تازہ تر ین

ہرسوٹزم

ڈاکٹر نوشین عمران
خواتین کے چہرے اور جسم پر مردوں کی طرح بال نہیں ہوتے البتہ بعض وجوہات کی بنا پر جسم اور خاص کر چہرے پر موٹے یا سخت بال نکل آتے ہیں۔ یقیناً ایسی خواتین کو معاشرے کے منفی رویے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خواتین کے چہرے اور جسم پر مردوں جیسے بال نکل آنے کو طبی اصطلاح میں ”ہرسوٹزم“ کہا جاتا ہے۔
زیادہ تر خواتین اس مسئلے کے حل کے لئے بیوٹی پارلر یا لیزر سنٹر کا سہارا لیتی ہیں تاکہ ان سے وقتی یا ہمیشہ کے لئے نجات حاصل کی جا سکے۔ لیکن اس کی وجہ جاننے کی کوشش نہیں کرتیں۔ ہرسوٹزم خود کوئی الگ بیماری نہیں بلکہ ایک علامت ہے جو بتاتی ہے کہ خواتین کے جسم میں ہارمونز کا توازن خراب ہو رہا ہے۔ خواتین میں بلوغت کے بعد خاص ہارمونز بنتے اور اپنا کام کرتے ہیں۔ ”اینڈروجن“، ”ٹیسٹوسٹیرون“ ہارمون مردوں میں زیادہ بنتا ہے اور خواتین میں معمولی مقدار میں بنتا ہے۔ اگر خواتین میں اس کی مقدار زیادہ ہو جائے تو جسم چہرے پر زیادہ بال نکل آتے ہیں۔ سر کے بال گرنے لگتے ہیں، آواز موٹی ہو جاتی ہے، وزن بڑھ جاتا ہے۔ ہارمون زیادہ ہونے کی ایک وجہ ”پولی سسٹک اووری سنڈروم“ PCOS ہے جس میں کے اندر خرابی ہو جاتی ہے دوسری وجہ جسم میں ”کارٹیزول“ ہارمون کی زیادتی ہے۔ تیسری وجہ ایڈرینل گلینڈ میں خرابی یا رسولی ہے ایک وجہ موروثی یا خاندانی اثرات بھی ہیں جس باعث خاندان کی سبھی خواتین میں یہ مسئلہ ہوتا ہے البتہ کسی میں کم اور کسی میں زیادہ ہو سکتا ہے۔ بعض خطوں اور علاقوں میں یہ مسئلہ قدرے زیادہ ہوتا ہے جیسا کہ مشرق وسطی، جنوبی ایشیا وغیرہ۔ فارم والا چکن یا گوشت کھانے سے یہ مسئلہ بڑھ جاتا ہے جس میں جانوروں کو بھی افزائش کے دوران ہارمون کے انجکشن دئیے گئے ہوں۔ بعض اوقات کچھ ادویات کے زیادہ استعمال سے بھی ہارمونز کا توازن خراب ہو جاتا ہے۔ اور بعض اوقات کسی خاص وجہ کے بغیر بھی ایسا ہونا ممکن ہے۔
آج کل جوان بچیوں میں چہرے پر بال نکلنے کا مسئلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اس کی بڑی وجہ خوراک کا عدم توازن اور غیر معیاری خوراک ہے۔ سب سے بڑی وجہ چکن کا زیادہ استعمال ہے۔ چکن کو جلد بڑا اور فربہ کرنے کے لئے انہیں ہارمون یا سٹیرائڈ والی خوراک دی جاتی ہے جس کے باعث ان کے گوشت میں بھی اس کا اثر شامل ہو جاتا ہے۔ آج کل لوگ چکن زیادہ کھانا یا روزانہ چکن کھانے کو عادت بنا لیتے ہیں۔ جس کے باعث لڑکیوں میں اووری میں پی سی او ایس کا مرض اور ہرسوٹزم بڑھ رہا ہے۔
اس باعث ہرسوٹزم کے ساتھ گنجا پن، کیل مہاسے، زیادہ وزن۔ ایام کی خرابی جیسے مسائل بھی ہو سکتے ہیں۔ اگر خواتین خاص کر نوجوان لڑکیوں میں اچانک یہ علامات ہونے لگیں تو صرف بال صاف کروا دینا ہی مسئلے کا حل نہیں بلکہ فوری ڈاکٹر سے رابطہ کریں تاکہ اصل مرض کی جلد ا ز جلد تشخیص ہو سکے۔ خون کے ٹیسٹ کے ذریعے ہارمونز کی مقدار کا پتہ چل سکتا ہے جبکہ الٹراساﺅنڈ کے ذریعے اندرونی اعضا کا چیک اپ ہو سکتا ہے۔ خوراک میں روزانہ چکن کھانے کی بجائے گوشت اور مچھلی شامل کریں سبزیاں اور دالیں زیادہ لیں۔
٭٭٭


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain