ Malwareسسٹم کمپیوٹر کے سکیورٹی نظام کو مفلوج کر دیتا ہے۔ سرکاری اداروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کمپیوٹر کے مین سرور پر کوئی مشروک سائبر سرگرمیاں ظاہر ہوں تو فوری طور پر نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سکیورٹی کو اطلاع دی جائے۔ وفاقی محکموں میں استعمال ہونے والے کمپیوٹرز اور ان کے مین سرور پر این ٹی آئی ایس بی کے لیٹر کے مطابق جو کمپیوٹر اٹیچ منٹ ڈیٹا مقامی محکموں کے کمپیوٹرز سے چوری کرنے کیلئے استعمال کی جاتی ہے وہ 0.69707701490718243jar ہے جبکہ ہ Malware کی قسم Trojan(ٹروجن) ہے۔ جس ای میل سے یہ سائبر حملہ لانچ کیاجاتا ہے وہ com.Resevation@Kohkoodsunshine ہے۔ این ٹی آئی ایس بی نے تمام وفاقی محکموں کو مشورہ دیا ہے کہ بین الاقوامی ساکھ کے حامل اینٹی وائرس سافٹ ویئر سرکاری کمپیوٹرز میں انسٹال کئے جائیں۔ اسی طرح کمپیوٹر کی فائروال سسٹم جو اس کو کسی سائبر حملے سے بچانے میں مدد دیتا ہے اسے ریگولر بنیادوں پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔
سازش کا انکشاف

پاکستانی ٹرک ڈرائیور کی دبئی پولیس کو رشوت کی آفر ، پھر کیا ہوا ، دلچسپ خبر

دبئی(خصوصی رپورٹ) ہمارے ہاں پولیس سے جس کا بھی واسطہ پڑا ہے وہ چائے پانی کے محاورے سے بخوبی واقف ہو گا۔ رشوت خوری ہمارے معاشرے کی رگوں میں اس طرح رچ بس گئی ہے کہ جہاں رشوت لینے والے اسے اپنا حق سمجھنے لگ گئے ہیں وہیں رشوت دینے والوں نے بھی اسے اپنا فرض تسلیم کر لیا ہے اور تن من دھن سے اس فرض کی ادائیگی کر رہے ہیں، رشوت لینے والا ابھی ہچکچا رہا ہوتا ہے جبکہ رشوت دینے والا اسے اکسا رہا ہوتا ہے کہ ”رکھ لو جی! چائے پانی ہے۔“ پاکستانی یہیں نہیں، کسی اور ملک میں بھی جائیں تو اس غلط کاری سے باز نہیں آتے، شاید وہ نہیں جانتے کہ وہ پاکستان چھوڑنے کے ساتھ ہی پاکستان کے قوانین بھی یہیں رہ جاتے ہیں۔ ایسا ہی دبئی میں اس پاکستانی کے ساتھ ہوا۔33سالہ پاکستانی ڈرائیور اپنے پک اپ ٹرک میں سامان لادے جا رہا تھا کہ چیک پوائنٹ پرکسٹم ٹیکس سے بچنے کے لیے کسٹم اہلکار کو 50درہم بطور چائے پانی پیش کر دیئے۔ لیکن اس اہلکار نے رشوت کی رقم کے ساتھ ساتھ اس پاکستانی کو بھی پکڑ لیا اور اپنے سپروائزر کے پاس لیجا کر سارا واقعہ سنا دیا جس پر اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہوجانے پر اس شخص کو 3ماہ قید کی سزا سنا دی ہے اور قید کی سزا بھگتنے کے بعد اسے ملک بدر کر دیا جائے گا۔

پالتو بلے کی ہلاکت کے بعد کتے کو جیون ساتھی بنانے والی خاتون

ایمسٹرڈیم (نیٹ نیوز) ہالینڈ کی ایک خاتون جس نے اپنے پالتو بلے شادی کر رکھی تھی‘ اس کی ہلاکت کے بعد اپنے پالتو کتے سے شادی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈومینک لزبریل نامی خاتون نے 8سال قبل اپنے بلے سے شادی کی تھی جو گزشتہ دنوں گردے فیل ہونے کے باعث ہلاک ہو گیا تھا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ڈوریک (اس کے بلے کا نام) کی موت میرے لیے بہت المناک تھی، میں نے اسے 3سال کی عمر میں اپنایا اور جب وہ 11سال کا ہوا تو اس سے شادی کی تھی۔ میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میں نے اپنی زندگی کے 16سال ڈوریک کے ساتھ گزارے ہیں۔ اب میں نے ٹریوس (اس کے کتے کا نام) سے شادی کا فیصلہ کیا ہے۔ آپ کو شاید یہ بات عجیب لگے لیکن میں ٹریوس سے اتنی جلدی شادی نہیں کروں گی کیونکہ ابھی ڈوریک کو مرے ہوئے دن ہی کتنے ہوئے ہیں۔ اگر میں ابھی سے ٹریوس سے شادی کر لیتی ہوں تو یہ ڈوریک سے بے وفائی ہو گی۔ ڈومینک نے 2003 ءمیں اپنی ایک ویب سائٹ Marryyourpet.com بنائی تھی اور بلے کے ساتھ اپنی شادی کا اعلان اور تقریب کا اہتمام اسی ویب سائٹ کے ذریعے کیا تھا۔ اس بار بھی ڈومینک کا کہنا ہے کہ وہ ٹریوس سے اپنی شادی بھی اسی ویب سائٹ کے ذریعے کرے گی تاکہ دنیا بھرسے لوگ ان کی شادی میں شریک ہو سکیں۔

”ربڑکا بنا ہوا آدمی “دیکھنے والے حیرت زدہ

نئی دہلی (نیٹ نیوز) آپ نے جمناسٹک کے ایک سے بڑھ کر ایک کرتب دیکھے ہونگے لیکن بھارتی ریاست مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے نوجوان چراغ کرشنا کمار کے جسم کی ناقابل یقین لچک دیکھ کر آپ بھی یہ سوچنے پر مجبور ہو جائیں گے کہ اس کے جسم میں ہڈیا ں ہیں بھی یا نہیں۔ حال ہی میں اس نوجوان کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں یہ اپنے باقی جسم کو ساکت رکھتے ہوئے اپنے پیٹ کو گردش دینے کا حیرت ناک مظاہرہ کرتا ہے۔ اسی طرح یہ اپنے سر کو پیچھے کی جانب اتنا گھما لیتا ہے کہ اس کی ناک ریڑھ کی ہڈی کی سیدھ میں آجاتی ہے۔ یہی حال اس کے جسم کے باقی اعضاءکا بھی ہے جنہیں یہ ربڑ کے کھلونے کی طرح جس سمت میں اور جتنا چاہے موڑ لیتا ہے۔