دنیا کی سیاست میں اثر ورسوخ رکھنے والے 5داماد

لندن (خصوصی رپورٹ)نوازشریف کی بیٹی مریم نواز کے شوہر صفدر اعوان ان”داماد ہائے اول“ میں سے ایک ہیں جن کا اثرورسوخ مقامی اور عالمی سیاست پر وقتاً فوقتاً نظر آتا ہے۔ وزیراعظم کے داما صفدر اعوان فوج میں کیپٹن رہ چکے ہیں اور 2008ءسے قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔ ان کا تعلق مانسہرہ کے ایک متوسط گھرانے سے ہے۔ 1992ءمیں جب نوازشریف وزیراعظم تھے تو کیپٹن صفدراعوان ان کی اے ڈی سی تھے اور اسی دوران ان کی ملاقات مریم نواز سے ہوئی اس کے بعد ان کی شادی ہوگئی اور انہوں نے فوج سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ جیرڈکشنر امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کے شوہر ہیں۔ ایوانکا ٹرمپ سے ان کی ملاقات 2005ءمیں ہوئی، 2009ءمیں دونوں نے شادی کرلی۔ جیرڈکشنر یہودی ہیں اور شادی سے پہلے ایوانکا ٹرمپ نے یہودی مذہب قبول کرلیا۔ وہ جائیداد کا کاروبار کرنے والے چارلز کشنر کے بڑے بیٹے ہیں اور کشنر کمنیز کے سی ای او تھے۔ ٹرمپ کے صدر بننے بعد انہیں وائٹ ہاﺅس کا ایک سینئر مشیر بنادیاگیا جس کے بعد انہوں نے سی ای او کی نوکری چھوڑ دی۔ کیریل شامالوف روسی صدر ولادمیرپوٹن کی چھوٹی بیٹی کیٹرینا ٹخونووا کے شوہر ہیں۔ وہ روسیابنک کے شریک مالک نکولائے شامالوف کے چھوٹے بیٹے ہیں اور روسی گیس اور پیٹروکیمیکل کمپنی سیبور ہولڈنگ کے نائب صدر رہ چکے ہیں۔ 2014ءمیں وہ اس عہدے سے الگ ہوگئے تھے تاہم وہ اس کمپنی کے دوسرے بڑے شیئر ہولڈر ہیں۔ صدر پوتن کی بیٹی سے ان کی شادی 2013ءمیں ہوئی جس کے بعد سے انہوں نے غیر معمولی ترقی کی ہے اور اب وہ صدر پوٹن کے گرد ارب پتیوں کے ایک خصوصی حلقے کا حصہ ہیں۔ بیرات البیرک ترکی کے صدر جب طیب اردوان کے داماد ہیں۔وہ ترک کمپنی سیلک ہولڈنگ کے سی ای اورہ چکے ہیں۔ 2014ءمیں ان کی شادی صدر اردوان کی بیٹی ایسرا اردوان سے ہوئی۔ 2015ءمیں وہ ترک پارلیمان کے لیے منتخب ہوئے اور اس وقت ترکی کے وزیر برائے توانائی اور قدرتی وسائل ہیں سمبا چکورے زمبابوے کے صدر ابرٹ موگابے کی بیٹی بونا موگابے کے شوہر ہیں ، جن کے ساتھ ان کی شادی 2014ءمیں ہوئی۔ انہیں 2016ءمیں زمبابوے کی سرکاری ائیرلائن ،ائیرزمبابوے کا چیف آپریٹنگ افسرنامزد کیاگیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی برآمد پر توجہ مرکوز ”طاقتور“توانائی پالیسی کا آغاز کر دیا

واشنگٹن (آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برآمد پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے “طاقتور” توانائی کی پالیسی کا آغاز کر دیا، انہوں نے اس پالیسی کو “گولڈن ایرا” کا نام دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اس پالیسی سے تیل کی ایٹمی توانائی کے شعبے کی بحالی اور انرجی برآمدات پر پابندیاں کم ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکن انرجی کو پوری دنیا میں ایکسپورٹ کریں گے جبکہ ایل این جی ایشیا اور کول یوکرائن کو دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم توانائی، بنیادی ڈھانچے اور کاریگری کے مسائل پر زور دے رہے ہیں۔

ریمنڈ ڈیوس کے انکشافات میرے مﺅقف کی تائید، وہ کیا جو اسلام آباد نے حکم دیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے ریمنڈ ڈیوس کے انکشافات پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کتاب میں کئے گئے انکشافات میرے مﺅقف کی تائید ہیں، میں نے ہمیشہ پاک امریکا تعلقات پر اسلام آباد کی پالیسی پر عمل کیا۔ ریمنڈ ڈیوس کی کتاب میں کئے جانے والے انکشافات پرامریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ ریمنڈڈیوس کا بیان میرے دیرینہ موقف کی تصدیق کرتا ہے جو بطور سفیر میں نے اپنا یاتھا۔ اس وقت بنیادی مسائل کو سمجھنے کا وقت آگیا ہے۔ میں نے ہمیشہ پاک امریکا تعلقات پر اسلام آباد کی پالیسی پر عمل کیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ میرے خلاف بدنیتی پرمبنی پروپیگنڈا بند کیا جائے۔

”ملکی سیاسی بھونچال “ن لیگ کا منصوبہ سامنے آگیا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)باخبر ذرائع سے معلوم ہواہے کہ مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت نے جولائی اگست کے دوران بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس بارے میں فیصلہ نہیں ہوا کہ سیاسی قوت کا مظاہرہ سپریم کورٹ کی قائم کردہ جے آئی ٹی کی رپورٹ جمع کرانے یا سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے موقع پر کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگی کارکنوں کو سٹینڈ بائی کی پوزیشن پر رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ تمام اضلاع میں مسلم لیگی تنظیموں کو آگاہ کردیا گیا ہے کسی وقت بھی ضرورت پڑنے پر انہیں سیاسی قوت کامظاہرہ کرنے کی کال دی جا سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف جولائی اور اگست میں ملک گیر طوفانی دورہ کریں گے۔ بڑے بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے اپوزیشن کی بعض جماعتوں کی جانب سے سڑکوں پر نکلنے کی کال کا نوٹس لیا ہے اور ان کا سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی ہسپتال میں مسلح شخص کی فائرنگ ، کئی افراد زخمی

نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک)برونکس کے ہسپتال میں فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ درجنوں ڈاکٹرز اور نرسز ہسپتال کے اندر محصور ہو گئے پولیس نے عمارت کو گھیرے میں لے لیا۔امریکی میڈیا کے مطابق برونکس کے ہسپتال میں ایک سیاہ فام شخص ڈاکٹروں کے سفید کوٹ میں گھس گیا اور اس نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی،فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ۔ پولیس نے ہسپتال کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ مسلح شخص کو قابو کرنے کےلئے فضائیہ کی مدد بھی طلب کر لی گئی ہے تاحال اس واقعے کی تفصیلات منظر عام پر نہیں آسکیں۔

ایرانی عہدیدار کی داعشی خلیفہ البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق

تہران(این این آئی) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایک مقرب عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم ’داعش‘ کے سربراہ ابو بکرالبغدادی ہلاک ہوچکے ہیں۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بیرون ملک سرگرم ایرانی ملیشیا کے ایک سینیر عہدیدار اور سپریم لیڈر کے مقرب علی شیرازی نے بتایا کہ بالیقین دہشت گرد البغدادی ہلاک ہوچکا ہے تاہم انہوں نے البغدادی کی ہلاکت کے حوالے سے اپنے دعوے کی مزید تفصیل بیان نہیں کی۔خیال رہے کہ حالیہ ایام میں البغدادی کی ہلاکت کی متضاد اطلاعات آتی رہی ہیں۔ روسی حکام نے بھی البغدادی کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے تاہم داعش کے خلاف امریکا کی قیادت میں قائم عالمی اتحاد کا کہنا ہے کہ اس کے پاس البغدادی کے زندہ یا مردہ ہونے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں۔امریکی وزارت دفاع’پینٹاگون‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ’ہم یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ آیا البغدادی مارا گیا ہے یا زندہ ہے۔ تاہم اگر وہ زندہ بھی ہے تب بھی وہ موجودہ جنگ میں زیادہ موثر نہیں رہا ہے۔ البغدادی اس وقت موصل یاالرقہ میں ہوسکتا ہے۔روسی خبر رساں ادارے نے روسی حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ البغدادی کی موت 100 فی صد یقینی ہے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ البغدادی کئی ماہ سے منظرعام سے غائب ہے، جو اس بات کا ثبوت کے اسے ہلاک کردیا گیا ہے۔

ہم فرقوں سے بالا تر ، دہشتگردی میں غیر ملکی ہاتھ ہے

پاراچنار،راولپنڈی (نمائندگان خبریں) آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے پارا چنارکی سکیورٹی سے متعلق مطالبات فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز پارا چنار کا دورہ کیا جہاں پر بریفنگ لینے کے بعد انھوں نے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی۔آئی ایس پی آر نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ بری فوج کے سربراہ پارہ چنار جائیں گے تاہم موسم کی خرابی کی وجہ سے ان کا یہ دورہ جمعہ کو ہی ممکن ہوسکا۔اس دورے کے بارے میں صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پارہ چنار کے متاثرین نے آرمی چیف سے ملاقات میں کچھ سیاسی اور کچھ سکیورٹی سے متعلق مطالبات پیش کیے۔ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے سکیورٹی سے متعلق خدشات کا فوری سدباب کرنے کو کہا ہے اور اس سلسلے میں پارہ چنار میں سیف سٹی منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر جگہ کی سکیورٹی ہمارے لیے اہم اور برابر ہے اور ‘پارہ چنار کو محفوظ بنانے کے لیے فوج کے اضافی دستے یہاں پہنچ رہے ہیں۔ میجر جنرل آصف غفورکا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی فرقے سے بالاتر صرف پاکستانی اور مسلمان ہیں اور انتہاپسندی کو متحد ہوکر شکست دیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ آرمی چیف نے اضافی دستوں اور سیف سٹی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے سکیورٹی صورتحال مزید بہتر کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں، پوری افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کردیا ہے، باڑ لگانے کا عمل دومرحلوں میں مکمل کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں حساس سرحدی مقامات پرباڑ لگائی جائے گی جب کہ دوسرے مرحلے میں باقی ماندہ سرحد پر باڑ لگائی جائے گی۔دوسری جانب پارہ چنار میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قبائلی عمائدین نے ملاقات کی، اس موقع پر عمائدین نے مقامی لوگوں کی جانب سے پاک فوج اور اس کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے کہا کہ ہم صرف پاکستانی اور مسلمان ہیں، ہمارا خون پاکستان کے لئے ہے،ہم بہادر افواج کے کردار اور مشکلات کو سمجھتے ہیں اور ہم بہادر افواج کے کردار اور مشکلات کو سمجھتے ہیں۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے ملک سے فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کو درپیشن چلنجز اور پاک فوج کی قربانیوں سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ عمائدین اور پارا چنار کے عوام فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ جو عناصر فرقہ واریت پھیلا کر لڑانے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں وہ ناکام ہونگے۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے پاکستان کے لئے اپنا لہو قربان کرنے کا عزم بھی کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر مقامی قبائلی عمائدین نے دھرنا ختم کرنے سے متعلق اپنے مطالبات بھی پیش کئے، جس پر آرمی چیف نے علاقے کی سکیورٹی سے متعلق مطالبات فوری طور پر عمل کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پارا چنار میں بازار میں عین اس وقت یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے ہوئے تھے جب لوگوں کی بڑی تعداد عید کی خریداری میںمصروف تھی، دھماکے کے بعد متاثرین اور مقامی عمائدین نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے دیا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے پارا چنار میں قبائلی عمائدین سے ملاقات کی ہے۔ جس میں عمائدین نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے تاہم دھرنے والوں کی سیاسی اور سکیورٹی مطالبات ہیں اور آرمی چیف نے سکیورٹی مطالبات پر ہدایات جاری کر دی ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پارا چنار کو سیف سٹی بنانے کیلئے پاک فوج کے تازہ دم دستے پہنچ رہے ہیں۔ آرمی چیف نے اضافی دستے اور سیف سٹی منصوبے کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ افغان سرحد پر 2 مرحلوں میں باڑ لگائی جائے گی، پہلے مرحلے میں حساس سرحدی مقامات پر باڑ لگائی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں باقی ماندہ سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات میں قبائلی عمائدین نے کہا ہے کہ ہم صرف پاکستانی اور مسلمان ہیں اور ہمارا خون ملک کیلئے ہے۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ دشمن ہمارے عزم کو کمزور کرنے اور ہمیں تقسیم کرنے میں ناکام رہیں گے ،دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں دشمن غیرملکی ہاتھوں کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں مقامی سہولت کاروں اور مددگاروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیا جائے گا، بحیثیت قوم ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ہم ہر صورت میں کامیاب ہونگے ،عوام کے تعاون کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتے ،سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کرکے لاہور اور اسلام آباد کی طرح پارا چنارکو محفوظ شہر بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے گی، ایف سی خیبر پختونخوا پیشہ ور فورس ہے جس میں تمام قبائل اور مسلک کے لوگ شامل ہیں،دھماکے کے بعد ہجوم پر ایف سی کی مبینہ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، ذمہ داران کو معاف نہیں کیا جائے گا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارا چنار کرم ایجنسی کا دورہ کیا۔آرمی چیف کو سیکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات پربریفنگ دی گئی،جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقامی قبائلی عمائدین اور دھرنے میں بیٹھے افراد کے نمائندوں سے ملاقات کی ، آرمی چیف نے شہداءکے ایصال ثواب کے لئے دعا کی اور قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ جب پارہ چنار میں دھماکہ ہوا وہ اس وقت بیرون ملک تھے اور واپسی پر خراب موسم کی وجہ سے پارہ چنار کا دورہ کرنے میں تاخیر ہوئی ۔ دریں اثناءکور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی پارا چنار میں موجود تھے جنہوں نے آرمی چیف کی ہدایت کے مطابق متاثرین اور متاثرہ خاندانوں کی دیکھ بھال کے لئے اقدامات کیے ۔

وزیراعظم اور انکی ٹیم مریم نواز کی طلبی پر پریشان، ہنگامہ کرنے کے لیے صلاح مشورے شروع

اسلام آباد (آن لائن) حکومت کے انتہائی معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور انکی پوری ٹیم محترمہ مریم نواز کی جے آئی ٹی پیشی پر بہت پریشان ہیں اور انہیں یقین ہو گیا ہے کہ پارٹی قیادت کے لیے ایک بھی فرد کا بچنا مشکل ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کے اجلاس کے موقع پر حکومت ہلہ گلہ کر کے سبوتاژ کرنے کی روش اختیار کرے تاہم اس سلسلہ میں حکومت کے اپنے رفقا کے ساتھ مشورے جاری ہیں ۔حکومت چونکہ شہادت چاہتی ہے اور وہ انتہائی سنجیدگی کے ساتھ سوچ بچار کر رہی ہے کہ مریم نواز کے ؛پیشی سے قبل ہی کوئی ہنگامہ برپا کر دے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ابھی تک کسی حتمی لحہ عمل تک نہیں پہنچ سکی ہے تاہم ابھی پہلو کو ہر مشاورتی اجلاس میں ایجنڈے کے فرسٹ پر رکھا جا رہا ہے۔

انتظامی ڈاکٹروں کے ساتھ سالوں سے من پسند ملازمین تعینات تنخوائیں ہسپتال کے ذمے

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹرسے)شیخ زید ہسپتال لاہور میں ڈیلی ویجز ملازمین کی بھرتیوں سے حکومتی خزانے کو ماہانہ لاکھوں روپے کا ٹیکہ لگایا جارہا ہے جبکہ عرصہ دراز سے دیگر ملازمین انتظامی ڈاکٹروں اور پروفییسرز کے ساتھ ہیں ان کو تنخوائیں ہسپتال دے رہا ہے۔

لاہوریئے ترس گئے ،مگر کس لیے ؟؟

لاہور (خصوصی رپورٹ)شہر بھر کی مارکیٹوں میں سرکاری نرخ نامے غائب، دکانداروں کی من مانیاں، سبزیوں و پھلوں کے نرخ آسمان کو چھونے لگے۔ عیدگزرنے کے دو روز بعد بھی سرکاری نرخ نامے دکانداروں کو نہ پہنچائے جاسکے جس کے پیش نظر دکانداروں نے شہریوں کو مہنگے دام سبزیاں و پھل سمیت دیگر اشیاءفروخت کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ لاہور کی مختلف مارکیٹوں میں بینگن 40روپے، گوبھی 60، کالی توری 40، کریلے 80، ٹماٹر 40، گھیا 40، شملہ مرچ 80، آلو 40، جبکہ پھلوں میں آم 150، آلو بخارا 200، خوبانی 200، آڑو 150، سیب 300، انکور200 روپے فی کلو فروخت کیا گیا، دکانداروں نے بتایا کہ سرکاری طور پر نرخ نامہ موصول نہیں ہوا۔ دوسری جانب مرغی کا گوشت 250 سے 280 روپے فی کلو فروخت کیا گیا۔شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ اتنے اونچے ادا سے فروخت جاری ہے لیکن کسی بھی حکومتی ادارے یا نمائندے نے نوٹس نہیں لیا۔